کتاب 22: باب وَضْعِ الصَّبِيِّ عَلَى الْفَخِذِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6003
عبداللہ بن محمد (مسندی) نے مجھے بتایا کہ عارم (محمد بن فضل) نے ہم سے بیان کیا۔ معتمر بن سلیمان نے ہمیں بتایا۔ وہ اپنے باپ سے بیان کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا: میں نے ابوتمیمہ سے سنا۔ ابوتمیمہ اپنے باپ ابوعثمان نہدی سے بیان کرتے تھے کہ ابوعثمان نے انہیں بتایا۔ انہوں نے حضرت اسامہ بن زید رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ مجھے لے کر اپنی ران پر بٹھا لیتے تھے اور حسن کو دوسری ران پر بٹھاتے۔ پھر ان دونوں کو اپنے گلے لگا لیتے اور دعا کرتے: اے اللہ! ان پر رحم کر کیونکہ میں بھی ان پر رحم کرتا ہوں۔ اور علی (بن عبداللہ مدینی) سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: یحيٰ نے ہم سے بیان کیا کہ سلیمان (تیمی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوعثمان سے روایت کی۔ تیمی نے کہا (کہ جب ابوعثمان نے مجھ سے یہ حدیث بیان کی تو) میرے دل میں اس کے متعلق کچھ شک پیدا ہوا۔ میں نے کہا: میں نے تو اس حدیث کو یوں یوں بیان کیا ہے مگر میں نے ابوعثمان سے یہ نہیں سنا۔ تو میں نے غور سے دیکھا اور اس حدیث کو اپنے پاس لکھا ہوا ویسے ہی پایا جیسے میں نے سنا۔