کتاب 30: باب الْحَرِيرِ لِلنِّسَاءِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5840
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ نیز محمد بن بشار نے مجھے بتایا کہ غندر نے ہم سے بیان کیا۔ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے عبدالملک بن میسرہ سے، عبدالملک نے زید بن وہب سے، زید نے حضرت علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے مجھے ایک ریشمی جوڑا جس میں زرد دھاریاں تھیں پہننے کے لئے دیا۔ میں اس کو پہن کر نکلا تو میں نے آپؐ کے چہرے پر ناراضی دیکھی۔ پھر میں نے اس کو پھاڑ کر اپنی عورتوں میں تقسیم کر دیا۔
صحیح بخاری 5841
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: جویریہ نے مجھ سے بیان کیا۔ جویریہ نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمر ؓ سے روایت کی کہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے ایک زرد دھاری دار ریشمی جوڑا بکتے دیکھا کہنے لگے: یا رسول اللہ! اگر آپؐ اس کو خرید لیں جب وفود آپؐ کے پاس آئیں تو ان کے لئے اور جمعہ کے دن اسے پہنا کریں۔ آپؐ نے فرمایا: یہ تو وہی پہنتا ہے جس کے لئے کوئی بھلائی نہیں اور یہ کہ نبی ﷺ نے اس کے بعد حضرت عمر ؓ کو زرد دھاری دار ریشمی جوڑا بھیجا۔ حضرت عمر ؓ نے کہا: آپؐ نے مجھے یہ پہننے کے لئے دیا ہے؟ حالانکہ میں آپؐ سے سن چکا ہوں کہ آپؐ اس کے متعلق وہ رائے رکھتے ہیں جو آپؐ بتلا چکے ہیں؟ آپؐ نے فرمایا: میں نے یہ تمہیں اس لئے بھیجا تھا کہ تم اسے بیچو یا یہ (کسی کو) پہناؤ۔
صحیح بخاری 5842
ابو الیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے کہا: مجھے حضرت انس بن مالکؓ نے بتایا کہ انہوں نے حضرت اُمّ کلثوم علیہا السلام کو جو رسول اللہ ﷺ کی بیٹی تھیں زرد دھاری دار ریشمی جوڑا پہنے ہوئے دیکھا۔