کتاب 7: باب الْحَبَّةِ السَّوْدَاءِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5687
عبداللہ بن ابی شیبہ نے مجھے بتایا کہ عبیداللہ (بن موسیٰ کوفی) نے ہم سے بیان کیا۔ اسرائیل (بن یونس) نے ہمیں بتایا۔ اسرائیل نے منصور (بن معتمر) سے، منصور نے خالد بن سعد سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم سفر میں نکلے اور ہمارے ساتھ غالب بن ابجر بھی تھے تو وہ راستے میں بیمار ہوگئے۔ ہم مدینہ پہنچے تو وہ ابھی بیمار ہی تھے (عبداللہ) بن ابی عتیق ان کی عیادت کو آئے۔ تو انہوں نے ہم سے کہا: تم یہ کلونجی استعمال کرو۔ یہ پانچ یا سات (دانے) لے کر ان کو پیس لو۔ پھر زیتون کے تیل کے چند قطروں میں ملا کر اس کے ناک میں ٹپکاؤ اس طرف بھی اور اس طرف بھی۔ کیونکہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے مجھ سے بیان کیا کہ انہوں نے نبی ﷺ سے سنا آپؐ فرماتے تھے: یہ کالا دانہ (کلونجی) ہر بیماری سے شفا دیتا ہے سوائے سام کے۔ میں نے پوچھا سام کیا ہوتا ہے؟ آپؐ نے فرمایا: موت۔
صحیح بخاری 5688
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے روایت کی انہوں نے کہا کہ مجھے ابوسلمہ اور سعید بن مسیب نے بتایا کہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے ان دونوں کو بتایا کہ انہوں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا آپؐ فرماتے تھے کہ کلونجی میں ہر بیماری کا علاج ہے سوائے سام کے۔ ابن شہاب نے کہا اور سام کے معنی موت ہیں اور کالے دانے سے مراد شونیز (یعنی کلونجی) ہے۔