کتاب 54: باب مَا يُكْرَهُ مِنَ التَّمَادُحِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6060
محمد بن صباح نے ہم سے بیان کیا کہ اسماعیل بن زکریا نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے بُرید بن عبداللہ بن ابی بُردہ سے، بُرَید نے ابوبردہ سے، ابوبردہ نے حضرت ابوموسیٰؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے ایک شخص کو سنا کہ وہ ایک دوسرے شخص کی تعریف کر رہا ہے اور تعریف میں اس کے متعلق مبالغہ کر رہا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: تم نے ہلاک کر دیا یا (فرمایا:) آدمی کی پیٹھ تم نے توڑ ڈالی۔
صحیح بخاری 6061
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے خالد سے، خالد نے عبدالرحمٰن بن ابی بکرہ سے، عبدالرحمٰن نے اپنے باپ سے روایت کی کہ نبی ﷺ کے پاس ایک شخص کا ذکر کیا گیا تو ایک شخص نے اس کی اچھی تعریف کی۔ نبی ﷺ نے فرمایا: تم پر افسوس! تم نے اپنے ساتھی کی گردن کاٹ ڈالی۔ آپؐ بار بار یہی فرماتے رہے۔ اگر تم میں سے کسی نے ضرور ہی تعریف کرنی ہے تو یوں کہے: میں سمجھتا ہوں کہ ایسا ایسا ہے، اگر اس کو یہ معلوم ہو کہ وہ ایسا ہے۔ اللہ اس کا حساب جاننے والا ہے اور اللہ کے نزدیک کسی کو پاک و صاف نہ ٹھہرائے۔ وُہَیب نے خالد سے روایت کرتے ہوئے (وَیْحَکَ کی بجائے) وَیْلَکَ نقل کیا ہے۔