کتاب 71: باب الصَّبْرِ عَلَى الأَذَى
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6099
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ بن سعید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سفیان (ثوری) سے روایت کی، کہا: اعمش نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے سعید بن جبیر سے، سعید نے ابوعبدالرحمٰن سلمی سے، ابوعبدالرحمٰن نے حضرت ابوموسیٰ رضی اللہ عنہ سے، انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ سے بڑھ کر کوئی بُری بات پر جسے اس نے سنا ہو صبر کرنے والا نہیں۔ یہ (بُری بات) کہ وہ کہتے ہیں کہ اس کا ایک بیٹا ہے پھر بھی اس کے باوجود وہ ان کو تندرستی دیتا ہے اور ان کو رزق بھی دیتا ہے۔
صحیح بخاری 6100
عمر بن حفص نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا۔ اعمش نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے شقیق سے سنا۔ وہ کہتے تھے: حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) نے کہا: نبی ﷺ نے کچھ مال تقسیم کیا ویسے ہی جیسا کہ آپؐ تقسیم کیا کرتے تھے تو انصار میں سے ایک شخص نے کہا: اللہ کی قسم یہ تو ایسی تقسیم ہے کہ اس سے اللہ کی رضا مندی نہیں چاہی گئی۔ میں نے کہا: میں تو یہ بات نبی ﷺ سے ضرور کہوں گا۔ چنانچہ میں آپؐ کے پاس آیا اور آپؐ اپنے صحابہ میں بیٹھے تھے۔ میں نے آپؐ سے چپکے سے یہ بات کہی۔ نبی ﷺ کو یہ بات بہت شاق گزری اور آپؐ کا چہرہ متغیر ہو گیا اور رنجیدہ ہوئے۔ آپؐ کو ایسا رنج پہنچا کہ میں نے آرزو کی کاش کہ میں نے آپؐ کو نہ بتایا ہوتا۔ پھر آپؐ نے فرمایا: موسیٰؑ کو بھی اس سے زیادہ ستایا گیا اور انہوں نے صبر کیا۔