کتاب 25: باب لُبْسِ الْحَرِيرِ، وَافْتِرَاشِهِ لِلرِّجَالِ، وَقَدْرِ مَا يَجُوزُ مِنْهُ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5828
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا کہ قتادہ نے ہم سے بیان کیا قتادہ نے کہا: میں نے ابوعثمان نہدی سے سنا۔ انہوں نے کہا: ہمارے پاس حضرت عمرؓ کا خط آیا اور ہم اس وقت حضرت عتبہ بن فرقدؓ کے ساتھ آذربائیجان میں تھے کہ رسول اللہ ﷺ نے ریشمی کپڑا پہننے سے منع فرمایا مگر اتنا اور آپؐ نے دونوں انگلیوں سے جو انگوٹھے کے قریب ہیں اشارہ فرمایا۔ ابوعثمان نہدی نے کہا: جہاں تک ہمیں علم ہوا ہے آپؐ کی اس سے مراد بیل بوٹے حاشیہ وغیرہ ہے۔
صحیح بخاری 5829
احمد بن یونس نے ہمیں بتایا۔ زہیر (بن معاویہ) نے ہم سے بیان کیا کہ عاصم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو عثمان سے روایت کی، انہوں نے کہا: حضرت عمرؓ نے ہمیں لکھا اور ہم اس وقت آذربائیجان میں تھے کہ نبی ﷺ نے ریشمی کپڑا پہننے سے منع فرمایا ہے مگر اتنا اور نبی ﷺ نے اپنی دو انگلیاں سیدھی ملا کر ہمیں بتایا اور زُہَیر نے درمیانی انگلی اور شہادت کی انگلی کو اٹھایا۔
صحیح بخاری 5830
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے (سلیمان) تیمی سے، تیمی نے ابوعثمان (نہدی) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم حضرت عتبہؓ کے ساتھ تھے تو حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے ان کو لکھا کہ نبی ﷺ نے فرمایا: دنیا میں صرف وہی ریشمی کپڑا پہنے گا جس نے آخرت میں اس کو نہ پہننا ہو۔ حسن بن عمر نے ہم سے بیان کیا کہ معتمر نے ہمیں بتایا۔ میرے باپ نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعثمان نے ہمیں یہی حدیث بتائی اور ابوعثمان نے اپنی دو انگلیوں سے اشارہ کیا یعنی شہادت کی انگلی اور درمیانی انگلی سے۔
صحیح بخاری 5831
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حکم (بن عتیبہ) سے، حکم نے (عبدالرحمٰن) بن ابی لیلیٰ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت حذیفہؓ مدائن میں تھے۔ انہوں نے پانی مانگا تو ایک دہقان چاندی کے ایک برتن میں پانی ان کے پاس لایا۔ انہوں نے وہ برتن اس پر پھینک دیا اور کہنے لگے کہ میں نے صرف اس لیے پھینکا ہے کہ میں نے اس کو منع کیا اور وہ باز نہیں آیا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: سونا، چاندی، حریر اور دیباج یہ دنیا میں ان کے لئے ہیں اور آخرت میں تمہارے لئے۔
صحیح بخاری 5832
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ عبدالعزیز بن صہیب نے ہم سے بیان کیا۔ عبدالعزیز نے کہا: میں نے حضرت انس بن مالکؓ سے سنا۔ شعبہ کہتے تھے: میں نے (عبدالعزیز سے) پوچھا: کیا حضرت انسؓ نے یہ نبی ﷺ سے روایت کی ہے؟ تو عبدالعزیز نے زور دے کر کہا کہ ہاں نبی ﷺ سے ہی روایت کی ہے آپؐ نے فرمایا: جس نے دنیا میں ریشمی کپڑا پہنا تو وہ اس کو آخرت میں ہرگز نہیں پہنے گا۔
صحیح بخاری 5833
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ثابت سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت (عبداللہ) بن زبیرؓ سے سنا وہ لوگوں سے مخاطب ہو کر یہ کہہ رہے تھے کہ محمد ﷺ نے فرمایا: جس نے دنیا میں ریشم پہنا وہ اس کو آخرت میں نہیں پہنے گا۔
صحیح بخاری 5834
علی بن جعد نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے ابو ذبیان خلیفہ بن کعب سے روایت کی۔ ابو ذبیان نے کہا: میں نے حضرت (عبداللہ) بن زبیرؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے حضرت عمرؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ نے فرمایا: جس نے دنیا میں ریشم پہنا وہ آخرت میں اس کو نہیں پہنے گا اور ہم سے ابو معمر نے کہا کہ ہمیں عبدالوارث نے یزید (ضبعی) سے روایت کرتے ہوئے بتایا کہ معاذہ (بنت عبداللہ عدویہ) کہتی تھیں کہ مجھے امّ عمرو بنت عبداللہ (بن زبیر) نے بتایا کہ (وہ کہتی تھیں:) میں نے حضرت عبداللہ بن زبیرؓ سے سنا۔ انہوں نے حضرت عمرؓ سے سنا۔ حضرت عمرؓ نے نبی ﷺ سے سنا۔
صحیح بخاری 5835
محمد بن بشار نے مجھے بتایا کہ عثمان بن عمر نے ہم سے بیان کیا کہ علی بن مبارک نے ہمیں بتایا۔ علی نے یحيٰ بن ابی کثیر سے، یحيٰ نے عمران بن حطان سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت عائشہؓ سے ریشمی کپڑے کے متعلق پوچھا۔ انہوں نے کہا: ابن عباسؓ کے پاس جاؤ اور ان سے پوچھو۔ عمران کہتے تھے: میں نے ان سے پوچھا۔ وہ کہنے لگے: حضرت ابن عمرؓ سے پوچھو۔ عمران کہتے تھے: میں نے حضرت ابن عمرؓ سے پوچھا۔ انہوں نے کہا: مجھے ابو حفص یعنی حضرت عمر بن خطابؓ نے بتایا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: دنیا میں ریشم صرف وہی پہنتا ہے جس کا آخرت میں کوئی حصہ نہیں۔ (عمران کہتے تھے:) میں نے (یہ حدیث سن کر) کہا: ابو حفصؓ نے سچ کہا۔ انہوں نے رسول اللہ ﷺ پر جھوٹ نہیں کہا۔ اور عبداللہ بن رجاء نے کہا: ہمیں حرب نے بتایا۔ انہوں نے یحيٰ (بن ابی کثیر) سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا:) عمران (بن حطان) نے مجھ سے بیان کیا اور پھر انہوں نے بھی ساری حدیث نقل کی۔