کتاب 87: باب الْمُسْتَوْشِمَةِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5946
زہیر بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ جریر (بن عبدالحمید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمارہ (بن قعقاع) سے، عمارہ نے ابوزرعہ سے، ابوزرعہ نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت عمر ؓ کے پاس ایک عورت کو لایا گیا جو گودتی تھی۔ وہ کھڑے ہوئے اور کہنے لگے: میں تم سے اللہ کی قسم دے کر پوچھتا ہوں کہ کسی نے نبی ﷺ سے گودنے کے متعلق سنا ہے؟ حضرت ابوہریرہؓ کہتے تھے: (یہ سن کر) میں اٹھا اور میں نے کہا: امیر المؤمنینؓ! میں نے سنا ہے۔ انہوں نے پوچھا: تم نے کیا سنا ہے؟ حضرت ابو ہریرہؓ نے کہا: میں نے نبی ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: عورتو! نہ گودو، نہ گدواؤ۔
صحیح بخاری 5947
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ بن سعید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبیداللہ (عمری) سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا) مجھے نافع نے خبر دی۔ انہوں نے حضرت ابن عمرؓ سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ نے بالوں میں پیوند لگانے والی اور لگوانے والی کو اور گودنے والی اور گدوانے والی کو لعنتی قرار دیا ہے۔
صحیح بخاری 5948
محمد بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرحمٰن (بن مہدی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سفیان (ثوری) سے، سفیان نے منصور سے، منصور نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے علقمہ سے، علقمہ نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ نے گودنے والیوں اور گدوانے والیوں کو اور چہرے کے روئیں نکالنے والیوں اور دانتوں کو خوبصورتی کے لئے کشادہ کرنے والیوں کو جو اللہ کی پیدائش میں تبدیلی کرتی ہیں اپنی رحمت سے دور کیا ہے۔ مجھے کیا ہے کہ میں ان کو لعنتی قرار نہ دوں جن کو رسول اللہ ﷺ نے لعنتی قرار دیا جب کہ یہ حکم کتاب اللہ میں بھی ہے۔