کتاب 12: بَابُ شُرْبِ اللَّبَنِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5603
عبدان نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی کہ یونس نے ہمیں بتایا۔ یونس نے زہری سے، زہری نے سعید بن مسیب سے، سعید نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ کے پاس جس رات آپؐ کا اسرا ہوا ایک دودھ کا پیالہ اور ایک شراب کا پیالہ لایا گیا۔
صحیح بخاری 5604
حمیدی نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے سفیان (بن عیینہ) سے سنا کہ سالم ابونضر نے ہمیں خبر دی کہ انہوں نے عمیر سے جو امّ الفضلؓ کے غلام تھے، سنا۔ عمیر نے حضرت امّ الفضلؓ سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ وہ کہتی تھیں: عرفہ کے دن لوگوں نے رسول اللہﷺ کے روزے کے متعلق شک کیا تو میں نے آپؐ کو ایک برتن بھیجا جس میں کچھ دودھ تھا۔ آپؐ نے پی لیا۔ کبھی سفیان اس حدیث کو یوں بیان کرتے تھے کہ لوگوں نے عرفہ کے دن رسول اللہ ﷺ کے روزے کے متعلق شک کیا تو حضرت امّ الفضلؓ نے آپؐ کو ایک پیالہ بھیجا۔ جب سفیان سے پوچھا جاتا (آیا یہ حدیث مرسل ہے یا مرفوع متصل؟) تو وہ کہتے کہ یہ حضرت امّ الفضلؓ سے مروی ہے۔
صحیح بخاری 5605
قتیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا کہ جریر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابوصالح (ذکوان) اور ابوسفیان (طلحہ بن نافع قریشی) سے، ان دونوں نے حضرت جابر بن عبد اللہؓ سے روایت کی۔ حضرت جابرؓ نے کہا: ابوحمید (ساعدی) نقیع سے ایک پیالہ دودھ کا لائے تو رسول اللہ ﷺ نے اُن سے فرمایا: تم نے اس کو ڈھانپ کیوں نہ لیا گو کوئی لکڑی ہی اس پر آڑی رکھ دیتے۔
صحیح بخاری 5606
عمر بن حفص (بن غیاث) نے ہمیں بتایا کہ میرے باپ نے ہم سے بیان کیا۔ اعمش نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: میں نے ابوصالح سے سنا۔ میں سمجھتا ہوں وہ حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے تھے۔ حضرت جابرؓ نے کہا:
حضرت ابوحمیدؓ جو ایک انصاری شخص تھے نقیع سے نبی ﷺ کے پاس دودھ کا ایک برتن لائے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: اس کو ڈھانپ کیوں نہ لیا گو ایک لکڑی ہی اس پر آڑی رکھ دیتے۔ اور (اعمش نے کہا:) مجھے ابوسفیان نے حضرت جابرؓ سے، حضرت جابرؓ نے نبیﷺ سے روایت کرتے ہوئے یہی حدیث بتائی۔
صحیح بخاری 5607
محمود (بن غیلان) نے مجھ سے بیان کیا کہ نضر (بن شمیل) نے ہمیں بتایا کہ شعبہ نے ہمیں خبر دی۔ شعبہ نے ابو اسحاق سے روایت کی۔ ابو اسحاق نے کہا: میں نے حضرت براء رضی اللہ عنہ سے سنا۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ مکہ سے آئے اور حضرت ابو بکرؓ آپؐ کے ساتھ تھے۔ حضرت ابو بکرؓ کہتے تھے: ہم ایک چرواہے کے پاس سے گزرے اور رسول اللہ ﷺ کو پیاس لگی ہوئی تھی۔ اور حضرت ابو بکر رضی اللہ عنہ کہتے تھے: میں نے ایک پیالے میں تھوڑا سا دودھ دوہا۔ آپؐ نے اتنا پیا کہ میں خوش ہوگیا اور ہمارے پاس سراقہ بن جعشم ایک گھوڑے پر سوار ہو کر آیا۔ آپؐ نے اس پر دعا کی۔ آخر سراقہ نے آپؐ سے التجا کی کہ اس کے خلاف دعا نہ کریں اور یہ کہ وہ لَوٹ جاتا ہے تو نبی ﷺ نے ایسا ہی کیا۔
صحیح بخاری 5608
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں خبر دی کہ ابوزناد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبدالرحمٰن (اعرج) سے، عبدالرحمٰن نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: عمدہ صدقہ بہت دودھ دینے والی اونٹنی ہے جو خالصتاً اللہ کے لئے کسی کو دی جائے اور وہ بہت دودھ دینے والی بکری ہے جو خالصتاً اللہ کے لئے دی جائے۔ صبح بھی برتن بھر کر دودھ دے اور شام کو بھی۔
صحیح بخاری 5609
ابو عاصم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اوزاعی سے، اوزاعی نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عبید اللہ بن عبداللہ سے، عبید اللہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے دودھ پیا اور پھر کلی کی اور فرمایا: اس کی بھی چکنائی ہوتی ہے۔
صحیح بخاری 5610
اور ابراہیم بن طہمان نے شعبہ سے روایت کرتے ہوئے کہا۔ شعبہ نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انس بن مالکؓ سے، حضرت انسؓ نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: مجھے سدرة المنتہیٰ تک اٹھا کر لے گئے تھے تو وہاں کیا دیکھتا ہوں کہ چار دریا ہیں۔ دو دریا تو باہر نمایاں ہیں اور دو دریا اندر پوشیدہ ہیں۔ جو نمایاں ہیں وہ تو نیل اور فرات ہیں اور جو اندر پوشیدہ تھے تو وہ جنت میں دو دریا ہیں۔ پھر میرے سامنے تین پیالے لائے گئے۔ ایک پیالے میں دودھ تھا اور ایک پیالے میں شہد اور ایک پیالے میں شراب تھی۔ جس میں دودھ تھا اس کو میں نے لیا اور میں پی گیا تو مجھ سے کہا گیا تم نے اور تمہاری امت نے فطرت پر عمل کیا۔ ہشام اور سعید اور ہمام نے قتادہ سے نقل کیا۔ قتادہ نے حضرت انس بن مالکؓ سے، حضرت انسؓ نے حضرت مالک بن صعصعہؓ سے، حضرت مالکؓ نے نبی ﷺ سے روایت کرتے ہوئے نہروں کے متعلق اسی طرح روایت کی اور انہوں نے تین پیالوں کا ذکر نہیں کیا۔