کتاب 49: باب هَلْ يَسْتَخْرِجُ السِّحْرَ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5765
عبداللہ بن محمد (مسندی) نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا میں نے ابن عیینہ سے سنا وہ کہتے تھے: پہلے جس نے ہم سے جادو کی حدیث بیان کی وہ ابن جریج تھے وہ کہتے تھے: مجھ سے عروہ کی اولاد نے عروہ سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ پھر میں نے ہشام (بن عروہ) سے اس کے متعلق پوچھا تو انہوں نے ہمیں اپنے باپ سے روایت کرتے ہوئے بتایا کہ وہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کرتے تھے۔ وہ بیان کرتی تھیں کہ رسول اللہ ﷺ پر جادو کیا گیا یہاں تک کہ آپؐ سمجھتے کہ آپؐ اپنی عورتوں کے پاس ہو آئے ہیں حالانکہ ان کے پاس نہیں آئے تھے۔ سفیان (بن عیینہ) کہتے تھے: یہ تو بہت ہی سخت جادو ہے اگر ایسا ہی تھا۔ آپؐ نے فرمایا: عائشہؓ کیا تمہیں معلوم ہے ہوا کہ میں نے جو بات اللہ سے پوچھی تھی اس نے مجھے وہ بتلا دی ہے۔ میرے پاس دو شخص آئے۔ ان میں سے ایک میرے سرہانے بیٹھا دوسرا پائنتی کی طرف۔ جو شخص میرے سرہانے بیٹھا تھا اس نے دوسرے سے کہا: اس آدمی کو کیا ہوا ہے؟ اس نے کہا: اس کو جادو کیا گیا ہے۔ اس نے پوچھا: کس نے جادو کیا ہے؟ اس نے جواب دیا۔ لبید بن اعصم نے جو بنو زریق قبیلے کا ایک شخص ہے جو یہود کا حلیف ہے وہ منافق تھا۔ اس نے پوچھا: کس چیز میں جادو کیا ہے؟ اس نے جواب دیا: کنگھی اور سوت میں۔ اس نے پوچھا: یہ کہاں ہے؟ اس نے کہا کہ نَر کھجور کے خوشے کے غلاف میں ذروان کنویں میں ایک پتھر کے نیچے۔ حضرت عائشہؓ بیان کرتی ہیں: اس پر نبی ﷺ اس کنویں پر گئے اور اس کو نکالا۔ آپؐ نے فرمایا: یہ وہ کنواں ہے جو مجھ کو دکھلایا گیا تھا۔ اس کا ایسا پانی تھا جیسے مہندی کا پانی اور وہاں کی کھجوروں کے درخت ایسے تھے جیسے سانپوں کے پھن۔ عروہ نے کہا: کیا پھر وہ جادو نکالا گیا؟ حضرت عائشہؓ نے کہا میں نے آپؐ سے پوچھا: آپؐ نے جادو کیوں نہیں کھلوایا؟ آپؐ نے فرمایا: اب تو بخدا مجھے اللہ نے شفا دے دی ہے اور میں برا مناتا ہوں کہ میں لوگوں میں سے کسی کے بر خلاف شر بھڑکاؤں۔