کتاب 30: باب مَا يُذْكَرُ فِي الطَّاعُونِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5728
حفص بن عمر (حوضی) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا حبیب بن ابی ثابت نے مجھے خبر دی۔ انہوں نے کہا: میں نے ابراہیم بن سعد (بن ابی وقاص) سے سنا۔ اُنہوں نے کہا: میں نے حضرت اُسامہ بن زیدؓ سے سنا۔ حضرت اُسامہؓ نے حضرت سعدؓ سے بیان کیا کہ اُنہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: جب تم کسی ملک میں طاعون کی خبر سنو تو اس میں مت جاؤ اور جب وہ کسی ملک میں پڑے اور تم وہاں ہو تو پھر وہاں سے نہ نکلو۔ (حبیب بن ابی ثابت کہتے تھے:) میں نے (ابراہیم بن سعد سے) پوچھا: کیا آپؐ نے حضرت اُسامہؓ کو حضرت سعدؓ سے یہ حدیث بیان کرتے سنا اور وہ اس کا انکار نہیں کرتے تھے۔ انہوں نے کہا: ہاں۔
صحیح بخاری 5729
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عبد الحمید بن عبد الرحمٰن بن زید بن خطاب سے، عبدالحمید نے عبداللہ بن عبداللہ بن حارث بن نوفل سے، اُنہوں نے حضرت عبداللہ بن عباسؓ سے روایت کی کہ حضرت عمر بن خطابؓ شام کے ملک کو گئے۔ جب سرغ (مَقام) میں پہنچے تو آپؓ سے لشکر کے سردار حضرت ابوعبیدہ بن جراحؓ اور ان کے ساتھی ملے اور انہوں نے آپؓ کو بتایا کہ شام کے ملک میں وبا پڑی ہوئی ہے۔ حضرت ابن عباسؓ کہتے تھے۔ (یہ سن کر) حضرت عمرؓ نے فرمایا: ابتدائی مہاجرین کو میرے پاس بلائیں۔ تو حضرت ابوعبیدہؓ نے ان کو بلایا اور حضرت عمرؓ نے ان سے مشورہ کیا اور ان کو بتایا کہ وبا شام میں پڑی ہے تو انہوں نے اختلاف کیا۔ ان میں سے بعض کہنے لگے: اب آپؓ ایک کام کے لئے نکل چکے ہیں اور ہم مناسب نہیں سمجھتے کہ آپؓ اس سے لوٹ جائیں اور بعض نے کہا: آپؓ کے ساتھ دانشمند لوگ ہیں اور رسول اللہ ﷺ کے صحابہ ہیں اور ہم مناسب نہیں سمجھتے کہ آپؓ ان کو اس وبا کے ہوتے ہوئے آگے لے جائیں۔ حضرت عمرؓ نے فرمایا: آپ تشریف لے جائیں۔ پھر اُنہوں نے کہا: میرے پاس انصار کو بلاؤ۔ چنانچہ میں نے ان کو بلایا اور آپؓ نے ان سے مشورہ کیا۔ تو انہوں نے بھی مہاجرین کی راہ اختیار کی اور انہی کی طرح اختلاف کیا۔ حضرت عمرؓ نے فرمایا: آپ بھی جائیں۔ پھر اُنہوں نے فرمایا: قریش کے وہ بزرگ جو فتح مکہ سے پہلے کے مہاجر یہاں ہیں انہیں میرے پاس بلاؤ۔ میں نے ان کو بلایا۔ تو ان میں سے دو شخصوں نے بھی آپ کے سامنے اختلاف نہیں کیا۔ وہ کہنے لگے: ہماری یہ رائے ہے کہ آپ لوگوں کو واپس لے جائیں اور اس وبا کے ہوتے ہوئے ان کو آگے نہ لے جائیں تو حضرت عمرؓ نے لوگوں میں یہ مناکروائی کہ میں صبح (مدینہ) جا رہا ہوں پس تم بھی صبح (روانگی کیلئے) تیار رہو۔ حضرت ابوعبیدہ بن جراحؓ کہنے لگے: کیا اللہ کی تقدیر سے ہم بھاگ رہے ہیں؟ حضرت عمرؓ نے فرمایا: ابوعبیدہؓ! کاش تمہارے سوا کوئی اور یہ کلمہ کہتا۔ اور ہاں ہم اللہ کی تقدیر سے بھاگ کر اللہ کی تقدیر کی طرف جاتے ہیں۔ بھلا یہ تو بتاؤ۔ اگر تمہارے اونٹ ہوں جو ایسی وادی میں چلے گئے ہوں کہ جس کے دو کنارے ہیں۔ ان میں سے ایک کنارہ تو سر سبز ہے اور دوسرا خشک۔ کیا یہ نہیں ہے کہ اگر تم سرسبز میں چراؤ تو تم اللہ کی تقدیر سے ہی ان کو چراؤ گے؟ اور اگر تم خشک میں چراؤ تو بھی اللہ کی تقدیر سے ہی ان کو چراؤ گے۔ حضرت ابن عباسؓ کہتے تھے کہ اتنے میں حضرت عبدالرحمٰن بن عوفؓ آئے اور وہ اپنے کسی کام کی وجہ سے غیر حاضر تھے وہ کہنے لگے: مجھے اس کے متعلق ایک بات معلوم ہے جو میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنی، آپؐ فرماتے تھے: جب تم سنو کہ وبا کسی ملک میں ہے تو وہاں نہ جاؤ اور اگر کسی ملک میں وبا (پھوٹ) پڑے اور تم وہاں ہو تو اس سے بھاگ کر وہاں سے نہ نکلو۔ حضرت ابن عباسؓ کہتے تھے: حضرت عمرؓ نے سن کر اللہ کی حمد بیان کی اور (مدینہ کو) لوٹ گئے۔
صحیح بخاری 5730
عبداللہ بن یوسف (تنیسی) نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عبداللہ بن عامر سے روایت کی کہ حضرت عمرؓ شام کی طرف روانہ ہوئے۔ جب سرغ میں پہنچے تو ان کو یہ معلوم ہوا کہ وبا شام میں پڑی ہوئی ہے اور حضرت عبدالرحمٰن بن عوفؓ نے ان کو بتایا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جب تم سنو کہ یہ کسی ملک میں ہے تو پھر وہاں نہ جاؤ اور اگر یہ کسی ایسے ملک میں پڑے اور تم وہاں ہو تو پھر اس سے بھاگ کر وہاں سے نہ نکلو۔
صحیح بخاری 5731
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے نعیم مجمر سے، نعیم نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ حضرت ابو ہریرہؓ نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: مدینہ میں نہ مسیح دجال داخل ہوگا اور نہ طاعون۔
صحیح بخاری 5732
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالواحد (بن زیاد) نے ہمیں بتایا۔ کہ عاصم (بن سلیمان احول) نے ہمیں بتایا کہ مجھ سے حفصہ بنت سیرین نے بیان کیا۔ وہ کہتی تھیں کہ حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ نے مجھ سے پوچھا۔ یحيٰ (بن سیرین) کس بیماری سے فوت ہوئے تھے۔ میں نے کہا طاعون سے۔ (حضرت انسؓ نے) کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: طاعون بھی ہر مسلمان کے لئے شہادت ہے۔
صحیح بخاری 5733
ابوعاصم نے مجھے بتایا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے سُمَیّ سے، سُمَیّ نے ابوصالح سے، ابوصالح نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی آپؐ نے فرمایا: جو پیٹ کی بیماری سے مر جائے وہ بھی شہید ہے اور جو طاعون سے مر جائے وہ بھی شہید ہے۔