کتاب 75: بَابُ مَا يَجُوزُ مِنَ الْغَضَبِ وَالشِّدَّةِ لأَمْرِ اللَّهِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6109
یسرہ بن صفوان نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے، زہری نے قاسم (بن محمد) سے، قاسم نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ آپؓ فرماتی تھیں: میرے پاس رسول اللہ ﷺ تشریف لائے اور گھر میں ایک پردہ تھا جس میں کچھ صورتیں تھیں۔ انہیں دیکھ کر آپؐ کا چہرہ متغیر ہوگیا۔ پھر آپؐ نے پردہ کو لیا اور اس کو پھاڑ ڈالا۔ وہ بیان کرتی تھیں: نبی ﷺ نے فرمایا: قیامت کے روز جن لوگوں کو سخت سزا دی جائے گی اُن میں سے وہ بھی ہیں جو یہ صورتیں بناتے ہیں۔
صحیح بخاری 6110
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسماعیل بن ابی خالد سے روایت کی۔ قیس بن ابی حازم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حضرت ابومسعود (انصاری) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ کے پاس ایک شخص آیا اور کہنے لگا: میں صبح کی نماز فلاں شخص کی وجہ سے دیر کرکے پڑھتا ہوں کیونکہ وہ ہمیں لمبی نماز پڑھاتا ہے۔ (حضرت ابومسعودؓ) کہتے تھے: میں نے رسول اللہ ﷺ کو کبھی کسی وعظ پر اتنا غصے میں نہیں دیکھا جتنا اس دن۔ کہتے تھے آپؐ نے فرمایا: اے لوگو! تم میں سے کچھ نفرت دلانے والے ہیں اس لئے جو بھی تم میں سے لوگوں کو نماز پڑھائے تو چاہیئے کہ وہ مختصر پڑھائے کیونکہ ان میں بیمار بھی اور بوڑھے بھی اور حاجت مند بھی ہوتے ہیں۔
صحیح بخاری 6111
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ جویریہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ایک بار نبی ﷺ نماز پڑھ رہے تھے کہ اتنے میں آپؐ نے مسجد کے قبلے میں ایک رینٹھ دیکھا۔ آپؐ نے اس کو اپنے ہاتھ سے کھرچ ڈالا۔ آپؐ ناراض ہوئے اور فرمایا: تم میں سے کوئی جب نماز میں ہوتا ہے تو اللہ اس کے سامنے ہوتا ہے اس لئے وہ نماز میں اپنے منہ کے سامنے ہرگز نہ تھوکے۔
صحیح بخاری 6112
محمد (بن سلام) نے ہم سے بیان کیا کہ اسماعیل بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ ربیعہ بن ابی عبدالرحمٰن نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے منبعث کے غلام یزید سے، یزید نے حضرت زید بن خالد جہنیؓ سے روایت کی کہ ایک شخص نے رسول اللہ ﷺ سے گری پڑی چیز کے متعلق پوچھا آپؐ نے فرمایا: اس کو ایک برس تک شناخت کراؤ۔ اور پھر اس کا بندھن اور اس کا تھیلا پہچان رکھو اور اسے خرچ کر لو۔ اگر تو اُس کا مالک آگیا تو اُسے وہ ادا کر دو۔ اس نے کہا: یا رسول اللہ! بھولی بھٹکی بکری جو ہو؟ آپؐ نے فرمایا: اس کو لے لو کیونکہ وہ یا تمہارے لئے ہے یا تمہارے بھائی کے لئے یا بھیڑیے کے لئے۔ کہنے لگا: یا رسول اللہ! بھولا بھٹکا اونٹ جو ہو؟ حضرت زیدؓ کہتے تھے: یہ سن کر رسول اللہ ﷺ کو اتنا غصہ آیا کہ آپؐ کے دونوں رخسار سرخ ہو گئے یا (کہا) آپؐ کا چہرہ سرخ ہو گیا۔ آپؐ نے فرمایا: تمہیں اس سے کیا واسطہ؟ اس کے ساتھ اس کا جوتا اور اس کا مشکیزہ ہے جب تک کہ اس کا مالک اسے مل جائے۔
صحیح بخاری 6113
اور مکی (بن ابراہیم) نے کہا کہ ہم سے عبداللہ بن سعید نے بیان کیا۔ نیز محمد بن زیاد نے مجھ سے بیان کیا کہ محمد بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ عبداللہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا، کہا: عمر بن عبیداللہ کے غلام سالم ابونضر نے مجھے بتایا۔ انہوں نے بُسر بن سعید سے، بُسر نے حضرت زید بن ثابت رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے کھجور کی چھال یا بوریا سے ایک چھوٹا سا حجرہ بنا لیا اور رسول اللہ ﷺ باہر جاکر اس میں نماز پڑھنے لگے۔ (حضرت زیدؓ کہتے تھے:) یہ دیکھ کر لوگ بھی آپؐ کے پاس یکے بعد دیگرے آکر آپؐ کے پیچھے آپؐ کی نماز کے ساتھ نماز پڑھنے لگے۔ پھر وہ ایک رات آئے اور وقت پر پہنچے اور رسول اللہ ﷺ نے ان کے پاس آنے میں دیر کردی۔ آپؐ ان کے پاس باہر نہیں آئے تو انہوں نے اونچی آواز سے بولنا شروع کیا اور دروازے پر کنکریاں مارنے لگے۔ آپؐ ان کے پاس ناراضی میں باہر آئے اور آکر رسول اللہ ﷺ نے اُن سے فرمایا: تمہارا یہ وطیرہ ایسا ہوگیا ہے کہ میں سمجھتا ہوں کہ تم پر فرض ہوجائے گا۔ اس لئے تم اس نماز کو اپنے گھروں میں ہی پڑھا کرو کیونکہ آدمی کی بہتر نماز وہی ہے جو گھر میں پڑھی جائے سوائے اس نماز کے جو فرض کی گئی ہے۔