کتاب 9: باب صِلَةِ الأَخِ الْمُشْرِكِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5981
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالعزیز بن مسلم نے ہمیں بتایا کہ عبداللہ بن دینار نے ہم سے بیان کیا۔ عبداللہ نے کہا: میں نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے تھے: حضرت عمرؓ نے ایک ریشمی دھاری دار جوڑا بکتے ہوئے دیکھا اور کہنے لگے: یا رسول اللہ! اسے خرید لیں اور آپؐ اس کو جمعہ کے دن پہنا کریں اور نیز اس وقت کہ جب آپؐ کے پاس نمائندے آئیں۔ آپؐ نے فرمایا: یہ تو وہی پہنتا ہے جس کے لئے کوئی بھلائی نہیں۔ پھر نبی ﷺ کے پاس اسی قسم کے کئی جوڑے آئے اور آپؐ نے حضرت عمرؓ کو بھی ایک جوڑا بھیجا۔ انہوں نے کہا: میں اسے کیسے پہنوں جبکہ آپؐ اس کے متعلق فرما چکے ہیں جو فرما چکے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: میں نے تمہیں یہ اس لئے نہیں دیا کہ تم اس کو پہنو بلکہ تم اس کو بیچو یا کسی کو پہننے کے لئے دو۔ تب حضرت عمرؓ نے وہ جوڑا اپنے ایک بھائی کو بھیج دیا جو مکہ میں رہتا تھا پیشتر اس کے کہ وہ مسلمان ہوا ہو۔