کتاب 29: باب مَنْ خَرَجَ مِنْ أَرْضٍ لاَ تُلاَيِمُهُ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5727
عبدالاعلیٰ بن حماد نے ہم سے بیان کیا کہ یزید بن زُرَیع نے ہمیں بتایا کہ سعید (بن ابی عروبہ) نے ہم سے بیان کیا، قتادہ نے ہمیں بتایا کہ حضرت انس بن مالکؓ نے انہیں بتایا کہ کچھ لوگ یا کہا کچھ مرد عکل اور عرینہ قبیلے کے رسول اللہ ﷺ کے پاس آئے اور اسلام کا زبان سے اقرار کیا اور کہنے لگے: اے اللہ کے نبی! ہم مال مویشی والے لوگ ہیں اور کھیتی باڑی والے نہ ہیں اور انہوں نے مدینہ کی آب و ہوا کو ناموافق پایا تو رسول اللہ ﷺ نے ان کے لئے حکم دیا کہ ان کو چند اونٹ اور ایک چرواہا دے دیا جائے اور ان سے فرمایا کہ وہ ان کو لے کر باہر چلے جائیں اور وہاں ان کے دودھ اور ان کے پیشاب پئیں۔ وہ چلے گئے یہاں تک کہ جب حرہ کے کنارے پر پہنچے تو مسلمان ہونے کے بعد کافر ہوگئے اور رسول اللہ ﷺ کے چرواہے کو مار ڈالا اور اونٹوں کو ہانک کر لے گئے۔ یہ خبر نبی ﷺ کو پہنچی تو آپؐ نے ان کے پیچھے تعاقب کرنے والوں کو بھیجا اور ان کے متعلق حکم دیا اور (اُن کے جرم کے بدلے) ان کی آنکھوں میں انہوں نے گرم سلائی پھیری اور ان کے ہاتھوں کو کاٹ ڈالا اور وہ حرہ کے درمیان اپنے حال پر چھوڑ دیئے گئے یہاں تک کہ وہ اسی طرح مر گئے۔