کتاب 35: باب الرِّفْقِ فِي الأَمْرِ كُلِّهِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6024
عبدالعزیز بن عبداللہ (اویسی) نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم بن سعد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے صالح (بن کیسان) سے، صالح نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عروہ بن زبیر سے روایت کی کہ نبی ﷺ کی زوجہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی تھیں: یہودیوں کی ایک جماعت رسول اللہ ﷺ کے پاس آئی اور انہوں نے کہا: السَّامُ عَلَيْكُمْ۔ حضرت عائشہؓ کہتی تھیں: میں ان کی یہ بات سمجھ گئی۔ میں نے کہا: وَعَلَيْكُمُ السَّامُ وَاللَّعْنَةُ۔ کہتی تھیں: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: عائشہ! ٹھہرو۔ اللہ ہر معاملے میں نرمی پسند کرتا ہے۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ نے نہیں سنا جو انہوں نے کہا ہے؟ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: میں جواب دے چکا ہوں وَعَلَيْكُمْ۔
صحیح بخاری 6025
عبداللہ بن عبدالوہاب نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ثابت سے، ثابت نے حضرت انس بن مالکؓ سے روایت کی کہ ایک گنوار نے مسجد میں پیشاب کر دیا۔ لوگ اُٹھ کر اُس کی طرف لپکے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اس کا پیشاب مت روکو۔ پھر آپؐ نے پانی کا ایک ڈول منگوایا اور وہاں ڈال دیا گیا۔