کتاب 20: باب الْكَرْعِ فِي الْحَوْضِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5621
یحيٰ بن صالح نے ہم سے بیان کیا کہ فلیح بن سلیمان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سعید بن حارث سے، سعید نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ نبی ﷺ ایک انصاری شخص کے ہاں گئے اور آپؐ کے ساتھ آپؐ کا ایک ساتھی بھی تھا۔ نبی ﷺ نے اور آپؐ کے ساتھی نے السلام علیکم کہا۔ اس شخص نے جواب دیا اور کہنے لگا: یا رسول اللہ! میرے ماں باپ آپؐ پر قربان۔ یہ تو ایسی گھڑی ہے کہ جس میں شدت کی گرمی ہے اور وہ اس وقت اپنے ایک باغ میں پانی لگا رہا تھا۔ نبی ﷺ نے فرمایا: اگر تمہارے پاس کچھ پانی ہو جو مشک میں رات کو رہا ہو ورنہ ہم یہیں سے منہ لگا کر پانی پی لیتے ہیں۔ اور وہ شخص ایک باغ میں پانی لگا رہا تھا تو اس شخص نے کہا: یا رسول اللہ! میرے پاس ایسا پانی ہے جو رات کو مشک میں رہا ہے۔ یہ کہہ کر وہ ایک جھونپڑی کی طرف چلا گیا اور اس نے ایک پیالے میں پانی ڈالا پھر اپنے گھر کی پلی ہوئی بکری سے اس پر دودھ دوہا۔ نبی ﷺ نے اس سے پیا۔ پھر دوبارہ پیا۔ پھر اس شخص نے بھی پیا جو آپؐ کے ساتھ آیا تھا۔