کتاب 5: باب إِجَابَةِ دُعَاءِ مَنْ بَرَّ وَالِدَيْهِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5974
سعید بن ابی مریم نے ہم سے بیان کیا، کہا: اسماعیل بن ابراہیم بن عقبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: نافع نے مجھے خبر دی۔ نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے، حضرت ابن عمرؓ نے رسول اللہ ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: ایک بار تین شخص اکٹھے چلے جا رہے تھے کہ ان کو بارش نے آ لیا۔ وہ راستہ چھوڑ کر پہاڑ کی ایک غار میں چلے گئے تو اُن کی غار کے منہ پر پہاڑ سے ایک پتھر آ گرا۔ اس (پتھر) نے اُن پر (غار) بند کر دی تو وہ ایک دوسرے سے کہنے لگے: ایسے نیک عملوں میں غور کرو جو تم نے اللہ کے لئے کئے ہوں اور ان کے وسیلے سے اللہ سے دعا کرو، شاید وہ اس پتھر کو ہٹا دے۔ اِس پر اُن میں سے ایک نے یوں دعا کی: اے میرے اللہ! میرے بہت ہی بوڑھے ماں باپ تھے اور میرے چھوٹے چھوٹے بچے بھی تھے۔ میں اُن کے لئے بکریاں چرایا کرتا تھا۔ جب شام کو اُن کے پاس آتا تو میں دودھ دوہ کر پہلے اپنے والدین سے شروع کرتا، ان کو اپنے بچوں سے پہلے دودھ پلاتا، اور ایک دن ایسا ہوا کہ مجھے درخت چرانے کے لئے دُور جانا پڑا۔ میں اس وقت آیا کہ شام ہو چکی تھی۔ میں نے اُن کو سوئے ہوئے پایا۔ میں نے دودھ دوہا جیسا کہ دوہا کرتا تھا اور دوہا ہوا دودھ لا کر اُن کے سرہانے کھڑا ہوگیا۔ میں ناپسند کرتا تھا کہ اُن کو اُن کی نیند سے جگاؤں اور یہ بھی ناپسند کرتا تھا کہ اُن سے پہلے بچوں کو دوں حالانکہ بچے میرے پاؤں کے پاس بلبلا رہے تھے۔ میری اور ان کی یہی حالت رہی یہاں تک کہ صبح ہو گئی۔ پس اگر تُو جانتا ہے کہ میں نے یہ کام تیری رضا مندی کے لئے کیا تھا تو ہمارے لئے اس پتھر کو کچھ ہٹا کہ ہم اس سے آسمان تو دیکھیں۔ چنانچہ اللہ نے ان کے لئے تھوڑا سا پتھر ہٹا دیا اور وہ اس سے آسمان دیکھنے لگے۔ اور دوسرے نے یوں دعا کی: اے اللہ! میری ایک چچا کی بیٹی تھی جس سے میں محبت رکھتا تھا، ایسی سخت محبت جو مرد عورتوں سے رکھتے ہیں۔ میں نے اس کو ورغلانا چاہا اور اُس نے نہ مانا جب تک کہ میں اس کو ایک سو اشرفی نہ لادوں۔ میں نے محنت مزدوری کرکے ایک سو اشرفیاں اکٹھی کیں اور ان کو لے کر اُس سے ملا۔ جب میں اس کی دونوں ٹانگوں کے درمیان بیٹھا تو وہ کہنے لگی: اللہ کے بندے! اللہ سے ڈرو اور یہ مُہر جائز طریق کے بغیر نہ کھولو۔ یہ سنتے ہی میں اس سے الگ ہوکر ایک طرف کھڑا ہوگیا۔ اے اللہ! اگر تو جانتا ہے کہ میں نے یہ کام تیری رضا مندی کی خاطر کیا تھا تو اس پتھر کو ہمارے لئے ہٹا دے۔ چنانچہ اللہ نے وہ پتھر کچھ اور ہٹا دیا۔ اور دوسرے نے کہا: اے اللہ! میں نے ایک مزدور ایک فرق چاول کے معاوضے میں مزدوری پر لگایا تھا۔ جب وہ اپنا کام کر چکا کہنے لگا: میرا حق مجھے دو تو میں نے اُس کا حق اُس کے سامنے پیش کیا۔ وہ اس کو چھوڑ گیا اور اس نے اسے منظور نہ کیا تو میں ان چاولوں کو بوتا رہا یہاں تک کہ میں نے اس سے گائے، بیل اور ان کا چرواہا اکٹھے کر لئے۔ پھر وہ میرے پاس آیا اور کہنے لگا: اللہ سے ڈرو اور مجھ پر ظلم نہ کرو اور میرا حق مجھے دو۔ میں نے کہا: ان گائے، بیلوں اور اُن کے چرواہے کے پاس جا کر انہیں لے لو۔ وہ کہنے لگا: اللہ سے ڈرو اور مجھ سے ہنسی مت کرو۔ میں نے کہا: میں تم سے ہنسی نہیں کرتا۔ وہ گائے، بیل اور اُن کا چرواہا لے لو۔ اس نے ان کو لیا اور لے کر چلا گیا۔ اگر تُو جانتا ہے کہ میں نے یہ کام تیری رضا مندی کے لئے کیا تھا تو جو باقی رہتا ہے اس کو بھی کھول دے۔ تو اللہ تعالیٰ نے اُن سے وہ پتھر ہٹا دیا۔