کتاب 74: باب مَنْ لَمْ يَرَ إِكْفَارَ مَنْ قَالَ ذَلِكَ مُتَأَوِّلاً أَوْ جَاهِلاً
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6106
محمد بن عبادہ نے ہم سے بیان کیا کہ یزید نے ہمیں بتایا۔ سلیم (بن حیان) نے ہمیں خبر دی۔ عمرو بن دینار نے ہمیں بتایا۔ حضرت جابر بن عبداللہؓ نے ہم سے بیان کیا کہ حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ نبی ﷺ کے ساتھ نماز پڑھا کرتے تھے۔ پھر اپنی قوم میں آ کر ان کو نماز پڑھاتے۔ ایک دفعہ (ان کو نماز پڑھاتے ہوئے) سورۂ بقرہ پڑھی۔ (حضرت جابرؓ) کہتے تھے: ایک شخص نے جماعت سے الگ ہو کر مختصر سی نماز پڑھ لی۔ حضرت معاذؓ کو یہ علم ہوا تو انہوں نے کہا کہ وہ منافق ہے۔ اس شخص کو یہ خبر پہنچی تو وہ نبی ﷺ کے پاس آیا اور کہنے لگا: یا رسول اللہ! ہم ایسے لوگ ہیں کہ جو اپنے ہاتھوں سے محنت کرتے ہیں اور اپنے اونٹوں پر پانی لاتے ہیں۔ اور حضرت معاذؓ نے ہمیں گزشتہ رات نماز پڑھائی تو انہوں نے سورۂ بقرہ پڑھی۔ میں نے الگ (مختصر سی نماز) پڑھی اور حضرت معاذؓ نے کہا: میں منافق ہوں۔ نبی ﷺ نے تین بار فرمایا: معاذ! کیا تم ابتلاء میں ڈالنے والے ہو؟ وَالشَّمْسِ وَضُحٰىهَا اور سَبِّحِ اسْمَ رَبِّكَ الْاَعْلَى اور ایسی سورتیں پڑھا کرو۔
صحیح بخاری 6107
اسحاق (بن راہویہ) نے مجھ سے بیان کیا کہ ابوالمغیرہ (عبدالقدوس بن حجاج) نے ہمیں بتایا۔ اوزاعی نے ہم سے بیان کیا کہ زُہری نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حُمَید سے، حُمَید نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس نے تم میں سے قسم کھائی اور اپنی قسم میں لات اور عزیٰ کا نام لیا۔ پھر چاہیئے کہ وہ لَا إِلَهَ إِلَّا اللهُ کا اقرار کرے اور جس نے اپنے ساتھی سے کہا: آؤ میں تم سے جؤا کھیلوں تو وہ صدقہ دے۔
صحیح بخاری 6108
قتیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ وہ حضرت عمر بن خطاب ؓ سے ایک قافلے میں جاتے ہوئے ملے اور وہ اپنے باپ کی قسم کھا رہے تھے۔ رسول اللہ ﷺ نے پکار کر فرمایا: دیکھو اللہ نے تمہیں اپنے باپ دادا کی قسمیں کھانے سے منع فرمایا ہے۔ جس نے قسم کھانی ہو تو چاہیئے کہ وہ اللہ کی قسم کھائے ورنہ خاموش رہے۔