کتاب 79: باب مَا لاَ يُسْتَحْيَا مِنَ الْحَقِّ لِلتَّفَقُّهِ فِي الدِّينِ

صحیح بخاری

صحیح بخاری 6121

حَدَّثَنَا إِسْمَاعِيلُ قَالَ حَدَّثَنِي مَالِكٌ عَنْ هِشَامِ بْنِ عُرْوَةَ عَنْ أَبِيهِ عَنْ زَيْنَبَ ابْنَةِ أَبِي سَلَمَةَ عَنْ أُمِّ سَلَمَةَ ـ رضى الله عنها ـ قَالَتْ جَاءَتْ أُمُّ سُلَيْمٍ إِلَى رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فَقَالَتْ يَا رَسُولَ اللَّهِ إِنَّ اللَّهَ لاَ يَسْتَحِي مِنَ الْحَقِّ فَهَلْ عَلَى الْمَرْأَةِ غُسْلٌ إِذَا احْتَلَمَتْ فَقَالَ " نَعَمْ إِذَا رَأَتِ الْمَاءَ ".

اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے اپنے باپ سے، انہوں نے حضرت زینب بنت ابی سلمہؓ سے، حضرت زینبؓ نے حضرت اُم سلمہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ آپؓ فرماتی تھیں: اُمّ سُلیمؓ رسول اللہ ﷺ کے پاس آئیں اور کہنے لگیں: یا رسول اللہ! اللہ حق بات سے نہیں شرماتا۔ کیا عورت کے لئے بھی نہانا ضروری ہے اگر اسے احتلام ہو؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں، جب پانی دیکھے۔

صحیح بخاری 6122

حَدَّثَنَا آدَمُ حَدَّثَنَا شُعْبَةُ حَدَّثَنَا مُحَارِبُ بْنُ دِثَارٍ قَالَ سَمِعْتُ ابْنَ عُمَرَ يَقُولُ قَالَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم " مَثَلُ الْمُؤْمِنِ كَمَثَلِ شَجَرَةٍ خَضْرَاءَ لاَ يَسْقُطُ وَرَقُهَا وَلاَ يَتَحَاتُّ ". فَقَالَ الْقَوْمُ هِيَ شَجَرَةُ كَذَا. هِيَ شَجَرَةُ كَذَا فَأَرَدْتُ أَنْ أَقُولَ هِيَ النَّخْلَةُ. وَأَنَا غُلاَمٌ شَابٌّ فَاسْتَحْيَيْتُ فَقَالَ " هِيَ النَّخْلَةُ ". وَعَنْ شُعْبَةَ حَدَّثَنَا خُبَيْبُ بْنُ عَبْدِ الرَّحْمَنِ عَنْ حَفْصِ بْنِ عَاصِمٍ عَنِ ابْنِ عُمَرَ مِثْلَهُ وَزَادَ فَحَدَّثْتُ بِهِ عُمَرَ فَقَالَ لَوْ كُنْتَ قُلْتَهَا لَكَانَ أَحَبَّ إِلَىَّ مِنْ كَذَا وَكَذَا.

آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ محارب بن دثار نے ہم سے بیان کیا کہ میں نے حضرت ابن عمرؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ نے فرمایا: مؤمن کی مثال ایک سرسبز درخت کی سی ہے جس کے پتے نہیں گرتے اور نہ جھڑتے ہیں۔ لوگ کہنے لگے: وہ فلاں درخت ہے، وہ فلاں درخت ہے۔ میں نے چاہا کہ کہوں وہ کھجور ہے اور چونکہ میں اس وقت نوجوان لڑکا ہی تھا اس لئے میں شرما گیا۔ آپؐ نے فرمایا: وہ کھجور کا درخت ہے۔ اور شعبہ سے (اسی سند سے) مروی ہے کہ ہمیں خبیب بن عبدالرحمٰن نے بتایا۔ انہوں نے حفص بن عاصم سے، حفص نے حضرت ابن عمرؓ سے روایت کرتے ہوئے ایسا ہی بتایا اور اس میں اتنا اور بڑھایا کہ پھر میں نے حضرت عمرؓ سے یہ بیان کیا تو انہوں نے کہا: اگر تم نے یہ کہا ہوتا تو مجھے فلاں فلاں بات سے زیادہ پیارا ہوتا۔

صحیح بخاری 6123

حَدَّثَنَا مُسَدَّدٌ حَدَّثَنَا مَرْحُومٌ سَمِعْتُ ثَابِتًا أَنَّهُ سَمِعَ أَنَسًا ـ رضى الله عنه ـ يَقُولُ جَاءَتِ امْرَأَةٌ إِلَى النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم تَعْرِضُ عَلَيْهِ نَفْسَهَا فَقَالَتْ هَلْ لَكَ حَاجَةٌ فِيَّ فَقَالَتِ ابْنَتُهُ مَا أَقَلَّ حَيَاءَهَا. فَقَالَ هِيَ خَيْرٌ مِنْكِ عَرَضَتْ عَلَى رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم نَفْسَهَا.

مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ مرحوم (بن عبدالعزیز) نے ہمیں بتایا۔ میں نے ثابت سے سنا کہ انہوں نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے کہ ایک عورت نبی ﷺ کے پاس آئی کہ اپنے تئیں آپؐ کے سامنے پیش کرے اور وہ کہنے لگی: کیا آپؐ کو میری ضرورت ہے؟ حضرت انسؓ کی بیٹی سن کر بولی: کتنی کم حیا ہے۔ (حضرت انسؓ نے) کہا: یہ تم سے اچھی ہے جس نے رسول اللہ ﷺ کے سامنے اپنے آپ کو پیش کیا۔

10 von 10 heute frei