کتاب 10: باب فَضْلِ صِلَةِ الرَّحِمِ

صحیح بخاری

صحیح بخاری 5982

حَدَّثَنَا أَبُو الْوَلِيدِ حَدَّثَنَا شُعْبَةُ قَالَ أَخْبَرَنِي ابْنُ عُثْمَانَ قَالَ سَمِعْتُ مُوسَى بْنَ طَلْحَةَ عَنْ أَبِي أَيُّوبَ قَالَ قِيلَ يَا رَسُولَ اللَّهِ أَخْبِرْنِي بِعَمَلٍ يُدْخِلُنِي الْجَنَّةَ.

ابوالولید نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: مجھے (عمرو) ابن عثمان نے بتایا، کہا: میں نے موسیٰ بن طلحہ سے سنا۔ موسیٰ نے حضرت ابوایوب (انصاریؓ) سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: کسی نے کہا: یا رسول اللہ! مجھے ایسا عمل بتائیے کہ جو مجھے جنت میں داخل کرے۔

صحیح بخاری 5983

حَدَّثَنِي عَبْدُ الرَّحْمَنِ حَدَّثَنَا بَهْزٌ حَدَّثَنَا شُعْبَةُ حَدَّثَنَا ابْنُ عُثْمَانَ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ مَوْهَبٍ وَأَبُوهُ عُثْمَانُ بْنُ عَبْدِ اللَّهِ أَنَّهُمَا سَمِعَا مُوسَى بْنَ طَلْحَةَ عَنْ أَبِي أَيُّوبَ الأَنْصَارِيِّ ـ رضى الله عنه أَنَّ رَجُلاً قَالَ يَا رَسُولَ اللَّهِ أَخْبِرْنِي بِعَمَلٍ يُدْخِلُنِي الْجَنَّةَ. فَقَالَ الْقَوْمُ مَالَهُ مَالَهُ فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم " أَرَبٌ مَالَهُ ". فَقَالَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم " تَعْبُدُ اللَّهَ لاَ تُشْرِكُ بِهِ شَيْئًا وَتُقِيمُ الصَّلاَةَ وَتُؤْتِي الزَّكَاةَ وَتَصِلُ الرَّحِمَ ذَرْهَا ". قَالَ كَأَنَّهُ كَانَ عَلَى رَاحِلَتِهِ.

نیز مجھ سے عبدالرحمٰن بن بشر نے بیان کیا کہ بہز (بن اسد بصری) نے ہمیں بتایا کہ شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ (عمرو) ابن عثمان بن عبداللہ بن موھب اور ان کے باپ عثمان بن عبداللہ نے ہمیں بتایا کہ ان دونوں نے موسیٰ بن طلحہ سے سنا۔ وہ حضرت ابوایوب انصاری رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے تھے۔ ایک شخص نے کہا: یا رسول اللہ! مجھے ایسا عمل بتائیے جو مجھے جنت میں داخل کرے۔ لوگوں نے کہا: اسے کیا ہوگیا، اسے کیا ہوگیا؟ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اس کو ضرورت ہے، اس کو کیا ہوگیا؟ پھر نبی ﷺ نے فرمایا: اللہ کی عبادت کرو۔ اس کا کسی کو شریک نہ ٹھہراؤ اور نماز کو سنوار کر پڑھو اور زکوٰۃ ادا کرو اور رشتہ داروں سے نیک سلوک کرو۔ (آپؐ نے فرمایا:) اس (میری اونٹنی) کو چھوڑ دو۔ راوی کہتے ہیں: گویا آپؐ اپنی سواری پر تھے۔

10 von 10 heute frei