کتاب 54: باب لاَ عَدْوَى
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5772
سعید بن عفیر نے ہم سے بیان کیا، کہا: (عبداللہ) بن وہب نے مجھے بتایا۔ انہوں نے یونس (بن یزید) سے، یونس نے ابن شہاب سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: سالم بن عبداللہ اور حمزہ نے مجھے خبر دی کہ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے کہا رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: نہ تو چھونے سے کوئی بیماری ہوتی ہے نہ بدشگونی کوئی چیز ہے۔ نحوست تین چیزوں میں ہے۔ گھوڑے، عورت اور گھر میں۔
صحیح بخاری 5773
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے کہا مجھے ابو سلمہ بن عبدالرحمٰن (بن عوف) نے بتایا کہ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ فرماتے تھے: چھوت سے کوئی بیماری نہیں ہوتی۔
صحیح بخاری 5774
ابو سلمہ بن عبدالرحمٰن نے کہا: میں نے حضرت ابو ہریرہؓ سے سنا وہ نبی ﷺ سے روایت کرتے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: بیمار اونٹ کو تندرست اونٹ کے پاس نہ لاؤ۔
صحیح بخاری 5775
اور اسی سند سے زہری سے مروی ہے انہوں نے کہا: مجھے سنان بن ابی سنان دُؤَلی نے بتایا کہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: چھوت سے کوئی بیماری نہیں۔ یہ سن کر ایک اعرابی کھڑا ہوا اور کہنے لگا۔ آپؐ نے اونٹوں کو دیکھا ہے کہ ریگستان میں ہرنوں کی طرح ہوتے ہیں تو ان میں ایک خارشی اونٹ آ جاتا ہے۔ پھر وہ سب خارشی ہو جاتے ہیں۔ نبی ﷺ نے فرمایا: پہلے کو کس نے چھو کر بیمار کیا تھا۔
صحیح بخاری 5776
محمد بن بشار نے مجھ سے بیان کیا کہ محمد بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ شعبہ (بن حجاج) نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے کہا: میں نے قتادہ سے سنا۔ قتادہ نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ حضرت انسؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: چھونے سے کوئی بیماری نہیں ہوتی اور نہ بدشگونی کوئی حقیقت رکھتی ہے اور مجھے فال اچھا لگتا ہے۔ لوگوں نے پوچھا: فال کیا ہوتا ہے؟ فرمایا: اچھی بات۔