کتاب 57: باب أَلْبَانِ الأُتُنِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5780
عبداللہ بن محمد (مسندی) نے مجھ سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے ابوادریس خولانی (عائذ اللہ) سے، خولانی نے حضرت ابوثعلبہ خشنی رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے درندوں میں سے ہر کچلی والے جانور کے کھانے سے منع فرمایا۔ زہری نے کہا: میں نے یہ حدیث اس وقت تک نہیں سنی جب تک شام میں نہیں آگیا۔
صحیح بخاری 5781
اور لیث (بن سعد) نے اپنی روایت میں اتنا زیادہ بیان کیا۔ (اُنہوں نے کہا:) مجھے یونس نے ابن شہاب سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ انہوں نے کہا: میں نے ان سے پوچھا: کیا ہم گدھی کے دودھ سے وضو کر لیں یا اس کو پئیں، یا درندہ کے پتہ کا پانی یا اونٹ کا پیشاب پئیں؟ پس کہا کہ مسلمان ان سے علاج کیا کرتے تھے اور اس میں کوئی حرج نہیں سمجھتے تھے۔ گدھی کے دودھ کے متعلق ہمیں یہ خبر پہنچی ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے اس کے گوشت سے منع فرمایا ہے اور اس کے دودھ پینے یا نہ پینے کے متعلق ہمیں کوئی خبر نہیں پہنچی اور جو درندے کا پتا ہے تو ابن شہاب نے کہا: مجھے ابوادریس خولانی نے بتایا کہ حضرت ابوثعلبہ خشنیؓ نے ان کو بتایا کہ رسول اللہ ﷺ نے ہر کچلی والے درندے کے کھانے سے منع کیا ہے۔