کتاب 53: باب لاَ هَامَةَ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5770
عبداللہ بن محمد (مسندی) نے مجھے بتایا کہ ہشام بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ معمر نے ہمیں بتایا، معمر نے زہری سے، زہری نے ابو سلمہ (بن عبدالرحمٰن بن عوف) سے، ابوسلمہ نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: نہ تو کوئی متعدی بیماری ہوتی ہے اور نہ صفر کا مہینہ منحوس ہے اور نہ کوئی ایسا اُلو ہے جس میں مردے کی روح نے جنم لیا ہو۔ یہ سن کر ایک اعرابی نے کہا: یا رسول اللہ ! پھر ان اونٹوں کو کیا ہوجاتا ہے کہ ریگستان میں ایسے ہوتے ہیں جیسے کہ ہرن اتنے میں ان میں ایک خارش زدہ اونٹ آملتا ہے اور ان سب کو خارش زدہ کر دیتا ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: پھر پہلے اونٹ کو کس نے چھو کر بیمار کیا تھا۔
صحیح بخاری 5771
اور اسی سند سے ابو سلمہ (بن عبدالرحمٰن) سے مروی ہے کہ انہوں نے حضرت ابوہریرہؓ سے سنا وہ اس کے بعد کہتے تھے نبی ﷺ نے فرمایا: کسی تندرست اونٹ کے پاس بیمار اونٹ نہ لایا جائے اور حضرت ابوہریرہؓ نے پہلی حدیث کا انکار کیا۔ ہم نے کہا: کیا آپؓ نے نہیں بتایا تھا کہ چھوت سے کوئی بیماری نہیں ہوتی؟ پھر وہ حبشی (زبان) بولنے لگے۔ ابو سلمہ کہتے تھے میں نے حضرت ابوہریرہؓ کو نہیں دیکھا کہ وہ اس کے سوا کوئی اور حدیث بھولے ہوں۔