کتاب 38: باب لَمْ يَكُنِ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم فَاحِشًا وَلاَ مُتَفَحِّشًا
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6029
حفص بن عمر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سلیمان سے روایت کی۔ (کہا:) میں نے ابو وائل سے سنا۔ (ابو وائل نے کہا:) میں نے مسروق سے سنا۔ وہ کہتے تھے: حضرت عبداللہ بن عمرو (بن عاصؓ ) نے کہا۔ نیز قتیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ جریر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے شقیق بن سلمہ، شقیق نے مسروق سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم حضرت عبداللہ بن عمرؓ کے پاس آئے جب وہ معاویہ کے ساتھ کوفہ کی طرف گئے۔ انہوں نے رسول اللہ ﷺ کا ذکر کیا۔ کہنے لگے کہ آپؐ نہ بد خُلق تھے اور نہ بد زبان۔ اور کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تم میں سب سے بہتر وہی ہیں جن کے اَخلاق اچھے ہیں۔
صحیح بخاری 6030
محمد بن سلام نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوہاب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب سے، ایوب نے عبداللہ بن ابی مُلَیکہ سے، عبداللہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ یہودی نبی ﷺ کے پاس آئے اور کہنے لگے: السَّامُ عَلَيْكُمْ۔ حضرت عائشہؓ نے کہا: عَلَيْكُمْ وَلَعَنَكُمُ اللهُ وَغَضِبَ اللهُ عَلَيْكُمْ۔ آپؐ نے فرمایا: عائشہ! ٹھہرو، نرمی اختیار کرو اور سختی اور بدزبانی سے بچتی رہو۔ انہوں نے کہا: کیا آپؐ نے سنا نہیں جو انہوں نے کہا؟ آپؐ نے فرمایا: کیا تم نے نہیں سنا جو میں نے کہا؟ میں نے ان کو وہی جواب دیا۔ میری دعا ان کے متعلق قبول کی جائے گی اور اُن کی دعا میرے متعلق نہیں قبول کی جائے گی۔
صحیح بخاری 6031
اصبغ (بن فرج) نے ہم سے بیان کیا، کہا: (عبداللہ) ابن وہب نے مجھے بتایا۔ ابویحيٰ نے جو کہ فلیح بن سلیمان ہیں ہمیں خبر دی۔ ابویحيٰ نے ہلال بن اُسامہ سے، ہلال نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نہ تو گالی دیا کرتے تھے اور نہ بد خُلق تھے اور نہ ہی لعنت کیا کرتے تھے۔ ناراضگی کے اظہار کے وقت ہم میں سے کسی کو یہ فرماتے: اسے کیا ہوگیا ہے؟ اس کی پیشانی میں خاک لگے۔
صحیح بخاری 6032
عمرو بن عیسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن سواء نے ہمیں بتایا۔ روح بن قاسم نے ہم سے بیان کیا۔ روح نے محمد بن منکدر سے، ابن منکدر نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی کہ ایک شخص نے نبی ﷺ کے پاس اندر آنے کی اجازت مانگی۔ جب آپؐ نے اُس کو آتے دیکھا، آپؐ نے فرمایا: کیا ہی بُرا ہے خاندان کا بھائی اور کیا ہی بُرا ہے خاندان کا بیٹا۔ جب وہ آ کر بیٹھ گیا تو نبی ﷺ اسے خندہ پیشانی سے ملے اور اس سے کھل کر بلا تکلف باتیں کیں۔ جب وہ شخص چلا گیا تو حضرت عائشہؓ نے آپؐ سے کہا: یا رسول اللہ! جب آپؐ نے اس شخص کو دیکھا تھا تو آپؐ نے ایسا ایسا فرمایا تھا۔ پھر آپؐ اس سے خندہ پیشانی سے ملے اور اس سے کھل کر بے تکلفی سے باتیں کیں۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: عائشہؓ! تم نے مجھے کب بد اخلاق دیکھا تھا؟ قیامت کے روز اللہ کے نزدیک بد ترین لوگ وہ ہوں گے جن کو لوگ ان کے شر سے بچنے کے لئے چھوڑ دیں گے۔