کتاب 42: باب مَنْ لَمْ يَرْقِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5751
عبداللہ بن محمد جعفی نے مجھ سے بیان کیا کہ ہشام (بن یوسف) نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہمیں خبر دی ، معمر نے زہری سے، زہری نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ نبی ﷺ اس بیماری میں کہ جس میں آپؐ کی وفات ہوئی اپنے تئیں معوذات پڑھ کر پھونکتے تھے۔ جب آپؐ کی بیماری شدت اختیار کر گئی تو میں آپؐ پر یہ سورتیں پڑھ کر پھونکا کرتی تھی اور آپؐ کا ہی ہاتھ آپؐ کے بدن پر پھیرتی کہ اس کی برکت ہو۔ میں نے ابن شہاب سے پوچھا: آپؐ کیسے پھونکتے تھے؟ انہوں نے کہا: آپؐ اپنے دونوں ہاتھوں پر پھونکتے پھر ان کو اپنے چہرے پر پھیرتے۔
صحیح بخاری 5752
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ حصین بن نمیر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حصین بن عبدالرحمٰن سے، انہوں نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ ایک دن ہمارے پاس باہر آئے۔ فرمایا: میرے سامنے اُمتیں پیش کی گئیں ایک ایسا نبی گزرتا جس کے ساتھ ایک ہی آدمی ہوتا۔ کسی نبی کے ساتھ دو آدمی اور کوئی نبی ایسا ہوتا کہ اس کے ساتھ ایک جماعت ہوتی اور کوئی نبی ایسا ہوتا کہ اس کے ساتھ کوئی بھی نہ ہوتا اور میں نے ایک بہت بڑی جماعت دیکھی جس نے افق کو ڈھانپ دیا تھا۔ میں نے خواہش کی کہ یہ میری امت ہو۔ مجھ سے کہا گیا: یہ موسیٰؑ اور ان کی قوم ہے۔ پھر مجھ سے کہا گیا: دیکھو تو میں نے بہت بڑی جماعت دیکھی جس نے اُفق کو ڈھانپا ہوا تھا۔ مجھ سے کہا گیا: اِدھر دیکھو اور اُدھر دیکھو۔ میں نے بہت بڑی جماعت دیکھی جس نے آفاق کو ڈھانپ دیا تھا مجھ سے کہا گیا یہ سب تیری اُمت ہے اور ان میں سے ستر ہزار آدمی ایسے ہیں کہ جو بغیر حساب کے جنت میں داخل ہوں گے۔ پھر لوگ منتشر ہوگئے اور آپؐ نے ان کو یہ کھول کر نہ بتایا۔ نبی ﷺ کے اصحاب آپس میں بات چیت کرنے لگے۔ اُنہوں نے کہا: ہم شرک میں ہی پیدا ہوئے تھے لیکن ہم نے اللہ اور اس کے رسول کو مان لیا ہے۔ ان (مذکورہ) لوگوں سے ہماری اولادیں مراد ہیں۔ نبی ﷺ کو اس کی خبر پہنچی آپؐ نے فرمایا: یہ وہ لوگ ہیں جو نہ شگون لیتے ہیں، اور نہ ہی داغ لگواتے ہیں اور نہ جنتر منتر کرواتے ہیں اور وہ اپنے ربّ پر توکل رکھتے ہیں۔ یہ سن کر حضرت عکاشہ بن محصنؓ اُٹھے اور کہنے لگے: یا رسول اللہ ! آیا میں بھی ان میں سے ہوں؟ آپؐ نے فرمایا، ہاں ایک دوسرا شخص اُٹھا اور کہنے لگا: کیا میں بھی اُن میں سے ہوں؟ آپؐ نے فرمایا : عکاشہؓ اس میں تم پر سبقت لے گیا۔