کتاب 2: باب شِدَّةِ الْمَرَضِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5646
قبیصہ (بن عقبہ) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے روایت کی۔ نیز بشر بن محمد نے مجھ سے بیان کیا کہ عبداللہ نے ہمیں بتایا کہ شعبہ نے ہمیں خبر دی۔ شعبہ نے اعمش سے، اعمش نے ابو وائل سے، ابو وائل نے مسروق سے، مسروق نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی آپ بیان کرتی ہیں: میں نے کسی کو نہیں دیکھا کہ رسول اللہ ﷺ سے بڑھ کر اسے تکلیف پہنچی ہو۔
صحیح بخاری 5647
محمد بن یوسف (فریابی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابراہیم تیمی سے، ابراہیم نے حارث بن سوید سے، حارث نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ میں نبی ﷺ کے پاس آپؐ کی بیماری میں آیا اور آپؐ کو نہایت سخت بخار چڑھا ہوا تھا اور میں نے کہا: آپؐ کو تو نہایت سخت بخار چڑھا ہوا ہے۔ میں نے کہا: یہ اس لئے ہے کہ آپؐ کو دہرا ثواب ہو۔ آپؐ نے فرمایا: ہاں کوئی بھی ایسا مسلمان نہیں کہ جس کو کوئی تکلیف پہنچے مگر ضرور ہی اللہ اس سے اس کے قصوروں کو جھاڑ دے گا جیسے درخت کے پتے جھڑ جاتے ہیں۔