کتاب 69: بَابُ قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى: {يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا اتَّقُوا اللَّهَ وَكُونُوا مَعَ الصَّادِقِينَ} وَمَا يُنْهَى عَنِ الْكَذِبِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6094
عثمان بن ابی شیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ جریر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے ابووائل سے، ابووائل نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے، حضرت عبداللہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: سچائی نیکی کی طرف رہنمائی کرتی ہے اور نیکی جنت کی رہنمائی کرتی ہے اور آدمی سچ بولتے بولتے صدیق ہو جاتا ہے اور جھوٹ بدکاری کی راہ دکھاتا ہے اور بدکاری دوزخ کی طرف لے جاتی ہے اور آدمی جھوٹ بولتے بولتے آخر اللہ کے نزدیک بڑا جھوٹا لکھ دیا جاتا ہے۔
صحیح بخاری 6095
(محمد) ابن سلام نے ہم سے بیان کیا کہ اسماعیل بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو سہیل نافع بن مالک بن ابی عامر سے، ابو سہیل نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: منافق کی نشانی تین باتیں ہیں۔ جب وہ بات کرے جھوٹ بولے، جب وعدہ کرے تو خلاف ورزی کرے، جب اس کے پاس امانت رکھی جائے تو خیانت کرے۔
صحیح بخاری 6096
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ جریر نے ہمیں بتایا۔ ابورجاء (عمران) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے حضرت سمرہ بن جندب رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: میں نے دو شخص دیکھے کہ وہ میرے پاس آئے ہیں۔ انہوں نے کہا: وہ شخص جس کو تم نے دیکھا کہ اس کے جبڑے چیرے جاتے ہیں تو وہ کذاب ہے جو کہ جھوٹی بات کہتا تھا جو اس سے نقل کی جاتی۔ یہاں تک کہ چاروں طرف پہنچ جاتی۔ اب اس کے ساتھ روز قیامت تک ایسا ہی کیا جاتا رہے گا۔