کتاب 16: باب التَّقَنُّعِ

صحیح بخاری

صحیح بخاری 5807

حَدَّثَنَا إِبْرَاهِيمُ بْنُ مُوسَى أَخْبَرَنَا هِشَامٌ عَنْ مَعْمَرٍ عَنِ الزُّهْرِيِّ عَنْ عُرْوَةَ عَنْ عَائِشَةَ ـ رضى الله عنها ـ قَالَتْ هَاجَرَ إِلَى الْحَبَشَةِ نَاسٌ مِنَ الْمُسْلِمِينَ وَتَجَهَّزَ أَبُو بَكْرٍ مُهَاجِرًا فَقَالَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم " عَلَى رِسْلِكَ فَإِنِّي أَرْجُو أَنْ يُؤْذَنَ لِي ". فَقَالَ أَبُو بَكْرٍ أَوَ تَرْجُوهُ بِأَبِي أَنْتَ قَالَ " نَعَمْ ". فَحَبَسَ أَبُو بَكْرٍ نَفْسَهُ عَلَى النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم لِصُحْبَتِهِ وَعَلَفَ رَاحِلَتَيْنِ كَانَتَا عِنْدَهُ وَرَقَ السَّمُرِ أَرْبَعَةَ أَشْهُرٍ.
قَالَ عُرْوَةُ قَالَتْ عَائِشَةُ فَبَيْنَا نَحْنُ يَوْمًا جُلُوسٌ فِي بَيْتِنَا فِي نَحْرِ الظَّهِيرَةِ فَقَالَ قَائِلٌ لأَبِي بَكْرٍ هَذَا رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم مُقْبِلاً مُتَقَنِّعًا فِي سَاعَةٍ لَمْ يَكُنْ يَأْتِينَا فِيهَا. قَالَ أَبُو بَكْرٍ فِدًا لَهُ بِأَبِي وَأُمِّي وَاللَّهِ إِنْ جَاءَ بِهِ فِي هَذِهِ السَّاعَةِ إِلاَّ لأَمْرٍ. فَجَاءَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم فَاسْتَأْذَنَ فَأَذِنَ لَهُ فَدَخَلَ فَقَالَ حِينَ دَخَلَ لأَبِي بَكْرٍ " أَخْرِجْ مَنْ عِنْدَكَ ". قَالَ إِنَّمَا هُمْ أَهْلُكَ بِأَبِي أَنْتَ يَا رَسُولَ اللَّهِ. قَالَ " فَإِنِّي قَدْ أُذِنَ لِي فِي الْخُرُوجِ ". قَالَ فَالصُّحْبَةُ بِأَبِي أَنْتَ يَا رَسُولَ اللَّهِ. قَالَ " نَعَمْ ". قَالَ فَخُذْ بِأَبِي أَنْتَ يَا رَسُولَ اللَّهِ إِحْدَى رَاحِلَتَىَّ هَاتَيْنِ. قَالَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم " بِالثَّمَنِ ". قَالَتْ فَجَهَّزْنَاهُمَا أَحَثَّ الْجِهَازِ وَضَعْنَا لَهُمَا سُفْرَةً فِي جِرَابٍ فَقَطَعَتْ أَسْمَاءُ بِنْتُ أَبِي بَكْرٍ قِطْعَةً مِنْ نِطَاقِهَا فَأَوْكَتْ بِهِ الْجِرَابَ وَلِذَلِكَ كَانَتْ تُسَمَّى ذَاتَ النِّطَاقِ
ثُمَّ لَحِقَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم وَأَبُو بَكْرٍ بِغَارٍ فِي جَبَلٍ يُقَالُ لَهُ ثَوْرٌ فَمَكُثَ فِيهِ ثَلاَثَ لَيَالٍ يَبِيتُ عِنْدَهُمَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ أَبِي بَكْرٍ وَهْوَ غُلاَمٌ شَابٌّ لَقِنٌ ثَقِفٌ فَيَرْحَلُ مِنْ عِنْدِهِمَا سَحَرًا فَيُصْبِحُ مَعَ قُرَيْشٍ بِمَكَّةَ كَبَائِتٍ فَلاَ يَسْمَعُ أَمْرًا يُكَادَانِ بِهِ إِلاَّ وَعَاهُ حَتَّى يَأْتِيَهُمَا بِخَبَرِ ذَلِكَ حِينَ يَخْتَلِطُ الظَّلاَمُ وَيَرْعَى عَلَيْهِمَا عَامِرُ بْنُ فُهَيْرَةَ مَوْلَى أَبِي بَكْرٍ مِنْحَةً مِنْ غَنَمٍ فَيُرِيحُهَا عَلَيْهِمَا حِينَ تَذْهَبُ سَاعَةٌ مِنَ الْعِشَاءِ فَيَبِيتَانِ فِي رِسْلِهَا حَتَّى يَنْعِقَ بِهَا عَامِرُ بْنُ فُهَيْرَةَ بِغَلَسٍ يَفْعَلُ ذَلِكَ كُلَّ لَيْلَةٍ مِنْ تِلْكَ اللَّيَالِي الثَّلاَثِ.

ابراہیم بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام (بن یوسف) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے معمر سے، معمر نے زہری سے، زہری نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ آپؓ فرماتی تھیں: حبشہ کی طرف کچھ مسلمان ہجرت کر گئے تھے اور حضرت ابوبکرؓ نے بھی ہجرت کرنے کے لئے تیاری کی۔ نبی ﷺ نے فرمایا: ٹھہر جاؤ کیونکہ میں بھی امید رکھتا ہوں کہ مجھے اجازت مل جائے گی۔ حضرت ابوبکرؓ نے کہا: میرے ماں باپ آپؐ پر قربان۔ کیا آپؐ بھی امید رکھتے ہیں؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں۔ اس لئے حضرت ابوبکرؓ نے نبی ﷺ کی خاطر اپنے آپ کو روکے رکھا کہ آپؐ کے ساتھ ہی جائیں اور دو اونٹنیوں کو جو اُن کے پاس تھیں چار ماہ تک ببول کے پتے کھلاتے رہے۔

عروہ نے کہا: حضرت عائشہؓ فرماتی تھیں: ایک دن ہم عین دوپہر کے وقت اپنے گھر میں بیٹھے ہوئے تھے تو ایک کہنے والے نے حضرت ابوبکرؓ سے کہا کہ رسول اللہ ﷺ اپنا سر منہ ڈھانکے ہوئے اس وقت چلے آرہے ہیں کہ آپؐ اس وقت عموماً ہمارے پاس آیا نہیں کرتے تھے۔ حضرت ابوبکرؓ نے کہا: میرے ماں باپ آپؐ پر قربان ہوں۔ اللہ کی قسم آپؓ اس وقت کسی ضروری کام کے لئے ہی آئے ہیں۔ نبی ﷺ آ پہنچے اور اندر آنے کی اجازت مانگی۔ حضرت ابوبکرؓ نے آپؐ کو اجازت دی۔ آپؐ اندر آئے۔ حضرت ابوبکرؓ سے فرمانے لگے: جو لوگ آپ کے پاس ہیں انہیں باہر بھیج دیں۔ حضرت ابوبکرؓ نے کہا: یہ آپؐ ہی کے گھر والے ہیں یا رسول اللہ میرا باپ آپؐ پر قربان۔ آپؐ نے فرمایا: مجھے تو (یہاں سے) نکلنے کی اجازت مل گئی ہے۔ حضرت ابوبکرؓ نے کہا: یا رسول اللہ میرا باپ آپؐ پر قربان، اکٹھے ہی جائیں گے؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں۔ حضرت ابوبکرؓ نے کہا: یا رسول اللہ! میرا باپ آپؐ پر قربان آپؐ میری ان دو سواریوں میں سے ایک لے لیں۔ نبی ﷺ نے فرمایا: قیمتاً۔ حضرت عائشہؓ بیان کرتی تھیں: ہم نے ان دونوں کے لیے سفر کا سامان جو جلدی سے جلدی تیار ہو سکتا تھا تیار کر لیا۔ ہم نے ان کا زاد راہ ایک تھیلے میں رکھ دیا۔ اسماءؓ بنت ابی بکرؓ نے اپنے کمر بند سے ایک ٹکڑا پھاڑ کر اس سے تھیلے کو باندھ دیا۔ اسی لئے ان کو ذات النطاقین کہا جاتا تھا۔

پھر نبی ﷺ اور حضرت ابوبکرؓ پہاڑ کی ایک غار میں جا پہنچے جسے ثور کہا جاتا تھا اور اس میں تین راتیں ٹھہرے رہے۔ حضرت عبداللہ بن ابی بکرؓ ان دونوں کے پاس جاکر رات رہتے اور وہ جوان، ہوشیار، ذہین و فہیم لڑکے تھے اور سحری کے وقت ہی ان کے پاس سے چلے آتے اور صبح کو مکہ میں قریش کے ساتھ ہوتے جیسے کہ وہیں رات رہے ہیں تو وہ جو تدبیر بھی سنتے جو ان دونوں کے متعلق کی جاتی تو وہ اس کو اچھی طرح یاد رکھتے اور جب اندھیرا چھا جاتا تو وہ آ کر ان کو اس تدبیر کی اطلاع دیتے۔ اور حضرت ابوبکرؓ کے غلام عامر بن فہیرہؓ ان کے پاس اپنی بکریوں میں سے دودھ والی بکری چراتے ہوئے لے جاتے جب عشاء سے کچھ گھڑی گزر جاتی تو وہ اس کو ان کے پاس لے آتے اور وہ اس کا تازہ دودھ پی کر رات گزارتے پھر ابھی رات کا اندھیرا ہی ہوتا کہ عامر بن فہیرہؓ ان کو ہُش ہُش کرتے ہوئے لے آتے۔ وہ ان تین راتوں میں ہر روز ایسا ہی کرتے تھے۔

10 von 10 heute frei