کتاب 18: باب الْبُرُودِ وَالْحِبَرَةِ وَالشَّمْلَةِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5809
اسماعیل بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا، کہا کہ مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے اسحاق بن عبداللہ بن ابی طلحہ سے، اسحاق نے حضرت انس بن مالکؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں رسول اللہ ﷺ کے ساتھ چل رہا تھا اور آپؐ نجران کی چادر پہنے ہوئے تھے جس کا حاشیہ موٹا تھا اتنے میں ایک اعرابی آپؐ سے ملا اور اُس نے آپؐ کی چادر پکڑ کر زور سے کھینچا۔ یہاں تک کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کے گردن کے اس حصے کو دیکھا جو کندھے کی طرف ہوتی ہے اس کے زور سے کھینچنے کی وجہ سے اس چادر کے حاشیہ نے نشان ڈال دیا تھا۔ (کھینچ کر) کہنے لگا: محمدؐ! مجھے اللہ کے اس مال سے دینے کیلئے حکم دو جو تمہارے پاس ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے اس کو مڑ کر دیکھا اور آپؐ ہنس پڑے پھر آپؐ نے اس کو کچھ دینے کا حکم دیا۔
صحیح بخاری 5810
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ یعقوب بن عبد الرحمٰن نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو حازم (سلمہ بن دینار) سے، ابو حازم نے حضرت سہل بن سعدؓ (ساعدی) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ایک عورت ایک چادر لائی۔ حضرت سہلؓ نے ابو حازم سے پوچھا: کیا تم جانتے ہو کہ وہ چادر کیسی تھی؟ انہوں نے کہا: ہاں وہ ایک اوڑھنے کی چادر تھی جس کے کناروں پر حاشیہ بُنَا ہوا تھا۔ وہ عورت کہنے لگی: یا رسول اللہ! میں نے یہ اپنے ہاتھ سے بُنی ہے تاکہ میں اسے آپ کو پہناؤں۔ رسول اللہ ﷺ نے اس کو لے لیا آپؐ کو اس کی ضرورت تھی۔ رسول اللہ ﷺ ہمارے پاس باہر آئے اور وہی چادر آپؐ کا تہ بند تھی۔ لوگوں میں سے ایک شخص نے ہاتھ لگا کر دیکھا اور کہنے لگا: یا رسول اللہ! یہ مجھے پہننے کے لئے دیجئے۔ آپؐ نے فرمایا: ٹھیک ہے۔ پھر جتنی دیر اللہ نے چاہا آپؐ مجلس میں بیٹھے رہے۔ پھر آپؐ واپس گئے اور تہ کرکے اس کو بھیج دی، لوگوں نے اسے کہا: تم نے اچھا نہیں کیا تم نے آنحضرت ﷺ سے چادر مانگی اور تم جانتے تھے کہ آپؐ کسی سائل کو رد نہیں کرتے۔ وہ شخص بولا: اللہ کی قسم! میں نے تو اس کو محض اس لئے مانگا ہے کہ یہ جس دن میری وفات ہو، یہ میرا کفن ہو۔ حضرت سہلؓ کہتے تھے: پھر وہ چادر اس کا کفن ہوئی۔
صحیح بخاری 5811
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ انہوں نے کہا: مجھ سے سعید بن مسیب نے بیان کیا کہ حضرت ابوہریرہؓ کہتے تھے کہ میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا آپؐ فرماتے تھے: میری امت میں سے ستر ہزار لوگ جنت میں داخل ہوں گے۔ ان کے چہرے چاند کی طرح چمکتے ہوں گے۔ یہ سن کر حضرت عکاشہ بن محصن اسدیؓ اپنی چادر اٹھاتے ہوئے کھڑے ہوئے، کہنے لگے: یا رسول اللہ! میرے لئے بھی دعا کریں کہ وہ مجھے ان میں شامل کر دے۔ آپؐ نے فرمایا: اے اللہ! اس کو بھی انہی میں سے کر دے۔ پھر انصار میں سے ایک شخص کھڑا ہوا، کہنے لگا: میرے لیے بھی دعا کریں کہ وہ مجھے بھی اُن میں شامل کر دے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: عکاشہؓ تم پر سبقت لے گیا۔
صحیح بخاری 5812
عمرو بن عاصم نے ہم سے بیان کیا کہ ہمام (بن یحيٰ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انسؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت انسؓ سے پوچھا: نبی ﷺ کو کون سے کپڑے بہت پسند تھے؟ انہوں نے کہا: یمنی چادر۔
صحیح بخاری 5813
عبداللہ بن ابی الاسود نے مجھے بتایا کہ معاذ (دستوائی) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میرے باپ نے مجھے بتایا ، ان کے باپ نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: کپڑوں میں سے نبی ﷺ کو یمنی چادر پہننا بہت پسند تھی۔
صحیح بخاری 5814
ابوالیمان نے مجھ سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے کہا مجھے ابو سلمہ بن عبدالرحمٰن بن عوف نے بتایا کہ نبی ﷺ کی زوجہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے ان کو بتایا کہ رسول اللہ ﷺ کی جب وفات ہوئی تو ایک یمنی چادر آپؐ پر ڈال دی گئی۔