کتاب 73: كتاب الأضاحي
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5545
محمد بن بشار نے ہمیں بتایا کہ غندر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زبید ایامی سے، زبید نے شعبی سے، شعبی نے حضرت براء (بن عازب) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا کہ ہم اپنے اس دن میں پہلا کام جو شروع کرتے ہیں یہ ہے کہ ہم نماز پڑھتے ہیں پھر وہاں سے لَوٹ کر قربانی کرتے ہیں جس نے ایسا کیا تو اس نے ہمارے طریقہ کے مطابق عمل کیا اور جس نے پہلے ذبح کیا تو وہ صرف گوشت ہی ہے جو اس نے اپنے گھر والوں کے لئے پہلے کیا ہے عبادت سے اسے کچھ تعلق نہیں۔ اس پر حضرت ابوبردہ بن نیارؓ کھڑے ہوئے اور وہ ذبح کر چکے تھے، کہنے لگے: میرے پاس ایک سال کا بکری کا بچہ ہے۔ آپؐ نے فرمایا: اسی کو ذبح کر لو اور تمہارے بعد کسی کی طرف سے ایسا پلوٹھا قربانی کے قائمقام نہیں ہو گا۔ مطرف نے عامر سے نقل کیا۔ عامر نے حضرت براءؓ سے کہ نبی ﷺ نے فرمایا: جس نے نماز کے بعد ذبح کیا تو اس کی قربانی پوری ہوئی اور اس نے مسلمانوں کے طریقہ پر عمل کیا۔
صحیح بخاری 5546
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ اسماعیل (بن علیہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب (سختیانی) سے، ایوب نے محمد (بن سیرین) سے، انہوں نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: جس نے نماز سے پہلے ذبح کیا تو اس نے صرف اپنے لئے ذبح کیا اور جس نے نماز کے بعد ذبح کیا تو اس کی قربانی پوری ہوئی اور اس نے مسلمانوں کے طریقے پر عمل کیا۔
صحیح بخاری 5547
معاذ بن فضالہ نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام (دستوائی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ (بن ابی کثیر) سے، یحيٰ نے بعجہ (بن عبداللہ) جہنی سے، بعجہ نے حضرت عقبہ بن عامر جہنی ؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے اپنے صحابہ کے درمیان کچھ قربانی کے جانور تقسیم کئے اور حضرت عقبہ ؓ کو ایک کم عمر بکروٹا ملا۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ ! کم عمر بکروٹا ملا ہے؟ آپؐ نے فرمایا: اسی کی قربانی کر لو۔
صحیح بخاری 5548
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبدالرحمٰن بن قاسم سے، عبدالرحمٰن نے اپنے باپ قاسم (بن محمد) سے، قاسم نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ نبی ﷺ ان کے پاس سرف (مقام) میں آئے اور انہیں مکہ میں داخل ہونے سے پہلے ہی حیض آ گیا تھا اور وہ رو رہی تھیں۔ آپؐ نے پوچھا: تمہیں کیا ہوا ہے؟ کیا تمہیں حیض آ گیا؟ انہوں نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: یہ ایک ایسا امر ہے جس کو اللہ نے آدم کی بیٹیوں کے لئے مقدر کر دیا ہے۔ اس لئے جو کام حج کرنے والے کرتے ہیں وہ تم کرو مگر بیت اللہ کا طواف نہ کرو۔ جب ہم منیٰ میں پہنچے تو میرے پاس گائے کا گوشت لایا گیا۔ میں نے پوچھا: یہ کیا ہے؟ لوگوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے اپنی ازواج کی طرف سے گائے کی قربانی کی ہے۔
صحیح بخاری 5549
صدقہ (بن فضل) نے ہم سے بیان کیا کہ (اسماعیل) بن علیہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب (سختیانی) سے، ایوب نے ابن سیرین سے، انہوں نے حضرت انس بن مالکؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے قربانی کے دن فرمایا: جس نے نماز سے پہلے ذبح کیا ہو وہ پھر ذبح کرے۔ یہ سن کر ایک شخص کھڑا ہوا اور کہنے لگا: یا رسول اللہ! یہ ایسا دن ہے کہ اس میں گوشت کی خواہش کی جاتی ہے اور اس نے اپنے ہمسایوں کا ذکر کیا اور) کہا کہ (میرے پاس ایک سال کا بکری کا بچہ ہے جو گوشت کی دو بکریوں سے بہتر ہے تو آپؐ نے اس کو اجازت دی۔ میں نہیں جانتا کیا یہ اجازت اس کے سوا اور کو بھی ہے یا نہیں۔ پھر نبی ﷺ نے (نماز سے) لَوٹ کر دو مینڈھے لئے اور ان کو ذبح کیا اور لوگ بھی اپنی بکریوں کی طرف گئے اور ان کو بانٹ لیا یا کہا اُن کے حصے کر لیے۔
صحیح بخاری 5550
محمد بن سلام نے ہمیں بتایا کہ عبدالوہاب نے ہم سے بیان کیا کہ ایوب (سختیانی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے محمد (بن سیرین) سے، محمد نے (عبدالرحمٰن) بن ابی بکرہ سے، عبدالرحمٰن نے حضرت ابوبکرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوبکرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: زمانہ پھر چکر کھا کر ہو بہو اسی حالت میں آگیا ہے کہ جس حالت پر وہ اس دن تھا جس دن اللہ نے آسمانوں اور زمین کو پیدا کیا۔ سال بارہ مہینے کا ہوتا ہے۔ ان میں سے چار مہینے حرمت والے ہیں۔ تین لگاتار۔ ذوالقعدہ، ذوالحجہ اور محرم اور ایک مضر کا رجب جو جمادی اور شعبان کے درمیان ہے۔ یہ کون سا مہینہ ہے؟ ہم نے کہا: اللہ اور اس کا رسولؐ بہتر جانتے ہیں۔ آپؐ خاموش ہوگئے یہاں تک کہ ہم سمجھے کہ آپؐ اس کا کوئی اور نام رکھیں گے۔ آپؐ نے فرمایا: کیا یہ ذوالحج نہیں؟ ہم نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا کہ یہ کون سا شہر ہے؟ ہم نے کہا: اللہ اور اس کا رسولؐ بہتر جانتے ہیں۔ آپؐ خاموش ہورہے یہاں تک کہ ہم سمجھے کہ آپؐ اس کا کوئی اور نام رکھیں گے۔ آپؐ نے فرمایا: کیا یہ وہی شہر نہیں؟ ہم نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: یہ کون سا دن ہے؟ ہم نے کہا: اللہ اور اس کا رسول بہتر جانتے ہیں۔ یہ سن کر آپؐ خاموش ہوگئے یہاں تک کہ ہم سمجھے کہ آپؐ اس کا کوئی اور نام رکھیں گے۔ آپؐ نے فرمایا: کیا یہ قربانی کا دن نہیں؟ ہم نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: دیکھو کہ تمہارے خون اور تمہارے مال، محمد (بن سیرین) کہتے تھے اور میں یہ خیال کرتا ہوں کہ آپؐ نے یہ بھی فرمایا اور تمہاری عزتیں تم پر ایسی حرام ہیں جیسے تمہارے اس دن کی حرمت تمہارے اس شہر میں تمہارے اس مہینے میں۔ اور تم اپنے رب سے ضرور ملو گے اور وہ تم سے تمہارے اعمال کے متعلق ضرور پوچھے گا۔ دیکھو خبردار! میرے بعد پھر گمراہ نہ ہوجانا کہ تم ایک دوسرے کی گردنیں مارو۔ سنو کہ جو موجود ہے وہ اس کو پہنچا دے جو موجود نہیں کیونکہ ہو سکتا ہے کہ جن کو یہ بات پہنچے ان میں سے بعض اس کو زیادہ یاد رکھنے والے یا سمجھنے والے ہوں، ان بعض سے جنہوں نے یہ بات سنی ہے۔ اور محمد (بن سیرین) جب اس حدیث کا ذکر کرتے تو کہتے: نبی ﷺ نے سچ فرمایا۔ اس کے بعد آپؐ نے فرمایا: سنو کیا میں نے پہنچا دیا، سنو کیا میں نے پہنچا دیا؟
صحیح بخاری 5551
محمد بن ابی بکر مقدمی نے ہمیں بتایا کہ خالد بن حارث نے ہم سے بیان کیا کہ عبیداللہ (عمری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت عبداللہؓ (بن عمر) قربان گاہ میں ہی نحر کیا کرتے تھے۔ عبیداللہ نے کہا: یعنی نبی ﷺ کی قربان گاہ میں۔
صحیح بخاری 5552
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کثیر بن فرقد سے، کثیر نے نافع سے روایت کی کہ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما نے ان کو خبر دی۔ انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ عیدہ گاہ میں ہی ذبح اور نحر کیا کرتے تھے۔
صحیح بخاری 5553
آدم بن ابی ایاس نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ عبدالعزیز بن صہیب نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ دو مینڈھوں کی قربانی کیا کرتے تھے اور میں بھی دو مینڈھوں کی قربانی کرتا ہوں۔
صحیح بخاری 5554
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوہاب (ثقفی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب (سختیانی) سے، ایوب نے ابوقلابہ سے، ابوقلابہ نے حضرت انسؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے (نماز سے) لَوٹ کر دو سینگدار چتکبرے مینڈھے لئے اور ان کو اپنے ہاتھ سے ذبح کیا۔ (عبد الوہاب کی طرح (اس حدیث کو وہیب (بن خالد) نے بھی ایوب سے روایت کیا۔ اور اسماعیل (بن علیہ) اور حاتم بن وردان نے ایوب سے، ایوب نے (محمد) بن سیرین سے، انہوں نے حضرت انسؓ سے روایت کرتے ہوئے یہی کہا۔
صحیح بخاری 5555
عمرو بن خالد نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یزید (بن ابی حبیب) سے، یزید نے ابوالخیر (مرثد بن عبداللہ) سے، ابوالخیر نے حضرت عقبہ بن عامر رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے ان کو کچھ بکریاں دیں کہ آپؐ کے صحابہ میں قربانی کیلئے تقسیم کر دیں۔ ان میں سے ایک، یک سالہ بکروٹا بچ رہا تو انہوں نے نبی ﷺ سے اس کا ذکر کیا۔ آپؐ نے فرمایا: تم اس کی قربانی کرو۔
صحیح بخاری 5556
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ خالد بن عبداللہ نے ہمیں بتایا کہ مطرف (بن طریف) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے عامر (شعبی) سے، عامر نے حضرت براء بن عازب رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میرے ایک ماموں نے جو ابوبردہؓ کہلاتے تھے، نماز سے پہلے قربانی کر دی۔ رسول اللہ ﷺ نے ان سے فرمایا: تمہاری بکری تو گوشت کی بکری ہے۔ تو انہوں نے کہا: یا رسول اللہ! میرے پاس گھر کا پلا ہوا ایک سال کا بکری کا بچہ ہے۔ آپؐ نے فرمایا: اس کو ذبح کرلو اور تمہارے سوا کسی کے لئے درست نہیں ہوگا۔ پھر آپؐ نے فرمایا: جس نے نماز سے پہلے ذبح کیا تو وہ تو اپنے لئے ہی ذبح کرتا ہے۔ جس نے نماز کے بعد ذبح کیا تو اس کی قربانی پوری ہوئی اور اس نے مسلمانوں کے طریق پر عمل کیا۔ (مطرف کی طرح) اس حدیث کو عبیدہ (ضبی) نے بھی شعبی اور ابراہیم (نخعی) سے روایت کیا اور (عبیدہ کی طرح) وکیع نے بھی اس کو حریث سے، حریث نے شعبی سے روایت کیا۔ اور عاصم اور داؤد نے شعبی سے یوں نقل کیا کہ میرے پاس ایک سال کا دودھ پیتا بچہ ہے۔ اور زبید اور فراس نے شعبی سے یوں نقل کیا کہ میرے پاس ایک برس کا بکروٹا ہے۔ اور ابوالاحوص نے کہا: ہم سے منصور نے عَنَاقٌ جَذَعَةٌ دونوں لفظ بیان کئے اور ابن عون نے کہا: عَنَاقٌ جَذَعٌ اور عَنَاقُ لَبَنٍ۔
صحیح بخاری 5557
محمد بن بشار نے ہمیں بتایا کہ محمد بن جعفر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ (بن حجاج) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے سلمہ (بن کہیل) سے، سلمہ نے ابوجحیفہ سے، ابوجحیفہ نے حضرت براءؓ (بن عازب) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت ابوبردہؓ نے نماز سے پہلے ذبح کیا تو نبی ﷺ نے ان سے فرمایا: اس کے بدلے اور قربانی کرو۔ حضرت ابوبردہؓ نے کہا: میرے پاس صرف ایک سال کا بکری کا بچہ ہی ہے۔ شعبہ کہتے تھے اور میں خیال کرتا ہوں کہ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ دو برس کی بکری سے بہتر ہے۔ آپؐ نے فرمایا: اسی کو اس کی جگہ کر دو اور تمہارے بعد کسی کی طرف سے یہ قربانی کے قائم مقام نہ ہوگا۔ اور حاتم بن وردان نے ایوب سے نقل کیا۔ ایوب نے محمد (بن سیرین) سے، انہوں نے حضرت انسؓ سے، حضرت انسؓ نے نبی ﷺ سے اپنی روایت میں یوں کہا: عَنَاقٌ جَذَعَةٌ۔
صحیح بخاری 5558
آدم بن ابی ایاس نے ہمیں بتایا کہ شعبہ نے ہم سے بیان کیا کہ قتادہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حضرت انسؓ سے، حضرت انسؓ نے کہا: نبی ﷺ نے دو چتکبرے مینڈھے قربان کئے۔ میں نے آپؐ کو اپنا قدم ان کے ایک پہلو پر رکھے ہوئے دیکھا۔ بسم اللہ اور اللہ اکبر کہتے ہوئے آپؐ نے ان دونوں کو اپنے ہاتھ سے ذبح کیا۔
صحیح بخاری 5559
قتیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبدالرحمٰن بن قاسم سے، عبدالرحمٰن نے اپنے باپ (قاسم بن محمد) سے، انہوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: رسول اللہ ﷺ میرے پاس سرف (مقام) میں آئے اور میں رو رہی تھی۔ آپؐ نے فرمایا: تمہیں کیا ہوا، کیا تمہیں حیض آیا ہے؟ میں نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: یہ ایک ایسا امر ہے جو اللہ نے آدم کی بیٹیوں کے لئے مقدر کیا ہے۔ جو حج کرنے والا کرتا ہے وہ کرو مگر بیت اللہ کا طواف نہ کرو۔ اور رسول اللہ ﷺ نے اپنی ازواج کی طرف سے گائے کی قربانی کی۔
صحیح بخاری 5560
حجاج بن منہال نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ زبید نے مجھے خبر دی۔ زبید نے کہا کہ میں نے شعبی سے سنا۔ وہ حضرت براء (بن عازب) رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے تھے کہ انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ سے سنا۔ آپؐ لوگوں سے مخاطب تھے۔ آپؐ نے فرمایا کہ ہم اپنے اس دن میں پہلا کام جو شروع کرتے ہیں وہ یہ ہے کہ ہم نماز پڑھتے ہیں پھر ہم لَوٹ کر قربانی کرتے ہیں۔ اس لئے جس نے ایسا کیا تو اس نے یقیناً ہمارے طریقے پر عمل کیا اور جس نے اس سے پہلے قربانی کی تو وہ صرف گوشت ہی ہے جس کو اس نے اپنے گھر والوں کے لئے پہلے کیا ہے۔ قربانی سے اس کو کچھ تعلق نہیں۔ حضرت ابو بردہؓ نے یہ سن کر کہا: یا رسول اللہ! میں نے نماز پڑھنے سے پیشتر ذبح کرلیا اور میرے پاس ایک سال کا بکروٹا ہے جو دو سال کی بکری سے بہتر ہے۔ آپؐ نے فرمایا: اس کو اس کی جگہ کرلو اور تمہارے بعد کسی کی طرف سے یہ قربانی کا قائم مقام نہیں ہوگا، یا فرمایا: قربانی کی غرض کو پورا نہیں کرے گا۔
صحیح بخاری 5561
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ اسماعیل بن ابراہیم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب سے، ایوب نے محمد (بن سیرین) سے، انہوں نے حضرت انسؓ سے، حضرت انسؓ نے نبی ﷺ سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ آپؐ نے فرمایا: جس نے نماز سے پہلے ذبح کیا وہ دوبارہ کرے۔ یہ سن کر ایک شخص نے کہا: یہ ایسا دن ہے جس میں گوشت کی خواہش ہوتی ہے۔ اس نے اپنے پڑوسی کی محتاجی کا ذکر کیا تو یہ سن کر نبی ﷺ نے اس کو معذور سمجھا۔ (اور اس نے کہا:) میرے پاس ایک سال کا بکروٹا ہے جو دو بکریوں سے بہتر ہے؟ نبی ﷺ نے اس کو اجازت دی۔ میں نہیں جانتا کہ یہ اجازت ہو گئی یا نہیں۔ پھر آپؐ نے واپس آ کر دو مینڈھے لئے یعنی ان کو ذبح کر دیا اور لوگ بھی بکریوں کے گلوں میں گئے اور ان کو ذبح کیا۔
صحیح بخاری 5562
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا کہ اسود بن قیس نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) میں نے حضرت جندب بن سفیان بجلیؓ سے سنا۔ انہوں نے کہا کہ میں قربانی کی عید میں نبی ﷺ کے ساتھ موجود تھا۔ آپؐ نے فرمایا: جس نے نماز پڑھنے سے پہلے ذبح کیا تو وہ اس کی بجائے ایک اور قربانی کرے اور جس نے ذبح نہ کیا ہو تو وہ اسے ذبح کرے۔
صحیح بخاری 5563
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعوانہ (وضاح) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے فراس (بن یحيٰ) سے، فراس نے عامر (شعبی) سے، عامر نے حضرت براءؓ (بن عازب) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے ایک دن نماز پڑھائی۔ آپؐ نے فرمایا: جس نے ہماری نماز کی طرح نماز پڑھی اور ہمارے قبلے کی طرف منہ کیا تو وہ اس وقت تک ذبح نہ کرے جب تک نماز سے فارغ نہ ہو جائے۔ یہ سن کر حضرت ابوبردہ بن نیارؓ کھڑے ہوئے اور کہنے لگے: یا رسول اللہ! میں نے ایسا کیا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: تم نے اس میں کچھ جلدی ہی کی۔ انہوں نے کہا: میرے پاس ایک برس کا بکروٹا ہے وہ دو دو برس کی دو بکریوں سے بہتر ہے میں اسے ذبح کئے دیتا ہوں؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں پھر تمہارے بعد کسی کے لیے (کم عمر بکروٹا قربانی کے) قائم مقام نہ ہوگا۔ عامر نے کہا: یہ اس کی دو قربانیوں سے بہتر قربانی تھی۔
صحیح بخاری 5564
حجاج بن منہال نے ہم سے بیان کیا کہ ہمام (بن یحيٰ عوذی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، (قتادہ نے کہا:) حضرت انس رضی اللہ عنہ نے ہم سے بیان کیا کہ نبی ﷺ دو چتکبرے سینگ دار مینڈھوں کی قربانی کیا کرتے تھے اور آپؐ ان کے پہلو پہ پاؤں رکھتے اور اپنے ہاتھ سے ان کو ذبح کرتے۔