کتاب 76: كتاب الطب
صحیح بخاری, حصہ 6
صحیح بخاری 5781
اور لیث (بن سعد) نے اپنی روایت میں اتنا زیادہ بیان کیا۔ (اُنہوں نے کہا:) مجھے یونس نے ابن شہاب سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ انہوں نے کہا: میں نے ان سے پوچھا: کیا ہم گدھی کے دودھ سے وضو کر لیں یا اس کو پئیں، یا درندہ کے پتہ کا پانی یا اونٹ کا پیشاب پئیں؟ پس کہا کہ مسلمان ان سے علاج کیا کرتے تھے اور اس میں کوئی حرج نہیں سمجھتے تھے۔ گدھی کے دودھ کے متعلق ہمیں یہ خبر پہنچی ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے اس کے گوشت سے منع فرمایا ہے اور اس کے دودھ پینے یا نہ پینے کے متعلق ہمیں کوئی خبر نہیں پہنچی اور جو درندے کا پتا ہے تو ابن شہاب نے کہا: مجھے ابوادریس خولانی نے بتایا کہ حضرت ابوثعلبہ خشنیؓ نے ان کو بتایا کہ رسول اللہ ﷺ نے ہر کچلی والے درندے کے کھانے سے منع کیا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5782
قتیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا کہ اسماعیل بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عتبہ بن مسلم سے، جو بنو تمیم کے غلام تھے۔ عتبہ نے عبید بن حنین سے جو بنو زریق کے غلام تھے۔ عبید نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جب تم میں سے کسی کے برتن میں مکھی گر پڑے تو چاہیئے کہ وہ اس کو ڈبو دے اور پھر اس کو پھینک دے کیونکہ اس کے ایک پر میں بیماری ہے اور دوسرے میں شفا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5692
صدقہ بن فضل نے ہم سے بیان کیا کہ (سفیان) بن عیینہ نے ہمیں خبر دی۔ اُنہوں نے کہا میں نے زہری سے سنا۔ زہری نے عبیداللہ (بن عبداللہ) سے، عبیداللہ نے حضرت اُم قیسؓ بنت محصن سے روایت کی وہ کہتی تھیں۔ میں نے نبی ﷺ سے سنا آپؐ فرماتے تھے: اس ہندی عود (یعنی کوٹ) کو ضرور استعمال کرو کیونکہ اس میں سات علاج ہیں۔ حلق کے ورم میں اس کو ناک میں ڈالا جاتا ہے۔ اور ذات الجنب میں حلق میں ڈالی جاتی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah