کتاب 55: باب هَلْ يُجْعَلُ نَقْشُ الْخَاتَمِ ثَلاَثَةَ أَسْطُرٍ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5878
محمد بن عبداللہ انصاری نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ میرے باپ نے مجھے بتایا۔ ان کے باپ نے ثمامہ (بن عبداللہ بن انس) سے، ثمامہ نے حضرت انسؓ سے روایت کی کہ حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ جب خلیفہ ہوئے انہوں نے ان کو ایک خط لکھا اور مہر کا نقش تین سطروں میں تھا۔ محمد ایک سطر اور رسول ایک سطر اور اللہ ایک سطر۔
صحیح بخاری 5879
ابو عبد اللہ (امام بخاریؒ) نے کہا اور احمد (بن حنبل) نے اپنی سند میں اتنا اور بیان کیا کہ (محمد بن عبداللہ) انصاری نے ہم سے بیان کیا انہوں نے کہا: مجھے میرے باپ نے بتایا۔ انہوں نے ثمامہ سے، ثمامہ نے حضرت انسؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ کی انگوٹھی آپؐ کے ہاتھ میں اور آپؐ کے بعد حضرت ابوبکرؓ کے ہاتھ میں اور حضرت ابوبکرؓ کے بعد حضرت عمرؓ کے ہاتھ میں رہی۔ جب حضرت عثمانؓ خلیفہ ہوئے تو وہ أریس کے کنوئیں پر بیٹھے۔ حضرت انسؓ کہتے تھے کہ انہوں نے وہ انگوٹھی نکالی اور اس کو یونہی ادھر ادھر کرنے لگے وہ گر گئی۔ حضرت انسؓ کہتے تھے: ہم حضرت عثمانؓ کے ساتھ تین دن وہاں جاتے رہے اور کنوئیں کا پانی سارے کا سارا نکالا مگر وہ ہمیں نہ ملی۔