کتاب 57: بَابُ مَا يُنْهَى عَنِ التَّحَاسُدِ وَالتَّدَابُرِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6064
بشر بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے ہمام بن منبہ سے، ہمام نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: دیکھنا اپنے آپ کو بدگمانی سے بچاتے رہنا کیونکہ بدگمانی نہایت ہی جھوٹی بات ہے اور ٹوہ نہ لگاتے رہو اور نہ تجسس کرو اور نہ آپس میں حسد رکھو اور نہ آپس میں بغض رکھو اور نہ ایک دوسرے کی ملاقات کو چھوڑو اور بھائی بھائی ہو کر اللہ کے بندے بن جاؤ۔
صحیح بخاری 6065
ابو الیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ نے مجھ سے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: آپس میں بغض نہ رکھو اور نہ حسد کرو اور نہ ایک دوسرے کی ملاقات کو چھوڑو اور بھائی بھائی ہو کر اللہ کے بندے بن جاؤ اور کسی مسلمان کو جائز نہیں کہ وہ اپنے بھائی کو تین دن سے زیادہ چھوڑ رکھے۔