کتاب 56: بَابُ قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى: {إِنَّ اللَّهَ يَأْمُرُ بِالْعَدْلِ وَالإِحْسَانِ وَإِيتَاءِ ذِي الْقُرْبَى وَيَنْهَى عَنِ الْفَحْشَاءِ وَالْمُنْكَرِ وَالْبَغْيِ يَعِظُكُمْ لَعَلَّكُمْ تَذَكَّرُونَ}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6063
حمیدی نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ ہشام بن عروہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ بیان کرتی تھیں: نبی ﷺ اتنے اتنے دنوں تک اس حال میں رہے کہ آپؐ کو خیال ہوتا کہ آپؐ اپنے گھر والوں کے پاس آتے ہیں حالانکہ آتے نہ تھے۔ حضرت عائشہؓ بیان کرتی تھیں: تو ایک دن آپؐ نے مجھ سے فرمایا: عائشہ! اللہ تعالیٰ نے مجھے اس بات کے متعلق بتا دیا ہے جس کے متعلق میں نے اس سے دریافت کیا تھا۔ میرے پاس دو شخص آئے۔ ان میں سے ایک میرے پاؤں کے پاس بیٹھ گیا اور دوسرا میرے سرہانے۔ اور جو میرے پاؤں کے پاس تھا اس نے اس شخص سے جو میرے سرہانے تھا پوچھا: اس شخص کو کیا ہوا ہے؟ تو اس نے کہا: اسے جادو کیا گیا ہے۔ تو اس نے پوچھا: کس نے جادو کیا؟ اس نے جواب دیا: لبید بن اعصم نے۔ پوچھا: کس میں؟ اس نے کہا: نر کھجور کے خوشے کے غلاف میں، اس میں کنگھی اور کتان کے ریشے ہیں اور ذروان کنوئیں کے ایک پتھر کے تلے رکھا ہوا ہے۔ نبی ﷺ وہاں گئے اور فرمایا: یہ وہ کنواں ہے جو مجھے دکھایا گیا ہے۔ جیسے اس کے کھجوروں کے درختوں کی چوٹیاں سانپوں کے پھن کی طرح ہیں اور جیسے اس کا پانی مہندی کے پانی کی طرح ہے۔ نبی ﷺ نے اس کے متعلق حکم دیا اور وہ نکالا گیا۔ حضرت عائشہؓ بیان کرتی تھیں: میں نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ نے یہ کیوں نہ کیا؟ یعنی آپؐ نے جادو کو کھلوایا کیوں نہیں؟ نبی ﷺ نے فرمایا: اللہ نے تو مجھے شفا دے دی ہے اور میں بھی اس بات کو ناپسند کرتا ہوں کہ لوگوں کے برخلاف شر کو بھڑکاؤں۔ حضرت عائشہؓ بیان کرتی تھیں کہ لبید بن اعصم بنو زُرَیق میں سے ایک شخص تھا جو یہودیوں کا حلیف تھا۔