کتاب 77: باب الْحَيَاءِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6117
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے ابوالسوار عدوی (حسان بن حریث) سے روایت کی۔ ابوالسوار نے کہا: میں نے حضرت عمران بن حصینؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ نے فرمایا: حیا بھلائی ہی لاتی ہے۔ بُشیر بن کعب نے یہ سن کر کہا: حکمت کی کتابوں میں لکھا ہوا ہے کہ حیا سے ہی وقار ہوتا ہے اور حیا سے ہی سکینت حاصل ہوتی ہے۔ حضرت عمرانؓ نے ان سے کہا: میں تمہیں رسول اللہ ﷺ سے روایت کرتے ہوئے بات بتا رہا ہوں اور تم اپنی کتاب سے مجھے بتا رہے ہو۔
صحیح بخاری 6118
احمد بن یونس نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالعزیز بن ابی سلمہ نے ہمیں بتایا۔ ابن شہاب نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے سالم سے، سالم نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ ایک شخص کے پاس سے گزرے اور وہ حیا کی وجہ سے اپنے بھائی سے ناراضی کا اظہار کر رہا تھا۔ کہہ رہا تھا: تم اتنی شرم کرتے ہو یہاں تک کہ - گویا وہ کہہ رہا تھا - اس نے تمہیں نقصان پہنچایا ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے سن کر فرمایا: اسے رہنے دو کیونکہ حیاء بھی ایمان سے ہی ہوتی ہے۔
صحیح بخاری 6119
علی بن جعد نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انسؓ کے غلام سے روایت کی۔ ابوعبداللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: ان کا نام عبداللہ بن ابی عتبہ تھا۔ میں نے حضرت ابوسعیدؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے کہ نبی ﷺ اس کنواری لڑکی سے بھی زیادہ شرم کیا کرتے تھے جو اپنے پردے میں رہتی ہے۔