کتاب 92: باب مَنْ كَرِهَ الْقُعُودَ عَلَى الصُّورَةِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5957
حجاج بن منہال نے ہم سے بیان کیا کہ جویریہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے قاسم (بن محمد) سے، قاسم نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ انہوں نے ایک گدا خریدا جس میں تصویریں تھیں۔ نبی ﷺ دیکھ کر دروازے پر کھڑے ہوئے، اندر نہیں آئے۔ میں نے کہا: میں اللہ کے حضور توبہ کرتی ہوں اس سے جو قصور میں نے کیا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: یہ گدا کیا ہے؟ میں نے کہا: اس لئے تا آپؐ اس پر بیٹھیں اس پر تکیہ لگائیں۔ آپؐ نے فرمایا: جن لوگوں نے یہ مورتیاں بنائی ہیں انہیں قیامت کے دن سزا دی جائے گی۔ انہیں کہا جائے گا: جو تم نے بنایا ہے ان میں جان ڈالو اور ملائکہ اس گھر میں داخل نہیں ہوتے جس میں مورت ہو۔
صحیح بخاری 5958
وَقَالَ ابْنُ وَهْبٍ أَخْبَرَنَا عَمْرٌو ـ هُوَ ابْنُ الْحَارِثِ ـ حَدَّثَهُ بُكَيْرٌ حَدَّثَهُ بُسْرٌ حَدَّثَهُ زَيْدٌ حَدَّثَهُ أَبُو طَلْحَةَ عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم.
قتیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے بکیر (بن عبداللہ بن اشج) سے، بکیر نے بُسر بن سعید سے، بُسر نے زید بن خالد سے، زید نے حضرت ابوطلحہؓ سے جو رسول اللہ ﷺ کے صحابی تھے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ملائکہ اس گھر میں داخل نہیں ہوتے جس میں مورت ہو۔ بُسر نے کہا: اس کے بعد زید بیمار ہوئے اور ہم ان کی عیادت کو گئے تو کیا دیکھا کہ ان کے دروازے پر ایک پردہ ہے جس میں مورت ہے۔ میں نے عبید اللہ (بن اسود) خولانی جو نبی ﷺ کی زوجہ حضرت میمونؓہ کے ربیب تھے، سے کہا: کیا زید نے ہمیں پہلے ان مورتوں کے متعلق نہیں بتایا تھا؟ عبید اللہ نے کہا: کیا تم نے ان سے نہیں سنا جب انہوں نے کہا: مگر ایسا نقش جو کپڑے میں ہو ؟
اور (عبداللہ) بن وہب نے کہا کہ ہمیں عمرو نے جو کہ حارث کے بیٹے ہیں بتایا کہ بکیر نے ان سے بیان کیا کہ بُسر نے ان سے بیان کیا کہ زید نے ان کو بتایا کہ حضرت ابوطلحہؓ نے ان سے بیان کیا۔ انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی۔