باب 28: باب الْحُمَّى مِنْ فَيْحِ جَهَنَّمَ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5723
یحيٰ بن سلیمان نے ہمیں بتایا کہ (عبداللہ) بن وہب نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا مالک نے مجھ سے بیان کیا۔ مالک نے نافع سے، نافع نے حضرت (عبداللہ) بن عمر رضی اللہ عنہما سے، حضرت عبداللہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: بخار بھی جہنم کی بھاپ ہی ہے اس لئے اس کو پانی سے بجھاؤ۔ (اسی سند سے) نافع نے کہا اور حضرت عبداللہ (بن عمرؓ بخار میں) یہ دعا کیا کرتے تھے۔ اكْشِفْ عَنَّا الرِّجْزَ۔ یہ عذاب ہم سے دور کر۔
صحیح بخاری 5724
عبداللہ بن مسلمہ (قعنبی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے ہشام (بن عروہ) سے، ہشام نے فاطمہ بنت منذر سے روایت کی کہ حضرت اسماء بنت ابی بکر رضی اللہ عنہما کی عادت تھی کہ جب ان کے پاس ایسی عورت لائی جاتی جسے بخار ہوتا تو اس کے لئے دعا کرتیں پانی لے کر اس کے سینے پر ڈالتیں کہتی تھیں: رسول اللہ ﷺ ہمیں فرمایا کرتے تھے کہ ہم بخار کو پانی سے ٹھنڈا کریں۔
صحیح بخاری 5725
محمد بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ ہشام نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے مجھے خبر دی انہوں نے حضرت عائشہؓ سے، حضرت عائشہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی آپؐ نے فرمایا: بخار بھی جہنم کی بھاپ ہے اسے پانی سے ٹھنڈا کرو۔
صحیح بخاری 5726
مسدد نے ہمیں بتایا کہ ابو الاحوص نے ہم سے بیان کیا۔ سعید بن مسروق نے ہمیں بتایا۔ سعید نے عبایہ بن رفاعہ سے، عبایہ نے اپنے دادا حضرت رافع بن خدیجؓ سے روایت کی انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے کہ بخار بھی جہنم کی بھاپ ہے اسے پانی سے ٹھنڈا کرو۔