کتاب 50: باب السِّحْرِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5766
عبید بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ابو اُسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام (بن عروہ) سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہؓ سے، وہ بیان کرتی تھیں: نبی ﷺ پر جادو کیا گیا یہاں تک کہ آپؐ کو یہ خیال ہوتا تھا کہ آپؐ کوئی کام کر رہے ہیں حالانکہ آپؐ نے وہ کیا نہ ہوتا۔ ایک دن جب کہ آپؐ میرے پاس تھے۔ آپؐ نے اللہ سے بہت بہت دعا کی پھر فرمایا: عائشہؓ کیا تمہیں معلوم ہوا کہ اللہ نے جو میں نے اس سے دریافت کیا تھا اس کے متعلق مجھے بتلایا ہے؟ میں نے کہا: یا رسول اللہ! وہ کیا ہے؟ آپؐ نے فرمایا: میرے پاس دو آدمی آئے ان میں سے ایک میرے سرہانے بیٹھ گیا اور دوسرا میرے پائنتی۔ پھر اُن میں سے ایک نے اپنے ساتھی سے کہا: اس شخص کو کیا بیماری ہے؟ اس کا ساتھی یوں بولا: اسے جادو کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھی نے کہا: اس کو کس نے جادو کیا ہے؟ جواب دیا: لبید بن اعصم یہودی نے جو بنی زریق قبیلے سے ہے۔ پوچھا: کس میں جادو کیا ہے؟ اس نے کہا: کنگھی اور کنگھی کے بالوں میں اور نر کھجور کے خوشے کے غلاف میں۔ پوچھا: یہ کہاں ہے؟ اس نے کہا: ذی اروان کنویں میں۔ عروہ کہتے تھے: نبی ﷺ اپنے صحابہ میں سے کچھ آدمیوں سمیت اس کنوئیں پر گئے اور اس کو دیکھا اور وہاں کھجوروں کے درخت تھے۔ پھر حضرت عائشہؓ کے پاس لوٹ آئے اور فرمانے لگے: اللہ کی قسم! اس کا پانی ایسا تھا جیسے مہندی کا پانی اور وہاں کے درخت ایسے تھے جیسے سانپوں کے پھن۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ نے اس کو نکال دیا؟ فرمایا: نہیں مجھے جب خدا نے تندرست کر دیا ہے اور شفا دے دی ہے اور مجھے خدشہ تھا کہ میں اس وجہ سے لوگوں کے برخلاف کسی شر کو نہ بھڑکا دوں۔ آپؐ نے اس کنوئیں کے متعلق حکم دیا اور وہ دفنا دیا گیا۔