کتاب 12: باب إِذَا عَادَ مَرِيضًا فَحَضَرَتِ الصَّلاَةُ فَصَلَّى بِهِمْ جَمَاعَةً
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5658
محمد بن مثنیٰ نے مجھ سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ ہشام (بن عروہ) نے ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے کہا میرے باپ نے مجھے بتایا۔ اُنہوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ نبی ﷺ کے پاس کچھ لوگ آپؐ کی بیماری میں آپؐ کی عیادت کرنے کے لئے آئے اور آپؐ نے ان کو بیٹھ کر نماز پڑھائی اور وہ کھڑے ہو کر نماز پڑھنے لگے۔ آپؐ نے ان کو اشارہ کیا کہ بیٹھ جاؤ۔ جب آپؐ نماز سے فارغ ہوئے تو آپؐ نے فرمایا: امام تو اس لئے ہوتا ہے کہ اس کی پیروی کی جائے سو جب وہ رکوع کرے تم بھی رکوع کرو، جب وہ سر اُٹھائے تم بھی سر اُٹھاؤ، اگر وہ بیٹھے ہوئے نماز پڑھے تم بھی بیٹھ کر نماز پڑھو۔ ابوعبداللہ (امام بخاریؒ) نے کہا۔ حمیدی کہتے تھے: یہ حدیث منسوخ ہے کیونکہ نبی ﷺ نے آخری نماز جو پڑھائی تو وہ آپؐ نے بیٹھ کر پڑھائی اور لوگ آپ کے پیچھے کھڑے تھے۔