کتاب 66: باب مَا يُذْكَرُ فِي الشَّيْبِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5894
معلّی بن اسد نے ہم سے بیان کیا کہ وہیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب (سختیانی) سے، ایوب نے محمد بن سیرین سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت انسؓ سے پوچھا: کیا نبی ﷺ نے خضاب لگایا؟ انہوں نے کہا: آپؐ کے بال سفید نہیں ہوئے مگر تھوڑے سے۔
صحیح بخاری 5895
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ثابت سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت انسؓ سے نبی ﷺ کے خضاب لگوانے کے متعلق پوچھا گیا۔ انہوں نے کہا: یہاں تک نوبت نہیں پہنچی تھی کہ خضاب لگواتے۔ اگر میں چاہتا تو آپؐ کے وہ چند سفید بال جو آپؐ کی داڑھی میں تھے گن لیتا۔
صحیح بخاری 5896
مالک بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ اسرائیل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عثمان بن عبداللہ بن موہب سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: مجھے میرے گھر والوں نے حضرت اُم سلمہؓ کی طرف پانی کا ایک پیالہ دے کر بھیجا اور اسرائیل راوی نے تین انگلیاں بند کر لیں۔ اس پیالی میں نبی ﷺ کے بالوں میں سے کچھ بال تھے اور جب کسی انسان کو نظر لگ جاتی یا کچھ ہو جاتا تو وہ پانی کا برتن حضرت اُم سلمہؓ کے پاس بھیج دیتا۔ عثمان کہتے تھے کہ میں نے اس پیالی میں جھانک کر دیکھا تو میں نے اس میں کچھ سرخ بال دیکھے۔
صحیح بخاری 5897
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ سَلّام (بن ابی مطیع) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عثمان بن عبداللہ بن موہب سے روایت کی انہوں نے کہا: میں حضرت اُم سلمہؓ کے پاس گیا تو وہ نبی ﷺ کے بالوں میں سے کچھ بال ہمارے پاس نکال کر لائیں جو خضاب سے رنگے ہوئے تھے۔
صحیح بخاری 5898
اور ابو نعیم نے ہم سے کہا کہ نُصیر بن (ابی) الاشعث نے (عثمان بن عبد اللہ) بن موہب سے روایت کرتے ہوئے بتایا کہ حضرت اُم سلمہؓ نے ان کو نبی ﷺ کے بال دکھلائے جو سرخ رنگ کے تھے۔