کتاب 5: باب مَا جَاءَ فِي أَنَّ الْخَمْرَ مَا خَامَرَ الْعَقْلَ مِنَ الشَّرَابِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5588
احمد بن ابی رجاء نے مجھ سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوحیان تیمی سے، ابوحیان نے شعبی سے، شعبی نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت عمرؓ نے رسول اللہ ﷺ کے منبر پر کھڑے ہوکر خطاب کیا اور فرمایا: دیکھو شراب کی حرمت نازل ہو چکی ہے اور وہ پانچ چیزوں کی ہوتی ہے۔ انگور کی اور کھجور کی اور گیہوں کی اور جَو کی اور شہد کی۔ اور شراب وہ ہے جو عقل پر پردہ ڈالے اور تین چیزیں ایسی ہیں مجھے آرزو ہی رہی کہ رسول اللہ ﷺ ہم سے جدا نہ ہوتے جب تک کہ آپؐ اس کے متعلق ہمیں معین وصیت نہ کر جاتے۔ دادے کی وراثت کے متعلق اور کلالہ کے متعلق اور سود کے دروازوں میں سے بعض دروازے ہیں ان کے متعلق۔ (ابوحیان) کہتے تھے کہ میں نے (شعبی سے) کہا: ابوعمرو! ایک شے ہے جو سندھ میں چاولوں سے بنائی جاتی ہے۔ ابوعمرو نے کہا: یہ نبی ﷺ کے زمانہ میں نہ تھی یا کہا: حضرت عمرؓ کے زمانہ میں نہ تھی۔
حجاج (بن منہال) نے بھی اس حدیث کو حماد (بن سلمہ) سے، حماد نے ابوحیان سے روایت کیا۔ اس میں بجائے انگور کے منقّٰی ہے۔
صحیح بخاری 5589
حفص بن عمر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبداللہ بن ابی سفر سے، عبداللہ نے شعبی سے، شعبی نے حضرت ابن عمرؓ سے، حضرت ابن عمرؓ نے حضرت عمرؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: شراب پانچ چیزوں سے بنائی جاتی ہے۔ منقّٰی سے، کھجور سے، گیہوں سے، جَو سے اور شہد سے۔