کتاب 3: باب الشِّفَاءُ فِي ثَلاَثٍ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5680
حسین (بن محمد بن زیاد) نے مجھ سے بیان کیا کہ احمد بن منیع نے ہمیں بتایا کہ مروان بن شجاع نے ہم سے بیان کیا۔ سالم افطس نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: شفاء تین چیزوں میں ہے۔ شہد کے شربت میں اور پچھنہ لگانے میں اور آگ سے داغ دینے میں اور میں اپنی امت کو داغنے سے منع کرتا ہوں۔ (حضرت ابن عباسؓ نے) اس حدیث کو مرفوعاً بیان کیا اور (یعقوب بن عبداللہ) قمی نے اس کو لیث سے، لیث نے مجاہد سے، مجاہد نے حضرت ابن عباسؓ سے، حضرت ابن عباسؓ نے نبی ﷺ سے نقل کیا۔ اس میں صرف شہد اور پچھنے لگانے کا ہی ذکر ہے۔
صحیح بخاری 5681
محمد بن عبدالرحیم نے مجھ سے بیان کیا کہ سُریج بن یونس ابوالحارث نے ہمیں خبر دی کہ مروان بن شجاع نے ہمیں بتایا۔ مروان نے سالم افطس سے، سالم نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے، حضرت ابن عباسؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: تین چیزوں میں شفا ہے۔ پچھنے لگانے میں یا شہد کے شربت میں یا آگ سے داغ دینے میں اور میں اپنی امت کو داغنے سے منع کرتا ہوں۔