کتاب 4: بَابُ الدَّوَاءِ بِالْعَسَلِ

صحیح بخاری

صحیح بخاری 5682

حَدَّثَنَا عَلِيُّ بْنُ عَبْدِ اللَّهِ حَدَّثَنَا أَبُو أُسَامَةَ قَالَ أَخْبَرَنِي هِشَامٌ عَنْ أَبِيهِ عَنْ عَائِشَةَ ـ رضى الله عنها ـ قَالَتْ كَانَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم يُعْجِبُهُ الْحَلْوَاءُ وَالْعَسَلُ.

علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہمیں بتایا کہ ابواسامہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا ہشام (بن عروہ) نے مجھے بتایا۔ ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ آپ فرماتی تھیں: نبی ﷺ کو میٹھا اور شہد پسند تھا۔

صحیح بخاری 5683

حَدَّثَنَا أَبُو نُعَيْمٍ حَدَّثَنَا عَبْدُ الرَّحْمَنِ بْنُ الْغَسِيلِ عَنْ عَاصِمِ بْنِ عُمَرَ بْنِ قَتَادَةَ قَالَ سَمِعْتُ جَابِرَ بْنَ عَبْدِ اللَّهِ ـ رضى الله عنهما ـ قَالَ سَمِعْتُ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم يَقُولُ " إِنْ كَانَ فِي شَىْءٍ مِنْ أَدْوِيَتِكُمْ ـ أَوْ يَكُونُ فِي شَىْءٍ مِنْ أَدْوِيَتِكُمْ ـ خَيْرٌ فَفِي شَرْطَةِ مِحْجَمٍ أَوْ شَرْبَةِ عَسَلٍ أَوْ لَذْعَةٍ بِنَارٍ تُوَافِقُ الدَّاءَ وَمَا أُحِبُّ أَنْ أَكْتَوِيَ ".

ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ عبد الرحمٰن بن غسیل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عاصم بن عمر بن قتادہ سے، انہوں نے کہا: میں نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے سنا۔ حضرت جابرؓ نے کہا: میں نے نبی ﷺ سے سنا آپؐ فرماتے تھے۔ اگر تمہاری دواؤں میں سے کسی چیز میں بھلائی ہے یا فرمایا تمہاری دواؤں میں سے کسی چیز میں بھلائی ہو تو پھر پچھنے لگانے میں یا شہد کے شربت میں یا آگ سے جلا دینے میں جو بیماری کے موافق پڑے اور میں پسند نہیں کرتا کہ داغ لگاؤں۔

صحیح بخاری 5684

حَدَّثَنَا عَيَّاشُ بْنُ الْوَلِيدِ حَدَّثَنَا عَبْدُ الأَعْلَى حَدَّثَنَا سَعِيدٌ عَنْ قَتَادَةَ عَنْ أَبِي الْمُتَوَكِّلِ عَنْ أَبِي سَعِيدٍ أَنَّ رَجُلاً أَتَى النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم فَقَالَ أَخِي يَشْتَكِي بَطْنَهُ. فَقَالَ " اسْقِهِ عَسَلاً ". ثُمَّ أَتَى الثَّانِيَةَ فَقَالَ " اسْقِهِ عَسَلاً ". ثُمَّ أَتَاهُ فَقَالَ فَعَلْتُ. فَقَالَ " صَدَقَ اللَّهُ وَكَذَبَ بَطْنُ أَخِيكَ اسْقِهِ عَسَلاً ". فَسَقَاهُ فَبَرَأَ.

عباس بن ولید نے ہمیں بتایا کہ عبدالاعلیٰ نے ہم سے بیان کیا۔ سعید (بن ابی عروبہ) نے ہمیں بتایا۔ سعید نے قتادہ سے، قتادہ نے ابو متوکل (ناجی) سے، ابو متوکل نے حضرت ابو سعید (خدریؓ) سے روایت کی کہ ایک شخص نبی ﷺ کے پاس آیا کہنے لگا میرے بھائی کو پیٹ کی شکایت ہے آپؐ نے فرمایا اس کو شہد پلاؤ پھر وہ آپ کے پاس دوسری بار آیا آپؐ نے فرمایا اُس کو شہد پلاؤ پھر وہ تیسری مرتبہ آیا آپؐ نے فرمایا اس کو شہد پلاؤ پھر وہ آیا اور کہنے لگا میں نے پلا دیا ہے، (مگر اس کو افاقہ نہیں ہوا۔) آپؐ نے فرمایا اللہ نے سچ فرمایا ہے اور تمہارے بھائی کے پیٹ نے جھوٹ کہا ہے۔ اس کو شہد پلاؤ تو اس نے اسے شہد پلایا تو اس کو شفا ہوئی۔

10 von 10 heute frei