کتاب 50: باب نَقْشِ الْخَاتَمِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5872
عبدالاعلیٰ (بن حماد) نے ہمیں بتایا کہ یزید بن زُرَیع نے ہم سے بیان کیا کہ سعید (بن ابی عروبہ) نے ہمیں بتایا۔ سعید نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی اللہ ﷺ نے ایک جماعت کو یا (کہا کہ) چند لوگوں کو جو عجم کے تھے خط لکھوانے چاہے تو آپؐ سے کہا گیا کہ وہ کوئی ایسا خط قبول نہیں کرتے جس پر مہر نہ ہو۔ نبی ﷺ نے چاندی کی انگوٹھی بنوائی۔ اس پر یہ نقش تھا: محمد رسول اللہ۔ (مجھے یہ ایسا یاد ہے) کہ گویا کہ میں اب بھی اس انگوٹھی کی چمک کو دیکھ رہا ہوں جو نبی ﷺ کی انگلی میں تھی یا (کہا) آپؐ کے ہاتھ میں تھی۔
صحیح بخاری 5873
محمد بن سلام (بیکندی) نے مجھ سے بیان کیا کہ عبد اللہ بن نمیر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبید اللہ (عمری) سے، عبید اللہ نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے چاندی کی ایک انگوٹھی بنوائی اور وہ آپؐ کے ہاتھ میں رہی۔ پھر آپؐ کے بعد حضرت ابوبکرؓ کے ہاتھ میں رہی۔ پھر ان کے بعد حضرت عمرؓ کے ہاتھ میں۔ پھر ان کے بعد حضرت عثمانؓ کے ہاتھ میں رہی۔ آخر وہ انگوٹھی أریس کے کنوئیں میں گر پڑی۔ اس پر محمد رسول اللہ کندہ تھا۔