کتاب 76: باب الْحَذَرِ مِنَ الْغَضَبِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6114
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے سعید بن مسیب سے، سعید نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: طاقتور وہ نہیں ہے جو (اپنے مقابل کو) پچھاڑ دیا کرے۔ مضبوط وہ شخص ہے جو اپنے نفس پر غصے کے وقت قابو رکھتا ہے۔
صحیح بخاری 6115
عثمان بن ابی شیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ جریر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے عدی بن ثابت سے روایت کی۔ حضرت سلیمان بن صُرَدؓ نے ہم سے بیان کیا۔ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ کے پاس دو آدمیوں نے آپس میں گالی گلوچ کی اور ہم اس وقت آپؐ کے پاس بیٹھے ہوئے تھے۔ اور ان میں سے ایک اپنے ساتھی کو غصے میں گالی دے رہا تھا۔ اس کا چہرہ سرخ ہوگیا ہوا تھا۔ نبی ﷺ نے (دیکھ کر) فرمایا: میں ایک ایسی بات جانتا ہوں کہ اگر وہ اسے کہے تو ضرور ہی وہ غصہ اس سے جاتا رہے جو وہ محسوس کر رہا ہے۔ اگر وہ کہے کہ میں اللہ کی شیطان رجیم سے پناہ لیتا ہوں۔ لوگوں نے اس شخص سے کہا: کیا تم سنتے نہیں جو نبی ﷺ فرما رہے ہیں؟ وہ کہنے لگا: میں دیوانہ نہیں ہوں۔
صحیح بخاری 6116
یحيٰ بن یوسف نے مجھ سے بیان کیا کہ ابوبکر نے جو عیاش کے بیٹے ہیں ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو حصین (عثمان بن عاصم) سے، ابو حصین نے ابو صالح سے، ابو صالح نے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ ایک شخص نے نبی ﷺ سے کہا: آپؐ مجھے نصیحت فرمائیں۔ آپؐ نے فرمایا: غصہ مت کیا کرو۔ آپؐ نے بار بار اس کو دہرایا۔ فرمایا: غصہ مت کرو۔