کتاب 9: باب جَيْبِ الْقَمِيصِ مِنْ عِنْدِ الصَّدْرِ وَغَيْرِهِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5797
عبداللہ بن محمد (مسندی) نے ہمیں بتایا کہ ابوعامر نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم بن نافع نے ہمیں بتایا۔ ابراہیم نے حسن (بن مسلم) سے، حسن نے طاؤس سے، طاؤس نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے بخیل اور صدقہ دینے والے کی مثال بیان کی جیسے دو شخص ہیں انہوں نے لوہے کے دو چوغے پہنے ہوئے ہیں جنہوں نے ان کے ہاتھوں کو ان کی چھاتی اور ہنسلی سے جکڑ رکھا ہے تو سخی جب کبھی خیرات کرتا ہے تو وہ چوغا اس پر کشادہ ہوتا جاتا ہے یہاں تک کہ وہ اس کے ہاتھوں کی انگلیوں کو ڈھانپ لیتا ہے اور (اتنا لمبا ہوجاتا ہے کہ) اس کے پاؤں کے نشانوں کو پیچھے سے مٹاتا جاتا ہے اور بخیل جب کبھی صدقہ کرنے کا ارادہ کرتا ہے تو وہ کرتہ اور بھی سکڑ جاتا ہے اور ہر حلقہ اپنی جگہ پر ہی چمٹ جاتا ہے۔ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ کو دیکھا آپؐ اپنے گریبان میں اپنی انگلی سے اشارہ کرتے ہوئے فرماتے تھے: کاش تم اس کو دیکھو کہ وہ اس کو کشادہ کرتا ہے اور وہ کشادہ نہیں ہوتا۔ (حسن بن مسلم کی طرح) ابن طاؤس نے بھی اپنے باپ سے اس حدیث کو روایت کیا اور ابوزناد نے اعرج سے اس کو روایت کیا۔ اس میں بھی جُبَّتَان کا لفظ ہے اور حنظلہ (بن ابی سفیان) نے کہا: میں نے طاؤس سے سنا۔ (طاؤس نے کہا:) میں نے حضرت ابوہریرہؓ سے سنا وہ جُبَّتَان ہی کہتے تھے اور جعفر بن ربیعہ نے اعرج سے جُنَّتَانِ کا لفظ نقل کیا یعنی دو زِرہیں۔