کتاب 68: باب التَّبَسُّمِ وَالضَّحِكِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6084
حبان بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے زُہری سے، زہری نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ رفاعہ قرظیؓ نے اپنی بیوی کو طلاق دے دی اور اس کو قطعی طلاق دی۔ تو اس کے بعد عبدالرحمٰن بن زبیرؓ نے اس سے نکاح کر لیا پھر وہ نبی ﷺ کے پاس آئی اور کہنے لگی: یا رسول اللہ! وہ رفاعہؓ کے پاس تھی اور اس نے اس کو تین طلاقوں میں سے آخری طلاق بھی دے دی اور اس کے بعد عبدالرحمٰن بن زبیرؓ نے اس سے نکاح کر لیا اور بات یہ ہے کہ اللہ کی قسم یا رسول اللہ! اس کے ساتھ تو ایسا ہی ہے۔ اپنی اوڑھنی کے کنارے کو لے کر کہا: اس کنارے کی طرح ہی ہے۔ عروہ کہتے تھے: اور اس وقت حضرت ابوبکرؓ نبی ﷺ کے پاس بیٹھے تھے اور سعید بن عاص کے بیٹے (خالدؓ ) حجرے کے دروازے پر بیٹھے تھے تا انہیں اندر آنے کی اجازت دی جائے۔ یہ سن کر خالدؓ پکارنے لگے: ابوبکرؓ ابوبکرؓ ! کیا آپؓ اس کو اس بات سے ڈانتے نہیں جو وہ رسول اللہ ﷺ کے پاس کھول کر بیان کر رہی ہے؟ اور رسول اللہ ﷺ صرف مسکرائے اس سے زیادہ کچھ نہیں۔ پھر آپؐ نے فرمایا: شاید تم چاہتی ہو کہ رفاعہؓ کے پاس پھر چلی جاؤ۔ اس وقت تک نہیں جب تک کہ تم اس سے مزہ نہ اٹھاؤ اور وہ تم سے مزہ نہ اٹھائے۔
صحیح بخاری 6085
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے صالح بن کیسان سے، صالح نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عبدالحمید بن عبدالرحمٰن بن زید بن خطاب سے، عبدالحمید نے محمد بن سعد سے، انہوں نے اپنے باپ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ نے رسول اللہ ﷺ کے پاس اندر آنے کی اجازت مانگی۔ اس وقت آپؐ کے پاس قریش کی کچھ عورتیں تھیں جو آپؐ سے خرچ مانگ رہی تھیں اور آپؐ سے بہت مطالبے کر رہی تھیں۔ ان کی آوازیں آپؐ کی آواز سے زیادہ بلند تھیں۔ جب حضرت عمرؓ نے اندر آنے کی اجازت مانگی تو جلدی سے پردے میں چلی گئیں اور نبی ﷺ نے ان کو اجازت دی۔ وہ آئے اور نبی ﷺ ہنس رہے تھے۔ حضرت عمرؓ نے کہا: یا رسول اللہ! اللہ آپؐ کو ہمیشہ ہنستا رکھے، میرے ماں باپ آپؐ پر قربان۔ آپؐ نے فرمایا: مجھے ان عورتوں سے تعجب ہوا، جو (ابھی) میرے پاس تھیں۔ جب انہوں نے تمہاری آواز سنی تو جلدی سے پردہ میں چلی گئیں۔ حضرت عمرؓ نے کہا: یا رسول اللہ ! آپؐ زیادہ مستحق ہیں کہ وہ آپؐ سے جھینپیں۔ پھر وہ ان عورتوں سے مخاطب ہوئے اور کہنے لگے: اری اپنی جانوں کی دشمن ! کیا تم مجھ سے جھینپتی ہو اور رسول اللہ ﷺ سے نہیں جھینپتی۔ وہ بولیں: تم بہت اَکھڑ اور سخت مزاج ہو، رسول اللہ ﷺ ایسے نہیں۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اے ابن خطاب ! اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے، جب بھی شیطان تم سے کسی راستے پر چلتے ہوئے ملا تو ضرور ہی اس نے تمہارا راستہ چھوڑ کر کوئی اور راستہ لیا۔
صحیح بخاری 6086
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو (بن دینار) سے، عمرو نے ابوالعباس (سائب) سے، ابوالعباس نے حضرت (عبداللہ) ابن عمرؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جب رسول اللہ ﷺ طائف میں تھے تو آپؐ نے فرمایا: ہم انشاء اللہ کل لَوٹیں گے۔ رسول اللہ ﷺ کے صحابہ میں سے کچھ لوگوں نے کہا: ہم تو نہیں جائیں گے جب تک کہ اس کو فتح نہ کر لیں۔ نبی ﷺ نے فرمایا: کل صبح لڑائی شروع کردو۔ چنانچہ وہ صبح کو لڑنے کے لئے گئے اور ان سے نہایت سختی سے لڑائی کی اور انہیں بہت زخم لگے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ہم انشاء اللہ کل لَوٹ جائیں گے۔ حضرت عبداللہؓ کہتے تھے: یہ سن کر وہ سب خاموش رہے جس سے رسول اللہ ﷺ ہنس پڑے۔ حمیدی نے کہا کہ ہم سے سفیان (بن عیینہ) نے یہ سارا واقعہ بیان کیا۔
صحیح بخاری 6087
موسیٰ (بن اسماعیل) نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ ابن شہاب نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے حمید بن عبدالرحمٰن سے روایت کی کہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا: ایک شخص نبی ﷺ کے پاس آیا اور کہنے لگا: میں ہلاک ہوگیا، رمضان میں مَیں اپنی بیوی سے مباشرت کر بیٹھا۔ آپؐ نے فرمایا: ایک گردن آزاد کر دو۔ کہنے لگا: میرے پاس نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: دو مہینے لگاتار روزے رکھو۔ کہنے لگا: میں نہیں رکھ سکتا۔ آپؐ نے فرمایا: تو پھر ساٹھ مسکینوں کو کھانا کھلاؤ۔ وہ کہنے لگا: میں اس کی بھی طاقت نہیں پاتا۔ اتنے میں آپؐ کے پاس ایک ٹوکرا لایا گیا جس میں کھجوریں تھیں۔ ابراہیم نے کہا: عَرَق ٹوکرے کو کہتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: مسئلہ پوچھنے والا کہاں ہے؟ تم یہ صدقہ میں دے دو۔ کہنے لگا: کیا اُس کو جو مجھ سے زیادہ محتاج ہو؟ اللہ کی قسم! مدینہ کے دو پتھریلے میدانوں کے درمیان کوئی بھی گھر والے ایسے نہیں جو ہم سے زیادہ محتاج ہوں۔ نبی ﷺ اتنا ہنسے کہ آپؐ کے دانت ظاہر ہوگئے۔ آپؐ نے فرمایا: تب تم ہی لے لو۔
صحیح بخاری 6088
عبدالعزیز بن عبداللہ اویسی نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسحاق بن عبداللہ بن ابی طلحہ سے، اسحاق نے حضرت انس بن مالکؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں رسول اللہ ﷺ کے ساتھ ساتھ جا رہا تھا اور آپؐ پر نجرانی چادر تھی جس کا حاشیہ موٹا تھا۔ اتنے میں ایک گنوار آپؐ سے آملا اور آپؐ کی چادر کو پکڑ کر زور سے کھینچا۔ حضرت انسؓ کہتے تھے: میں نے نبی ﷺ کے گردن کے اس حصے کو دیکھا جو کندھے سے ملا ہوتا ہے۔ (دیکھا کہ) اس کے زور سے کھینچنے سے چادر کے حاشیہ نے اس پر نشان ڈال دئے تھے۔ (کھینچ کر) وہ کہنے لگا: محمدؐ! اللہ کے اس مال سے جو تمہارے پاس ہے مجھے بھی کچھ دینے کے لئے حکم دو۔ تو آپؐ نے مڑ کر اس کو دیکھا اور ہنس دئے اور پھر اس کو دینے کے لئے فرمایا۔
صحیح بخاری 6089
(محمد بن عبداللہ) ابن نمیر نے ہم سے بیان کیا کہ (عبداللہ) ابن ادریس نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسماعیل (بن ابی خالد) سے، اسماعیل نے قیس (بن ابی حازم) سے، قیس نے حضرت جریرؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جب سے میں مسلمان ہوا ہوں، نبی ﷺ نے مجھے پردہ نہیں کروایا اور جب بھی آپؐ نے دیکھا تو ضرور آپؐ مجھ سے خندہ پیشانی سے پیش آئے۔
صحیح بخاری 6090
میں نے آپؐ سے شکایت کی کہ میں گھوڑے پر جم کر نہیں بیٹھتا تو آپؐ نے میرے سینہ میں اپنا ہاتھ مارا اور فرمایا: اے اللہ! اس کو مضبوطی سے بیٹھنے کی توفیق دے اور اسے راہبر بنا، راہ راست پر چلا۔
صحیح بخاری 6091
محمد بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام (بن عروہ) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میرے باپ نے مجھے خبر دی۔ انہوں نے حضرت زینب بنت اُم سلمہؓ سے، حضرت زینبؓ نے حضرت اُم سلمہؓ سے روایت کی کہ حضرت اُم سُلیمؓ نے کہا: یا رسول اللہ! اللہ حق سے نہیں شرماتا۔ کیا عورت کے لئے بھی نہانا ضروری ہے جب اسے احتلام ہو؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں۔ جب وہ پانی دیکھے۔ یہ سن کر حضرت اُم سلمہؓ ہنس پڑیں اور کہنے لگیں: کیا عورت کو بھی احتلام ہوتا ہے؟ نبی ﷺ نے فرمایا: پھر بچے کی مشابہت اس سے کس لئے ہوتی ہے۔
صحیح بخاری 6092
یحيٰ بن سلیمان نے ہم سے بیان کیا۔ کہا: (عبداللہ) ابن وہب نے مجھے بتایا۔ عمرو (بن حارث) نے ہمیں خبر دی کہ ابوالنضر (سالم بن ابی امیہ) نے ان کو بتایا۔ انہوں نے سلیمان بن یسار سے، سلیمان نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ بیان کرتی تھیں: میں نے نبی ﷺ کو پورا ہنستے کبھی نہیں دیکھا ایسا کہ میں آپؐ کا کوا دیکھتی۔ صرف مسکرایا ہی کرتے تھے۔
صحیح بخاری 6093
محمد بن محبوب نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انسؓ سے روایت کی۔ اور خلیفہ (بن خیاط) نے مجھ سے بیان کیا کہ یزید بن زُرَیع نے ہمیں بتایا۔ سعید نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ ایک شخص جمعہ کے دن مدینہ میں نبی ﷺ کے پاس آیا اور آپؐ خطبہ دے رہے تھے۔ اس نے کہا: بارش نہیں ہوتی جس سے قحط پڑ گیا ہے اس لئے اپنے ربّ سے بارش کے لئے دعا مانگیں۔ آپؐ نے آسمان کی طرف دیکھا اور ہم اس وقت کوئی بادل نہیں دیکھتے تھے۔ آپؐ نے بارش کے لئے دعا کی۔ تو ایک کے بعد ایک بادل اٹھنے لگے۔ پھر اُن پر اتنی بارش برسی کہ مدینہ کے نالے بہنے لگے اور آئندہ جمعہ تک بارش ہوتی رہی، ہٹتی نہ تھی۔ پھر وہی شخص یا اس کے علاوہ کوئی اور اُٹھا اور نبی ﷺ لوگوں سے مخاطب تھے۔ اس نے کہا: ہم تو ڈوب گئے اس لئے اپنے ربّ سے دعا مانگیں کہ وہ ہم سے اس بارش کو روک دے۔ (یہ سن کر) آپؐ ہنس پڑے۔ پھر دعا کی: اے اللہ! (بارش) ہمارے ارد گرد برسے اور ہم پر نہ برسے، دو دفعہ یا تین دفعہ کہا۔ اتنے میں وہ بادل پھٹ کر مدینہ سے دائیں بائیں ہمارے آس پاس برسنے لگے اور مدینہ میں مطلق نہ برستے۔ اللہ ان کو اپنے نبی ﷺ کی عزت اور آپؐ کی دعا کی قبولیت دکھلا رہا تھا۔