کتاب 17: باب مَنِ اكْتَوَى أَوْ كَوَى غَيْرَهُ، وَفَضْلِ مَنْ لَمْ يَكْتَوِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5704
ابو الولید ہشام بن عبد الملک نے ہم سے بیان کیا کہ عبد الرحمان بن سلیمان بن غسیل نے ہمیں بتایا۔ عاصم بن عمر بن قتادہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا میں نے حضرت جابرؓ سے سنا وہ نبی ﷺ سے روایت کرتے تھے آپؐ نے فرمایا: تمہاری دواؤں میں سے اگر کسی میں شفا ہے تو پچھنے لگانے میں یا آگ سے جھلسانے میں ہے اور میں نہیں پسند کرتا کہ میں داغ لگاؤں۔
صحیح بخاری 5705
عمران بن میسرہ نے ہمیں بتایا کہ (محمد) ابن فضیل نے ہم سے بیان کیا کہ حصین (بن عبدالرحمٰن) نے ہمیں بتایا۔ حصین نے عامر (شعبی) سے، عامر نے حضرت عمران بن حصین رضی اللہ عنہما سے روایت کی انہوں نے کہا: دم صرف نظر لگنے سے یا سانپ بچھو کے کاٹنے سے کروانا چاہیئے۔ (حصین بن عبد الرحمٰن نے کہا:) میں نے سعید بن جبیر سے ان کا یہ قول ذکر کیا تو انہوں نے کہا ہم سے حضرت ابن عباسؓ نے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: میرے سامنے تمام اُمتیں پیش کی گئیں اور نبی ایک ایک اور دو دو کر کے گزرنے لگے ان کے ساتھ ان کی جماعت ہوتی اور کوئی نبی ایسا بھی ہوتا کہ اس کے ساتھ ایک بھی نہ ہوتا یہاں تک کہ مجھے دور ایک بہت بڑی جماعت دکھلائی گئی میں نے کہا: یہ کیا ہے؟ کیا یہ میری امت ہے؟ مجھے کہا گیا کہ یہ موسیٰؑ اور ان کی قوم ہے۔ مجھے کہا گیا افق کی طرف دیکھو تو کیا دیکھتا ہوں کہ بہت بڑی جماعت ہے جس نے سارے اُفق کو بھر دیا ہے۔ پھر مجھے کہا گیا: آفاق میں ہر جانب نظر دوڑاؤ۔ تو کیا دیکھتا ہوں کہ بہت ہی بڑی جماعت ہے جس نے اُفق کو بھر دیا ہوا ہے۔ مجھے کہا گیا یہ تمہاری امت ہے۔ ان میں سے ستر ہزار بغیر حساب کے جنت میں داخل ہوں گے۔ پھر آپؐ اندر چلے گئے اور انہیں اس کی تعبیر نہ بیان کی۔ تب یہ سن کر لوگ ادھر ادھر کی باتیں کرنے لگے اور کہنے لگے ہم وہ لوگ ہیں جو اللہ پر ایمان لائے ہیں اور اس کے رسول کی پیروی کی ہے۔ سو ہم ہی وہ ہیں یا ہماری وہ اولادیں جو اسلام میں پیدا ہوئیں کیونکہ ہم تو جاہلیت میں پیدا ہوئے۔ نبی ﷺ کو یہ خبر پہنچی تو آپؐ باہر آئے آپؐ نے فرمایا: یہ وہ لوگ ہیں جو نہ تو دم کرواتے ہیں اور نہ شگون لیتے ہیں اور نہ داغ لگواتے ہیں اور وہ اپنے ربّ پر توکل کرتے ہیں۔ حضرت عکاشہ بن محصنؓ نے سن کر کہا: یا رسول اللہ! کیا میں بھی ان میں سے ہوں؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں۔ اس پر ایک دوسرا کھڑا ہوا اور پوچھا: کیا میں بھی ان میں سے ہوں؟ آپؐ نے فرمایا عکاشہؓ اس میں تم پر سبقت لے گیا۔