کتاب 13: باب اسْتِعْذَابِ الْمَاءِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5611
عبداللہ بن مسلمہ (قعنبی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے اسحاق بن عبداللہ سے، اسحاق نے حضرت انس بن مالکؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: حضرت ابوطلحہؓ مدینہ میں سب انصاریوں سے زیادہ کھجوروں کے باغ رکھتے تھے اور ان کو اپنے باغوں میں سے سب سے پیارا باغ بیرحاء کا باغ تھا اور وہ مسجد کے سامنے ہی تھا اور رسول اللہ ﷺ اس میں جایا کرتے تھے اور وہاں کا پاک شیریں پانی پیا کرتے تھے۔ حضرت انسؓ نے کہا: جب یہ آیت نازل ہوئی: لَنْ تَنَالُوا الْبِرَّ حَتّٰى تُنْفِقُوْا مِمَّا تُحِبُّوْنَ حضرت ابوطلحہؓ کھڑے ہوئے اور کہنے لگے: یا رسول اللہ! اللہ فرماتا ہے: تم کامل نیکی کو ہرگز نہیں پا سکتے جب تک کہ اپنی پسندیدہ اشیاء میں سے (خدا کے لئے) خرچ نہ کرو۔ اور میرے باغوں میں سے مجھے سب سے پیارا بیرحاء کا باغ ہے اور اب یہ اللہ کے لیے صدقہ ہے۔ میں امید کرتا ہوں کہ یہ ایک نیک عمل ہوگا اور اللہ کے ہاں یہ ذخیرہ ہو گا۔ اس لئے یا رسول اللہ! جہاں اللہ آپؐ کو مناسب سوجھائے وہاں اس کو خرچ کریں۔ رسول اللہ ﷺ نے یہ سن کر فرمایا: واہ واہ! یہ تو چلتا مال ہے۔ یا فرمایا: نفع بخش مال ہے۔ عبداللہ (بن مسلمہ) نے اس کے متعلق شک کیا کہ کونسا لفظ فرمایا ہے۔ اور (آپؐ نے فرمایا:) میں نے سن لیا جو تم نے کہا ہے اور میں مناسب سمجھتا ہوں کہ تم اس کو قریبی رشتہ داروں میں تقسیم کر دو۔ حضرت ابوطلحہؓ نے کہا: یا رسول اللہ! میں کئے دیتا ہوں۔ چنانچہ حضرت ابوطلحہؓ نے اپنے قریبیوں اور چچا کی اولاد میں اس کو بانٹ دیا۔ اور اسماعیل اور یحيٰ بن یحيٰ نے رَايِحٌ نقل کیا۔