کتاب 75: كتاب المرضى

صحیح بخاری, حصہ 2

صحیح بخاری 5660

قتیبہ نے ہم سے بیان کیا، کہا: جریر (بن عبدالحمید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابراہیم تیمی سے، ابراہیم نے حارث بن سوید سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت عبداللہ بن مسعودؓ کہتے تھے کہ میں رسول اللہ ﷺ کے پاس گیا اور آپؐ کو سخت بخار تھا تو میں نے آپؐ کو اپنے ہاتھ سے چھوا۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ کو تو نہایت سخت بخار ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ہاں، مجھے اتنا بخار ہوتا ہے کہ جتنا تم میں سے دو آدمیوں کو ہوتا ہے۔ میں نے کہا: یہ اس لئے کہ آپؐ کو دہرا ثواب ہو گا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ہاں۔ پھر رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کوئی بھی ایسا مسلمان نہیں جس کو کوئی تکلیف پہنچتی ہو بیماری یا اس کے سوا کوئی اور تو ضرور ہی اللہ اس (کی بہتری) کے لئے اس کے گناہوں کو جھاڑ دیتا ہے جیسے درخت اپنے پتوں کو جھاڑتا ہے۔

حَدَّثَنَا قُتَيْبَةُ حَدَّثَنَا جَرِيرٌ عَنِ الأَعْمَشِ عَنْ إِبْرَاهِيمَ التَّيْمِيِّ عَنِ الْحَارِثِ بْنِ سُوَيْدٍ قَالَ قَالَ عَبْدُ اللَّهِ بْنُ مَسْعُودٍ دَخَلْتُ عَلَى رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم وَهْوَ يُوعَكُ فَمَسِسْتُهُ بِيَدِي فَقُلْتُ يَا رَسُولَ اللَّهِ إِنَّكَ تُوعَكُ وَعْكًا شَدِيدًا. فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم " أَجَلْ إِنِّي أُوعَكُ كَمَا يُوعَكُ رَجُلاَنِ مِنْكُمْ ". فَقُلْتُ ذَلِكَ أَنَّ لَكَ أَجْرَيْنِ. فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم " أَجَلْ ". ثُمَّ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم " مَا مِنْ مُسْلِمٍ يُصِيبُهُ أَذًى مَرَضٌ فَمَا سِوَاهُ إِلاَّ حَطَّ اللَّهُ لَهُ سَيِّئَاتِهِ كَمَا تَحُطُّ الشَّجَرَةُ وَرَقَهَا ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5661

قبیصہ (بن عقبہ) نے ہم سے بیان کیا، کہا: سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابراہیم تیمی سے، ابراہیم نے حارث بن سوید سے، حارث نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نبی ﷺ کے پاس آپؐ کی بیماری میں آیا اور میں نے آپؐ کو چھوا۔ آپؐ کو تیز بخار تھا۔ میں نے کہا: آپؐ کو تو شدید بخار ہے اور یہ اس لئے کہ آپؐ کو دہرا ثواب ہوگا۔ آپؐ نے فرمایا: ہاں اور کوئی بھی ایسا مسلمان نہیں جس کو کوئی تکلیف پہنچتی ہو مگر ضرور ہی اس سے اس کے گناہ جھڑ جاتے ہیں جیسے درخت کے پتے جھڑ جاتے ہیں۔

حَدَّثَنَا قَبِيصَةُ حَدَّثَنَا سُفْيَانُ عَنِ الأَعْمَشِ عَنْ إِبْرَاهِيمَ التَّيْمِيِّ عَنِ الْحَارِثِ بْنِ سُوَيْدٍ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ ـ رضى الله عنه ـ قَالَ أَتَيْتُ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم فِي مَرَضِهِ فَمَسِسْتُهُ وَهْوَ يُوعَكُ وَعْكًا شَدِيدًا فَقُلْتُ إِنَّكَ لَتُوعَكُ وَعْكًا شَدِيدًا وَذَلِكَ أَنَّ لَكَ أَجْرَيْنِ. قَالَ " أَجَلْ وَمَا مِنْ مُسْلِمٍ يُصِيبُهُ أَذًى إِلاَّ حَاتَّتْ عَنْهُ خَطَايَاهُ كَمَا تَحَاتُّ وَرَقُ الشَّجَرِ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5662

اسحاق (بن شاہین واسطی) نے ہم سے بیان کیا کہ خالد بن عبداللہ نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے خالد (حذاء) سے، خالد نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ ایک شخص کے پاس اس کی عیادت کرنے کو گئے تو آپؐ نے فرمایا: فکر کی بات نہیں انشاء اللہ شفا ہو جائے گی۔ اس نے کہا: ہرگز نہیں بلکہ یہ تپ تو ایک بوڑھے پر ایسا جوش مار رہا ہے کہ اس کو قبریں ہی دکھا کر چھوڑے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: اچھا پھر ایسا ہی۔

حَدَّثَنَا إِسْحَاقُ حَدَّثَنَا خَالِدُ بْنُ عَبْدِ اللَّهِ عَنْ خَالِدٍ عَنْ عِكْرِمَةَ عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ ـ رضى الله عنهما ـ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم دَخَلَ عَلَى رَجُلٍ يَعُودُهُ فَقَالَ " لاَ بَأْسَ طَهُورٌ إِنْ شَاءَ اللَّهُ ". فَقَالَ كَلاَّ بَلْ حُمَّى تَفُورُ عَلَى شَيْخٍ كَبِيرٍ كَيْمَا تُزِيرَهُ الْقُبُورَ. قَالَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم " فَنَعَمْ إِذًا ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5663

یحيٰ بن بکیر نے مجھ سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عروہ سے روایت کی کہ حضرت اسامہ بن زیدؓ نے ان کو خبر دی کہ نبی ﷺ ایک گدھے پر سوار ہوئے جس پر پالان تھی اور پالان پر فَدک کی ایک چادر ڈالی گئی تھی اور آپؐ نے اُسامہؓ کو اپنے پیچھے بٹھا لیا۔ حضرت سعد بن عبادہؓ کی عیادت کو جا رہے تھے۔ یہ بدر کی لڑائی سے پہلے کا واقعہ ہے۔ آپؐ گئے یہاں تک کہ ایک مجلس کے پاس سے گزرے کہ جس میں عبداللہ بن اُبَیّ بن سلول بھی تھا اور یہ واقعہ عبداللہ (بن اُبَیّ) کے مسلمان ہونے سے پہلے کا ہے اور اس مجلس میں مسلمانوں مشرکوں، بت پرستوں اور یہودیوں میں سے ملے جلے لوگ تھے اور مجلس میں حضرت عبداللہ بن رواحہؓ بھی تھے۔ جب اس مجلس کو سواری کی دھول نے ڈھانپ لیا تو عبداللہ بن اُبَیّ نے اپنی چادر سے اپنی ناک ڈھانپ لی کہنے لگا: تم ہم پر غبار نہ اڑاؤ۔ نبی ﷺ نے ان کو السلام علیکم کہا اور ٹھہر گئے اور اُتر پڑے اور پھر ان کو اللہ کی طرف بلایا اور ان کے سامنے قرآن پڑھا۔ عبداللہ بن اُبَیّ نے یہ سن کر آپؐ سے کہا: بھلے آدمی اس سے اچھی اور کوئی بات نہیں جو تم کہتے ہو اگر یہ حق ہے تو پھر ہماری مجلس میں آکر ہمیں اس سے تکلیف نہ دیا کرو اور اپنے گھر کو لوٹ جاؤ اور ہم میں سے جو تمہارے پاس آئے اس کو یہ کہانی سنایا کرو۔ حضرت ابن رواحہؓ نے کہا: نہیں یا رسول اللہ! بلکہ آپؐ ہماری مجلسوں میں آکر ہمیں یہ سنایا کریں کیونکہ ہم یہ باتیں پسند کرتے ہیں۔ اس پر مسلمان اور مشرک اور یہودی آپس میں سبّ و شتم کرنے لگے یہاں تک کہ قریب تھا کہ ایک دوسرے پر حملہ کرتے۔ نبی ﷺ ان کے جوش کو دباتے رہے یہاں تک کہ وہ خاموش ہوگئے۔ پھر نبی ﷺ اپنے جانور پر سوار ہوگئے اور حضرت سعد بن عبادہؓ کے پاس پہنچے آپؐ نے فرمایا: سعدؓ کیا تم نے نہیں سنا جو ابوحباب نے کہا؟ آپؐ کی مراد عبداللہ بن اُبَیّ سے تھی۔ حضرت سعدؓ نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ اس کو معاف کریں اور اس سے درگزر کریں اللہ نے آپؐ کو عطا کیا ہے اور کیا خوب عطا کیا ہے۔ اس بستی کے لوگوں نے اتفاق کرلیا تھا کہ اس کو تاج پہنائیں اور اس کی دستاربندی کریں۔ جب اللہ نے اس تجویز کو اس حق کی وجہ سے رد کردیا جو اس نے آپؐ کو دیا تو اس سے (غصے کے مارے) اس کا گلا گھٹ گیا۔ یہ وجہ ہے اس نے جو کیا آپؐ نے جو دیکھا۔

حَدَّثَنِي يَحْيَى بْنُ بُكَيْرٍ حَدَّثَنَا اللَّيْثُ عَنْ عُقَيْلٍ عَنِ ابْنِ شِهَابٍ عَنْ عُرْوَةَ أَنَّ أُسَامَةَ بْنَ زَيْدٍ أَخْبَرَهُ أَنَّ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم رَكِبَ عَلَى حِمَارٍ عَلَى إِكَافٍ عَلَى قَطِيفَةٍ فَدَكِيَّةٍ وَأَرْدَفَ أُسَامَةَ وَرَاءَهُ يَعُودُ سَعْدَ بْنَ عُبَادَةَ قَبْلَ وَقْعَةِ بَدْرٍ فَسَارَ حَتَّى مَرَّ بِمَجْلِسٍ فِيهِ عَبْدُ اللَّهِ بْنُ أُبَىٍّ ابْنُ سَلُولَ وَذَلِكَ قَبْلَ أَنْ يُسْلِمَ عَبْدُ اللَّهِ وَفِي الْمَجْلِسِ أَخْلاَطٌ مِنَ الْمُسْلِمِينَ وَالْمُشْرِكِينَ عَبَدَةِ الأَوْثَانِ وَالْيَهُودِ وَفِي الْمَجْلِسِ عَبْدُ اللَّهِ بْنُ رَوَاحَةَ فَلَمَّا غَشِيَتِ الْمَجْلِسَ عَجَاجَةُ الدَّابَّةِ خَمَّرَ عَبْدُ اللَّهِ بْنُ أُبَىٍّ أَنْفَهُ بِرِدَائِهِ قَالَ لاَ تُغَيِّرُوا عَلَيْنَا فَسَلَّمَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم وَوَقَفَ وَنَزَلَ فَدَعَاهُمْ إِلَى اللَّهِ فَقَرَأَ عَلَيْهِمُ الْقُرْآنَ فَقَالَ لَهُ عَبْدُ اللَّهِ بْنُ أُبَىٍّ يَا أَيُّهَا الْمَرْءُ إِنَّهُ لاَ أَحْسَنَ مِمَّا تَقُولُ إِنْ كَانَ حَقًّا فَلاَ تُؤْذِنَا بِهِ فِي مَجْلِسِنَا وَارْجِعْ إِلَى رَحْلِكَ فَمَنْ جَاءَكَ فَاقْصُصْ عَلَيْهِ. قَالَ ابْنُ رَوَاحَةَ بَلَى يَا رَسُولَ اللَّهِ فَاغْشَنَا بِهِ فِي مَجَالِسِنَا فَإِنَّا نُحِبُّ ذَلِكَ فَاسْتَبَّ الْمُسْلِمُونَ وَالْمُشْرِكُونَ وَالْيَهُودُ حَتَّى كَادُوا يَتَثَاوَرُونَ فَلَمْ يَزَلِ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم حَتَّى سَكَتُوا فَرَكِبَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم دَابَّتَهُ حَتَّى دَخَلَ عَلَى سَعْدِ بْنِ عُبَادَةَ فَقَالَ لَهُ " أَىْ سَعْدُ أَلَمْ تَسْمَعْ مَا قَالَ أَبُو حُبَابٍ ". يُرِيدُ عَبْدَ اللَّهِ بْنَ أُبَىٍّ. قَالَ سَعْدٌ يَا رَسُولَ اللَّهِ اعْفُ عَنْهُ وَاصْفَحْ فَلَقَدْ أَعْطَاكَ اللَّهُ مَا أَعْطَاكَ وَلَقَدِ اجْتَمَعَ أَهْلُ هَذِهِ الْبَحْرَةِ أَنْ يُتَوِّجُوهُ فَيُعَصِّبُوهُ فَلَمَّا رَدَّ ذَلِكَ بِالْحَقِّ الَّذِي أَعْطَاكَ شَرِقَ بِذَلِكَ فَذَلِكَ الَّذِي فَعَلَ بِهِ مَا رَأَيْتَ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5664

عمرو بن عباس نے ہمیں بتایا کہ عبدالرحمٰن (بن مہدی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہم سے بیان کیا۔ سفیان نے محمد سے جو منکدر کے بیٹے ہیں اُنہوں نے حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ میرے پاس میری عیادت کرنے کو آئے آپؐ نہ خچر پر سوار تھے اور نہ گھوڑے پر۔

حَدَّثَنَا عَمْرُو بْنُ عَبَّاسٍ حَدَّثَنَا عَبْدُ الرَّحْمَنِ حَدَّثَنَا سُفْيَانُ عَنْ مُحَمَّدٍ ـ هُوَ ابْنُ الْمُنْكَدِرِ ـ عَنْ جَابِرٍ ـ رضى الله عنه ـ قَالَ جَاءَنِي النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم يَعُودُنِي لَيْسَ بِرَاكِبِ بَغْلٍ وَلاَ بِرْذَوْنٍ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5665

قبیصہ (بن عقبہ) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے (عبداللہ) بن ابی نجیح اور ایوب سے، انہوں نے مجاہد سے، مجاہد نے عبدالرحمٰن بن ابی لیلیٰ سے، عبدالرحمٰن نے حضرت کعب بن عجرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ میرے پاس سے گزرے اور میں ہانڈی تلے آگ جلا رہا تھا۔ آپؐ نے فرمایا: کیا تمہارے سر کی جوئیں تمہیں تکلیف دیتی ہیں؟ میں نے عرض کیا: جی ہاں تو آپؐ نے حجام کو بلایا اور اس نے ان کا سر مونڈ ڈالا۔ پھر آپؐ نے مجھے فدیہ دینے کا حکم دیا۔

حَدَّثَنَا قَبِيصَةُ حَدَّثَنَا سُفْيَانُ عَنِ ابْنِ أَبِي نَجِيحٍ وَأَيُّوبَ عَنْ مُجَاهِدٍ عَنْ عَبْدِ الرَّحْمَنِ بْنِ أَبِي لَيْلَى عَنْ كَعْبِ بْنِ عُجْرَةَ ـ رضى الله عنه. مَرَّ بِيَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم وَأَنَا أُوقِدُ تَحْتَ الْقِدْرِ فَقَالَ " أَيُؤْذِيكَ هَوَامُّ رَأْسِكَ ". قُلْتُ نَعَمْ. فَدَعَا الْحَلاَّقَ فَحَلَقَهُ ثُمَّ أَمَرَنِي بِالْفِدَاءِ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5666

یحيٰ بن یحيٰ ابوزکریا نے ہم سے بیان کیا کہ سلیمان بن بلال نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ بن سعید (انصاری) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے قاسم بن محمد سے سنا وہ کہتے تھے۔ حضرت عائشہؓ کہہ رہی تھیں: ہائے مرا سر۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اگر ایسی بات ہو جائے اور میں زندہ ہوں تو میں تمہارے لئے استغفار کروں گا اور تمہارے لئے دعا کروں گا۔ حضرت عائشہؓ نے کہا: ہائے میں گئی، اللہ کی قسم میں یہ گمان کرتی ہوں کہ آپؐ یہ چاہتے ہیں کہ میں مر جاؤں اگر یہ بات ہو گئی تو اسی شام آپؐ اپنی کسی بیوی کے ساتھ شادی منائیں گے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: نہیں بلکہ ہائے میر ا سر۔ مجھے تو یہی فکر تھی یا فرمایا کہ میں چاہتا تھا کہ ابوبکرؓ اور ان کے بیٹے کو بلا بھیجوں اور وصیت کردوں کہ کہیں کہنے والے نہ کہیں یا آرزو کرنے والے آرزو نہ کریں پھر میں نے سوچا۔ اللہ اس بات سے انکار کرے گا اور مؤمن نہیں مانیں گے یا (فرمایا:) اللہ نہیں مانے گا اور مؤمن اس سے انکار کریں گے۔

حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ يَحْيَى أَبُو زَكَرِيَّاءَ أَخْبَرَنَا سُلَيْمَانُ بْنُ بِلاَلٍ عَنْ يَحْيَى بْنِ سَعِيدٍ قَالَ سَمِعْتُ الْقَاسِمَ بْنَ مُحَمَّدٍ قَالَ قَالَتْ عَائِشَةُ وَارَأْسَاهْ. فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم " ذَاكِ لَوْ كَانَ وَأَنَا حَىٌّ فَأَسْتَغْفِرُ لَكِ وَأَدْعُو لَكِ ". فَقَالَتْ عَائِشَةُ وَاثُكْلِيَاهْ وَاللَّهِ إِنِّي لأَظُنُّكَ تُحِبُّ مَوْتِي وَلَوْ كَانَ ذَاكَ لَظَلِلْتَ آخِرَ يَوْمِكَ مُعَرِّسًا بِبَعْضِ أَزْوَاجِكَ. فَقَالَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم " بَلْ أَنَا وَارَأْسَاهْ لَقَدْ هَمَمْتُ أَوْ أَرَدْتُ أَنْ أُرْسِلَ إِلَى أَبِي بَكْرٍ وَابْنِهِ وَأَعْهَدَ أَنْ يَقُولَ الْقَائِلُونَ أَوْ يَتَمَنَّى الْمُتَمَنُّونَ ثُمَّ قُلْتُ يَأْبَى اللَّهُ وَيَدْفَعُ الْمُؤْمِنُونَ أَوْ يَدْفَعُ اللَّهُ وَيَأْبَى الْمُؤْمِنُونَ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5667

موسیٰ (بن اسماعیل) نے ہمیں بتایا کہ عبدالعزیز بن مسلم نے ہم سے بیان کیا کہ سلیمان (اعمش) نے ہم سے بیان کیا۔ سلیمان نے ابراہیم (بن یزید) تیمی سے، ابراہیم نے حارث بن سوید سے، حارث نے حضرت (عبداللہ) بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت کی انہوں نے کہا: میں نبی ﷺ کے پاس گیا اور آپؐ کو بخار تھا۔ میں نے آپؐ کو ہاتھ لگایا اور کہا: آپؐ کو سخت بخار ہے۔ آپؐ نے فرمایا: ہاں اتنا جتنا کہ تم میں سے دو آدمیوں کو بخار ہوتا ہے۔ میں نے کہا: آپؐ کو دو ثواب ہوں گے۔ آپؐ نے فرمایا۔ ہاں کوئی بھی ایسا مسلمان نہیں کہ جسے کوئی تکلیف پہنچتی ہو بیماری یا اس کے سوا کوئی اور تو ضرور ہی اللہ اس کے گناہوں کو جھاڑ دے گا جیسے درخت اپنے پتوں کو جھاڑ دیتا ہے۔

حَدَّثَنَا مُوسَى حَدَّثَنَا عَبْدُ الْعَزِيزِ بْنُ مُسْلِمٍ حَدَّثَنَا سُلَيْمَانُ عَنْ إِبْرَاهِيمَ التَّيْمِيِّ عَنِ الْحَارِثِ بْنِ سُوَيْدٍ عَنِ ابْنِ مَسْعُودٍ ـ رضى الله عنه ـ قَالَ دَخَلْتُ عَلَى النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم وَهْوَ يُوعَكُ فَمَسِسْتُهُ فَقُلْتُ إِنَّكَ لَتُوعَكُ وَعْكًا شَدِيدًا. قَالَ " أَجَلْ كَمَا يُوعَكُ رَجُلاَنِ مِنْكُمْ ". قَالَ لَكَ أَجْرَانِ قَالَ " نَعَمْ مَا مِنْ مُسْلِمٍ يُصِيبُهُ أَذًى مَرَضٌ فَمَا سِوَاهُ إِلاَّ حَطَّ اللَّهُ سَيِّئَاتِهِ كَمَا تَحُطُّ الشَّجَرَةُ وَرَقَهَا ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5668

موسیٰ بن اسماعیل نے ہمیں بتایا کہ عبدالعزیز بن عبداللہ بن ابی سلمہ نے ہم سے بیان کیا کہ زہری نے ہمیں خبر دی، انہوں نے عامر بن سعد (بن ابی وقاص) سے، عامر نے اپنے باپ سے روایت کی انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ ہمارے پاس میری اس بیماری میں عیادت کرنے کے لئے آئے کہ جس نے حجۃ الوداع کے زمانے میں مجھے سخت تکلیف دی تھی۔ میں نے کہا: میری بیماری جس حد تک پہنچ چکی ہے آپؐ دیکھ ہی رہے ہیں اور میں مالدار ہوں اور ایک بیٹی کے سوا میرا کوئی وارث نہیں۔ تو کیا میں اپنے مال کا دو تہائی صدقہ دے دوں؟ آپؐ نے فرمایا: نہیں۔ میں نے کہا: نصف؟ آپؐ نے فرمایا: نہیں۔ میں نے کہا۔ ایک تہائی؟ فرمایا۔ ایک تہائی بھی بہت ہے یہ کہ تم اپنے وارثوں کو غنی چھوڑ جاؤ یہ بہتر ہے اس سے کہ تم ان کو محتاج چھوڑو کہ وہ لوگوں کے سامنے ہاتھ پھیلاتے پھریں اور اللہ کی رضا چاہتے ہوئے تم جو بھی خرچ کرو گے تو ضرور تمہیں اس کا بدلہ دیا جائے گا۔ یہاں تک کہ وہ لقمہ بھی جو تم اپنی بیوی کے منہ میں ڈالتے ہو۔

حَدَّثَنَا مُوسَى بْنُ إِسْمَاعِيلَ حَدَّثَنَا عَبْدُ الْعَزِيزِ بْنُ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ أَبِي سَلَمَةَ أَخْبَرَنَا الزُّهْرِيُّ عَنْ عَامِرِ بْنِ سَعْدٍ عَنْ أَبِيهِ قَالَ جَاءَنَا رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم يَعُودُنِي مِنْ وَجَعٍ اشْتَدَّ بِي زَمَنَ حَجَّةِ الْوَدَاعِ فَقُلْتُ بَلَغَ بِي مَا تَرَى وَأَنَا ذُو مَالٍ وَلاَ يَرِثُنِي إِلاَّ ابْنَةٌ لِي أَفَأَتَصَدَّقُ بِثُلُثَىْ مَالِي قَالَ " لاَ ". قُلْتُ بِالشَّطْرِ قَالَ " لاَ ". قُلْتُ الثُّلُثُ قَالَ " الثُّلُثُ كَثِيرٌ أَنْ تَدَعَ وَرَثَتَكَ أَغْنِيَاءَ خَيْرٌ مِنْ أَنْ تَذَرَهُمْ عَالَةً يَتَكَفَّفُونَ النَّاسَ وَلَنْ تُنْفِقَ نَفَقَةً تَبْتَغِي بِهَا وَجْهَ اللَّهِ إِلاَّ أُجِرْتَ عَلَيْهَا حَتَّى مَا تَجْعَلُ فِي فِي امْرَأَتِكَ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5669

ابراہیم بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام (بن یوسف صنعانی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے معمر (بن راشد) سے روایت کی۔ نیز ہمیں عبداللہ بن محمد (مسندی) نے بتایا کہ عبدالرزاق نے ہم سے بیان کیا کہ معمر نے ہمیں خبر دی، معمر نے زہری سے، زہری نے عبیداللہ بن عبداللہ سے، عبیداللہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جب رسول اللہ ﷺ کی وفات کا وقت قریب ہوا اس وقت گھر میں کچھ آدمی تھے، ان میں حضرت عمر بن خطابؓ بھی تھے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: لاؤ میں تمہارے لئے ایک تحریر لکھ دوں تاکہ تم اس کے بعد گمراہ نہ ہو۔ حضرت عمرؓ نے کہا: نبی ﷺ کو اس وقت تکلیف نے نڈھال کیا ہوا ہے اور تمہارے پاس قرآن ہے۔ ہمارے لئے کتاب اللہ ہی کافی ہے۔ تو جو لوگ گھر میں تھے انہوں نے آپس میں اختلاف کیا اور جھگڑنے لگے۔ ان میں سے بعض کہتے تھے (قلم دوات کاغذ) قریب کرو تا کہ نبی ﷺ تمہارے لئے ایک تحریر لکھ دیں کہ اس کے بعد تم کبھی گمراہ نہ ہو اور ان میں سے بعض وہ کہتے تھے جو حضرت عمرؓ نے کہا۔ جب انہوں نے نبی ﷺ کے پاس بے مقصد باتیں اور جھگڑا بہت کیا تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اُٹھو چلے جاؤ۔ عبید اللہ نے کہا اور حضرت ابن عباس ؓ کہا کرتے تھے: بڑی مصیبت ساری مصیبتوں کی مصیبت وہ بات تھی جس نے رسول اللہ ﷺ کو ان کے اختلاف اور شور کی وجہ سے اس تحریر کے لکھنے سے روک دیا۔

حَدَّثَنَا إِبْرَاهِيمُ بْنُ مُوسَى حَدَّثَنَا هِشَامٌ عَنْ مَعْمَرٍ وَحَدَّثَنِي عَبْدُ اللَّهِ بْنُ مُحَمَّدٍ حَدَّثَنَا عَبْدُ الرَّزَّاقِ أَخْبَرَنَا مَعْمَرٌ عَنِ الزُّهْرِيِّ عَنْ عُبَيْدِ اللَّهِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ ـ رضى الله عنهما ـ قَالَ لَمَّا حُضِرَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم وَفِي الْبَيْتِ رِجَالٌ فِيهِمْ عُمَرُ بْنُ الْخَطَّابِ قَالَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم " هَلُمَّ أَكْتُبْ لَكُمْ كِتَابًا لاَ تَضِلُّوا بَعْدَهُ ". فَقَالَ عُمَرُ إِنَّ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم قَدْ غَلَبَ عَلَيْهِ الْوَجَعُ وَعِنْدَكُمُ الْقُرْآنُ حَسْبُنَا كِتَابُ اللَّهِ فَاخْتَلَفَ أَهْلُ الْبَيْتِ فَاخْتَصَمُوا مِنْهُمْ مَنْ يَقُولُ قَرِّبُوا يَكْتُبْ لَكُمُ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم كِتَابًا لَنْ تَضِلُّوا بَعْدَهُ وَمِنْهُمْ مَنْ يَقُولُ مَا قَالَ عُمَرُ فَلَمَّا أَكْثَرُوا اللَّغْوَ وَالاِخْتِلاَفَ عِنْدَ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم " قُومُوا ". قَالَ عُبَيْدُ اللَّهِ فَكَانَ ابْنُ عَبَّاسٍ يَقُولُ إِنَّ الرَّزِيَّةَ كُلَّ الرَّزِيَّةِ مَا حَالَ بَيْنَ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم وَبَيْنَ أَنْ يَكْتُبَ لَهُمْ ذَلِكَ الْكِتَابَ مِنِ اخْتِلاَفِهِمْ وَلَغَطِهِمْ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5670

ابراہیم بن حمزہ نے ہم سے بیان کیا کہ حاتم نے جو کہ اسماعیل کے بیٹے تھے ہمیں بتایا۔ انہوں نے جعید سے، جعید نے کہا میں نے حضرت سائب (بن یزیدؓ صحابی) سے سنا وہ کہتے تھے: میری خالہ مجھے رسول اللہ ﷺ کے پاس لے گئیں اور کہنے لگیں: یا رسول اللہ! میرا بھانجا بیمار ہے۔ تو آپؐ نے میرے سر پر ہاتھ پھیرا اور میرے لئے برکت کی دعا کی۔ پھر آپؐ نے وضو کیا اور میں نے آپؐ کے وضو سے بچا ہوا پانی پیا اور آپؐ کی پیٹھ کے پیچھے جا کھڑا ہوا اور میں نے آپؐ کے دونوں کندھوں کے درمیان نبوت کی مہر کو دیکھا جو چکور کے انڈے کی طرح تھی۔

حَدَّثَنَا إِبْرَاهِيمُ بْنُ حَمْزَةَ حَدَّثَنَا حَاتِمٌ ـ هُوَ ابْنُ إِسْمَاعِيلَ ـ عَنِ الْجُعَيْدِ قَالَ سَمِعْتُ السَّائِبَ يَقُولُ ذَهَبَتْ بِي خَالَتِي إِلَى رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فَقَالَتْ يَا رَسُولَ اللَّهِ إِنَّ ابْنَ أُخْتِي وَجِعٌ فَمَسَحَ رَأْسِي وَدَعَا لِي بِالْبَرَكَةِ ثُمَّ تَوَضَّأَ فَشَرِبْتُ مِنْ وَضُوئِهِ وَقُمْتُ خَلْفَ ظَهْرِهِ فَنَظَرْتُ إِلَى خَاتَمِ النُّبُوَّةِ بَيْنَ كَتِفَيْهِ مِثْلَ زِرِّ الْحَجَلَةِ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5671

آدم (بن ابی ایاس) نے ہمیں بتایا کہ شعبہ نے ہم سے بیان کیا کہ ثابت بنانی نے ہمیں بتایا۔ ثابت نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے فرمایا: تم میں سے کوئی کسی تکلیف کی وجہ سے جو اسے پہنچی ہے موت کی آرزو نہ کرے اور اگر وہ ایسا کرنے کے لیے لاچار ہے تو یوں دعا کرے: اے اللہ مجھے زندہ رکھیو جب تک زندگی میرے لئے بہتر ہو اور مجھے وفات دیدے اگر وفات میرے لئے بہتر ہو۔

حَدَّثَنَا آدَمُ حَدَّثَنَا شُعْبَةُ حَدَّثَنَا ثَابِتٌ الْبُنَانِيُّ عَنْ أَنَسِ بْنِ مَالِكٍ ـ رضى الله عنه ـ قَالَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم " لاَ يَتَمَنَّيَنَّ أَحَدُكُمُ الْمَوْتَ مِنْ ضُرٍّ أَصَابَهُ فَإِنْ كَانَ لاَ بُدَّ فَاعِلاً فَلْيَقُلِ اللَّهُمَّ أَحْيِنِي مَا كَانَتِ الْحَيَاةُ خَيْرًا لِي وَتَوَفَّنِي إِذَا كَانَتِ الْوَفَاةُ خَيْرًا لِي ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5672

آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا کہا شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسماعیل بن ابی خالد سے، اسماعیل نے قیس بن ابی حازم سے روایت کی۔ (اُنہوں نے کہا:) ہم حضرت خبابؓ (بن ارت صحابی) کے پاس ان کی بیمار پرسی کے لئے گئے اور انہوں نے سات داغ لگوائے ہوئے تھے وہ کہنے لگے: ہمارے ساتھی جو پہلے تھے وہ چلے گئے اور اس دنیا نے ان کے ثواب کو کم نہیں کیا اور ہم نے اتنی (دولت) پائی ہے کہ اس کے رکھنے کے لئے مٹی کے سوا اور کوئی جگہ نہیں پاتے اور اگر نبی ﷺ نے ہمیں موت کی دعا کرنے سے منع نہ فرمایا ہوتا تو میں ضرور اس کی دعا کرتا۔ پھر ایک اور دفعہ ہم ان کے پاس آئے اور وہ اپنی ایک دیوار بنا رہے تھے تو کہنے لگے: مسلمان جو بھی خرچ کرتا ہے اُس کا اجر ضرور اُس کو دیا جاتا ہے سوائے اس کے جسے وہ اس مٹی میں رکھ دیتا ہے۔

حَدَّثَنَا آدَمُ حَدَّثَنَا شُعْبَةُ عَنْ إِسْمَاعِيلَ بْنِ أَبِي خَالِدٍ عَنْ قَيْسِ بْنِ أَبِي حَازِمٍ قَالَ دَخَلْنَا عَلَى خَبَّابٍ نَعُودُهُ وَقَدِ اكْتَوَى سَبْعَ كَيَّاتٍ فَقَالَ إِنَّ أَصْحَابَنَا الَّذِينَ سَلَفُوا مَضَوْا وَلَمْ تَنْقُصْهُمُ الدُّنْيَا وَإِنَّا أَصَبْنَا مَا لاَ نَجِدُ لَهُ مَوْضِعًا إِلاَّ التُّرَابَ وَلَوْلاَ أَنَّ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم نَهَانَا أَنْ نَدْعُوَ بِالْمَوْتِ لَدَعَوْتُ بِهِ ثُمَّ أَتَيْنَاهُ مَرَّةً أُخْرَى وَهْوَ يَبْنِي حَائِطًا لَهُ فَقَالَ إِنَّ الْمُسْلِمَ لَيُوجَرُ فِي كُلِّ شَىْءٍ يُنْفِقُهُ إِلاَّ فِي شَىْءٍ يَجْعَلُهُ فِي هَذَا التُّرَابِ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5673

ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے زُہری سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ابوعبید جو حضرت عبدالرحمٰن بن عوفؓ کے آزاد کردہ غلام تھے، نے مجھے بتایا کہ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا آپؐ فرماتے تھے: کسی کو اس کا عمل جنت میں ہرگز داخل نہیں کرے گا۔ صحابہ نے کہا: یا رسول اللہ! آپ کو بھی نہیں؟ آپؐ نے فرمایا: نہیں مجھے بھی نہیں، سوائے اس کے کہ اللہ مجھے اپنے فضل اور رحمت میں ڈھانپ لے۔ اس لئے جو عمل کرو تو نہایت سنوار کر کرو اور (اسے) قربِ الٰہی کیلئے بجا لاؤ اور تم میں سے کوئی موت کی آرزو ہرگز نہ کرے اگر وہ نیک ہوا تو ہو سکتا ہے کہ وہ نیکی میں اور ترقی کرے اور اگر بد ہوا تو ہو سکتا ہے کہ وہ توبہ کرکے اللہ تعالیٰ کی ناراضگی کو دور کرے۔

حَدَّثَنَا أَبُو الْيَمَانِ أَخْبَرَنَا شُعَيْبٌ عَنِ الزُّهْرِيِّ قَالَ أَخْبَرَنِي أَبُو عُبَيْدٍ مَوْلَى عَبْدِ الرَّحْمَنِ بْنِ عَوْفٍ أَنَّ أَبَا هُرَيْرَةَ قَالَ سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم يَقُولُ " لَنْ يُدْخِلَ أَحَدًا عَمَلُهُ الْجَنَّةَ ". قَالُوا وَلاَ أَنْتَ يَا رَسُولَ اللَّهِ قَالَ " لاَ وَلاَ أَنَا إِلاَّ أَنْ يَتَغَمَّدَنِي اللَّهُ بِفَضْلٍ وَرَحْمَةٍ فَسَدِّدُوا وَقَارِبُوا وَلاَ يَتَمَنَّيَنَّ أَحَدُكُمُ الْمَوْتَ إِمَّا مُحْسِنًا فَلَعَلَّهُ أَنْ يَزْدَادَ خَيْرًا وَإِمَّا مُسِيئًا فَلَعَلَّهُ أَنْ يَسْتَعْتِبَ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5674

عبداللہ بن ابی شیبہ نے ہم سے بیان کیا کہا ابو اُسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام (بن عروہ) سے، ہشام نے عباد بن عبداللہ بن زبیر سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے سنا وہ کہتی تھیں: میں نے نبی ﷺ سے سنا اور آپؐ میرا سہارا لیے ہوئے تھے۔ آپؐ فرماتے تھے: اے اللہ ! مجھ کو بخش دے اور مجھ پر رحم کر اور مجھے رفیقِ اعلیٰ سے ملا دے۔

حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ أَبِي شَيْبَةَ حَدَّثَنَا أَبُو أُسَامَةَ عَنْ هِشَامٍ عَنْ عَبَّادِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ الزُّبَيْرِ قَالَ سَمِعْتُ عَائِشَةَ ـ رضى الله عنها ـ قَالَتْ سَمِعْتُ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم وَهْوَ مُسْتَنِدٌ إِلَىَّ يَقُولُ " اللَّهُمَّ اغْفِرْ لِي وَارْحَمْنِي وَأَلْحِقْنِي بِالرَّفِيقِ الأَعْلَى ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5675

موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے ابراہیم سے، ابراہیم نے مسروق سے، مسروق نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ کی عادت تھی کہ جب کسی بیمار کے پاس آتے یا آپؐ کے پاس کوئی بیمار لایا جاتا تو آپ علیہ الصلوۃ والسلام یہ دعا کرتے: لوگوں کے ربّ! اس تکلیف کو دور کر، شفا دے اور تو ہی شفا دینے والا ہے، تیری شفا کے سوا کوئی شفا نہیں۔ ایسی شفا دے کہ جو بیماری کا کچھ (بھی اثر باقی) نہ چھوڑے۔ اور عمرو بن ابی قیس اور ابراہیم بن طہمان نے منصور سے، منصور نے ابراہیم (نخعی) اور ابوالضحیٰ سے یوں نقل کیا کہ جب آپؐ کے پاس بیمار لایا جاتا۔ اور جریر نے منصور سے، منصور نے ابوالضحیٰ سے اکیلے یوں نقل کیا اور کہا کہ جب آپؐ کسی بیمار کے پاس آتے۔

حَدَّثَنَا مُوسَى بْنُ إِسْمَاعِيلَ حَدَّثَنَا أَبُو عَوَانَةَ عَنْ مَنْصُورٍ عَنْ إِبْرَاهِيمَ عَنْ مَسْرُوقٍ عَنْ عَائِشَةَ ـ رضى الله عنها أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم كَانَ إِذَا أَتَى مَرِيضًا ـ أَوْ أُتِيَ بِهِ ـ قَالَ " أَذْهِبِ الْبَاسَ رَبَّ النَّاسِ اشْفِ وَأَنْتَ الشَّافِي لاَ شِفَاءَ إِلاَّ شِفَاؤُكَ شِفَاءً لاَ يُغَادِرُ سَقَمًا ". قَالَ عَمْرُو بْنُ أَبِي قَيْسٍ وَإِبْرَاهِيمُ بْنُ طَهْمَانَ عَنْ مَنْصُورٍ عَنْ إِبْرَاهِيمَ وَأَبِي الضُّحَى إِذَا أُتِيَ بِالْمَرِيضِ وَقَالَ جَرِيرٌ عَنْ مَنْصُورٍ عَنْ أَبِي الضُّحَى وَحْدَهُ وَقَالَ إِذَا أَتَى مَرِيضًا.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5676

محمد بن بشار نے ہمیں بتایا کہ غندر (محمد بن جعفر) نے مجھ سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے محمد بن منکدر سے روایت کی۔ محمد نے کہا: میں نے حضرت جابر بن عبد اللہ رضی اللہ عنہما سے سنا۔ انہوں نے کہا: میرے پاس نبی ﷺ آئے اور میں بیمار تھا آپؐ نے وضو کیا اور مجھ پر پانی ڈالا یا فرمایا: اس پر پانی ڈالو تو مجھے ہوش آ گیا۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ میں کلالہ ہی ہوں میراث کیسے تقسیم ہو؟ پھر وہ آیت نازل ہوئی جس میں ہر ایک کے حصے مقرر ہوئے۔

حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ بَشَّارٍ حَدَّثَنَا غُنْدَرٌ حَدَّثَنَا شُعْبَةُ عَنْ مُحَمَّدِ بْنِ الْمُنْكَدِرِ قَالَ سَمِعْتُ جَابِرَ بْنَ عَبْدِ اللَّهِ ـ رضى الله عنهما ـ قَالَ دَخَلَ عَلَىَّ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم وَأَنَا مَرِيضٌ فَتَوَضَّأَ فَصَبَّ عَلَىَّ أَوْ قَالَ صُبُّوا عَلَيْهِ فَعَقَلْتُ فَقُلْتُ لاَ يَرِثُنِي إِلاَّ كَلاَلَةٌ فَكَيْفَ الْمِيرَاثُ فَنَزَلَتْ آيَةُ الْفَرَائِضِ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5677

اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ جب رسول اللہ ﷺ (مدینہ میں) آئے، حضرت ابوبکرؓ اور بلالؓ کو بخار ہونے لگا۔ بیان فرماتی ہیں میں ان دونوں کے پاس گئی میں نے کہا: ابا آپ اپنے تئیں کیسے پاتے ہیں؟ اور بلالؓ تم اپنے آپ کو کیسے پاتے ہو؟ بیان فرماتی ہیں جب حضرت ابوبکرؓ کو بخار ہوتا تو یوں پڑھتے: ہر آدمی جو اپنے کنبے میں صبح اٹھتا ہے تو اسے سلامتی کی دعائیں دی جاتی ہیں حالانکہ موت اس کے جوتے کے تسمے سے بھی نزدیک ہوتی ہے۔ اور بلالؓ کی عادت تھی کہ جب ان کا بخار اُترتا تو وہ بڑے جوش سے یہ شعر پڑھتے: اے کاش کہ مجھے پتہ ہو کہ آیا وادی (مکہ) میں رات گزاروں گا جبکہ میرے اردگرد اذخر اور جلیل گھاس ہوں گے اور آیا میں کسی دن مجنہ کے پانی پر بھی پہنچوں گا اور کیا شامہ اور طفیل پہاڑ مجھے کبھی دکھائی دیں گے۔ عروہ نے کہا۔ حضرت عائشہؓ بیان فرماتی تھیں: میں رسول اللہ ﷺ کے پاس آئی اور آپؐ سے ان کا حال بیان کیا۔ آپؐ نے یہ دعا کی: اے اللہ! ہمیں مدینہ بھی ایسا ہی پیارا بنا دے جیسا کہ ہم مکہ سے پیار رکھتے ہیں یا اس سے بھی بڑھ کر اور اسے صحت افزا بنا دے اور ہمارے لئے اس کے صاع اور اس کے مد میں برکت عطا کر دے اور اس کے بخار کو یہاں سے لے جاکر جحفہ میں ڈال دو۔

حَدَّثَنَا إِسْمَاعِيلُ حَدَّثَنِي مَالِكٌ عَنْ هِشَامِ بْنِ عُرْوَةَ عَنْ أَبِيهِ عَنْ عَائِشَةَ ـ رضى الله عنها ـ أَنَّهَا قَالَتْ لَمَّا قَدِمَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم وُعِكَ أَبُو بَكْرٍ وَبِلاَلٌ قَالَتْ فَدَخَلْتُ عَلَيْهِمَا فَقُلْتُ يَا أَبَتِ كَيْفَ تَجِدُكَ وَيَا بِلاَلُ كَيْفَ تَجِدُكَ قَالَتْ وَكَانَ أَبُو بَكْرٍ إِذَا أَخَذَتْهُ الْحُمَّى يَقُولُ كُلُّ امْرِئٍ مُصَبَّحٌ فِي أَهْلِهِ وَالْمَوْتُ أَدْنَى مِنْ شِرَاكِ نَعْلِهِ وَكَانَ بِلاَلٌ إِذَا أُقْلِعَ عَنْهُ يَرْفَعُ عَقِيرَتَهُ فَيَقُولُ أَلاَ لَيْتَ شِعْرِي هَلْ أَبِيتَنَّ لَيْلَةً بِوَادٍ وَحَوْلِي إِذْخِرٌ وَجَلِيلُ وَهَلْ أَرِدَنْ يَوْمًا مِيَاهَ مِجَنَّةٍ وَهَلْ تَبْدُوَنْ لِي شَامَةٌ وَطَفِيلُ قَالَ قَالَتْ عَائِشَةُ فَجِئْتُ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فَأَخْبَرْتُهُ فَقَالَ " اللَّهُمَّ حَبِّبْ إِلَيْنَا الْمَدِينَةَ كَحُبِّنَا مَكَّةَ أَوْ أَشَدَّ وَصَحِّحْهَا وَبَارِكْ لَنَا فِي صَاعِهَا وَمُدِّهَا وَانْقُلْ حُمَّاهَا فَاجْعَلْهَا بِالْجُحْفَةِ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

آج 10 میں سے 10 باقی