کتاب 21: باب اللَّدُودِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5709
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ بن سعید (قطان) نے ہمیں بتایا۔ سفیان (ثوری) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا موسیٰ بن ابی عائشہ نے مجھے بتایا۔ موسیٰ نے عبیداللہ بن عبداللہ سے، عبیداللہ نے حضرت ابن عباسؓ اور حضرت عائشہؓ سے روایت کی کہ حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ نے نبی ﷺ کو بوسہ دیا جبکہ آپؐ کی وفات ہوئی۔
صحیح بخاری 5712
(حضرت ابن عباسؓ نے) کہا اور حضرت عائشہؓ فرماتی تھیں: ہم نے آپؐ کی بیماری میں آپؐ کے منہ میں دوائی ڈالی تو آپؐ ہمیں اشارہ کرنے لگے کہ میرے منہ میں دوائی نہ ڈالو۔ ہم یہ سمجھے کہ یہ مریض کی دوائی سے کراہت ہے۔ جب آپؐ کو افاقہ ہوا، آپؐ نے فرمایا: کیا میں نے تمہیں روکا نہیں تھا کہ میرے منہ میں دوائی نہ ڈالو؟ ہم نے کہا کہ مریض تو دوا سے کراہت کرتا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: میرے سامنے گھر کے ہر فرد کے منہ میں دوا ڈالی جائے سوائے عباسؓ کے کیونکہ وہ تمہارے ساتھ شامل نہ تھے۔
صحیح بخاری 5713
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے روایت کی کہ مجھے عبیداللہ بن عبداللہ نے خبر دی۔ عبیداللہ نے حضرت اُم قیس (بنت محصنؓ) سے روایت کی وہ کہتی تھیں: میں اپنے ایک بیٹے کو لے کر رسول اللہ ﷺ کے پاس گئی اور میں نے گلے کے ورم کی وجہ سے اس کے ناک میں بتی ڈالی ہوئی تھی۔ آپؐ نے فرمایا: تم اس بتی سے اپنے بچوں کے حلقوں کو دبا کر کیوں تکلیف دیتی ہو۔ اس عود ہندی کو استعمال کیا کرو اس میں سات علاج ہیں۔ ان میں سے ایک ذات الجنب کا علاج ہے۔ خناق کی تکلیف میں (علاج کے لیے) ناک میں بھی ڈالی جاتی ہے اور ذات الجنب میں حلق میں بھی ڈالی جاتی ہے۔ (سفیان کہتے تھے:) میں نے زہری سے سنا وہ کہتے تھے: آپؐ نے ہم سے دو بیماریاں بیان کیں اور ہم سے پانچ بیماریاں بیان نہیں کیں۔ (علی بن مدینی کہتے تھے:) میں نے سفیان سے کہا: معمر تو یوں کہتے ہیں: أَعْلَقْتُ عَلَيْهِ۔ انہوں نے کہا کہ معمر نے یاد نہیں رکھا۔ میں نے زہری کے منہ سے یہی یاد رکھا ہے۔ أَعْلَقْتُ عَنْهُ اور سفیان نے اپنی انگلی سے بتایا کہ بچے کے حلق میں کوے کو یوں اٹھا کر دبا دیا جاتا تھا اور سفیان نے اپنی انگلی اس کے حلق میں ڈالی۔ زہری کی صرف یہ مراد ہے کہ سفیان نے اپنی انگلی سے اس کے کوے کو اٹھایا اور یہ نہیں کہا: أَعْلِقُوا عَنْهُ شَيْئًا۔ کہ اُنہوں نے کسی چیز سے اُسے اٹھایا۔